قانون ساز کونسل کے قائم مقام چیئرمین رام بچن رائے نے آٹھ نومنتخب ارکان کو دلائی حلف


بین الاقوامی پروازوں کی بھی ملے گی سہولت چار کلومیٹر طویل ہوگا رن وے، مارچ 2027 تک مکمل ہوگا نیا ٹرمینل؛ متھلا کی ترقی کے بغیر بہار کی ترقی ممکن نہیں: سمراٹ چودھری
پٹنہ، 22 نومبر: (اے بی این ) بہار کے بنیادی ڈھانچے اور ہوابازی کے شعبے میں دربھنگہ کو ایک بڑی شناخت دلانے کی تیاری ہے۔ وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے اعلان کیا ہے کہ دربھنگہ ایئرپورٹ کا نام مہاکوی ودیاپتی کے نام پر رکھنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دربھنگہ ایئرپورٹ کا رن وے چار کلومیٹر طویل ہوگا، جو پٹنہ ایئرپورٹ کے موجودہ رن وے سے تقریباً ڈیڑھ گنا بڑا ہوگا۔ اس کی توسیع پٹنہ اور گیا جی ایئرپورٹ سے بھی بڑے پیمانے پر کی جائے گی۔ اس کے لیے زمین کے حصول کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور مستقبل میں یہاں سے بین الاقوامی پروازوں کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کی تعمیر مارچ 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔وزیراعلیٰ نے اتوار کو دربھنگہ کے ناگیندر جھا اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام کا چراغ روشن کرکے افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 346 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والی 103 ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کیا، جبکہ دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہاکوی ودیاپتی متھلا کی عظیم شناخت ہیں۔ ان کے احترام میں ان کا مجسمہ سرکاری اعزاز کے ساتھ نصب کیا جائے گا۔ انہوں نے متھلا کے تہذیبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ بہار کے اسکولوں میں پہلی سے چھٹی جماعت تک میتھلی زبان میں پڑھائی کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ماتا سیتا کے نام سے ایک یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک اور بہار میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مسلسل کام ہورہا ہے۔ دربھنگہ میں ایمس کی تعمیر کے لیے زمین کی بھرائی اور ٹینڈر کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اس سے متھلا اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ متھلا مکھانہ اور دودھ کی پیداوار کا ایک اہم مرکز ہے اور اس کی معاشی صلاحیت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ متھلا کی ترقی کے بغیر بہار کی مجموعی ترقی ممکن نہیں ہے۔ یہاں کی زبان، ثقافت اور روایات ریاست کی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ میتھلی بہار کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے، جو ہزاروں برس سے بولی جارہی ہے اور اس کا تعلق ماتا سیتا سے بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہار میں پانچ زبانیں بولی جاتی ہیں، جن میں میتھلی کو خصوصی مقام حاصل ہے۔ میں بھی اسی مٹی سے تعلق رکھتا ہوں۔ میرا ضلع مونگیر ہے، جہاں لوگ انگیکا زبان بولتے ہیں۔ میتھلی اور انگیکا زبانوں میں کافی مماثلت ہے۔ وزیراعلیٰ نے متھلا کی تہذیبی وراثت کو محفوظ رکھنے اور اس خطے کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔سمراٹ چودھری نے کہا کہ سال 2037 میں بہار اپنی تشکیل کے 125 سال مکمل کرے گا۔ اس وقت تک ریاست کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے حکومت منصوبہ بند انداز میں کام کررہی ہے۔ تعلیم، صحت، صنعت، توانائی، زراعت، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے سال 2030 تک بہار میں 30 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اسی مدت تک ایک کروڑ خاندانوں کو صنعت کار اور کاروباری بنانے کا بھی نشانہ ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق 1700 ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل کوریڈور کو عملی شکل دی گئی ہے۔ اسی طرز پر دربھنگہ میں بھی انڈسٹریل کوریڈور تیار کرنے کی سمت میں کام شروع کیا جائے گا، جس سے خطے میں صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو فروغ ملنے کی امید ہے۔پروگرام میں سڑک تعمیرات کے وزیر کمار شیلیندر، بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی، وزیر و رکن پارلیمنٹ گوپال جی ٹھاکر، دھرمی شیلا گپتا، اشوک یادو سمیت متعدد عوامی نمائندے اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
admin







