مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

17 فیصد آبادی کے باوجود سیاسی حصہ داری سے محروم انتہائی پسماندہ مسلمان

Awaz E Bihar7 منٹ کی پڑھائی

پٹنہ میں ریاست گیر اجلاس، اتحاد اور تعلیمی بیداری پر زور؛ تمام 38 اضلاع میں رابطہ مہم چلانے کا عزم

بہار میں انتہائی پسماندہ مسلم معاشرے کو سماجی، تعلیمی اور سیاسی طور پر منظم کرنے اور آبادی کے تناسب سے اس کی سیاسی حصہ داری یقینی بنانے کے لیے پٹنہ میں ریاستی سطح پر ایک اہم پہل کی گئی۔ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے سماجی کارکنان، دانشوران، ماہرین تعلیم، وکلاء، ریٹائرڈ افسران، عوامی نمائندوں اور باشعور افراد نے شرکت کرتے ہوئے معاشرے کی موجودہ صورتحال، سیاسی محرومی اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں اس بات پر خاص طور پر تشویش ظاہر کی گئی کہ تقریباً 17 فیصد آبادی ہونے کے باوجود انتہائی پسماندہ مسلمانوں کو سماجی، تعلیمی اور سیاسی میدانوں میں متناسب نمائندگی حاصل نہیں ہے۔ مقررین نے واضح کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معاشرے کو متحد کرکے اس کی اجتماعی طاقت کو منظم آواز میں تبدیل کیا جائے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انتہائی پسماندہ مسلم معاشرے کی سماجی، تعلیمی اور سیاسی صورتحال بہتر بنانے کے لیے انفرادی کوششوں کے بجائے اجتماعی قیادت، مضبوط تنظیم اور مسلسل رابطے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں بہار کے تمام 38 اضلاع میں رابطہ مہم چلانے، مختلف سماجی تنظیموں اور برادریوں کے اداروں کے درمیان تال میل قائم کرنے، تعلیم، روزگار اور سماجی بیداری کو ترجیح دینے اور نوجوانوں کو سماجی و سیاسی قیادت کے لیے تیار کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔اس کے علاوہ معاشرے کی حقیقی صورتحال کو اعداد و شمار اور مستند حقائق کی بنیاد پر سامنے لانے، سیاسی جماعتوں کے سامنے اسمبلی، قانون ساز کونسل، لوک سبھا اور راجیہ سبھا سمیت مختلف اداروں میں مناسب نمائندگی کا مطالبہ رکھنے اور مستقبل میں بھی ایسے اجلاس منعقد کرکے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اردو گورنمنٹ لائبریری کےسابق چیئرمین ارشد فیروز نے کہا کہ انتہائی پسماندہ طبقے کو بیدار کرنا ہوگا اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہے اور تمام لوگوں کو مل جل کر اس کارواں کو آگے بڑھانا ہے۔ معاشرے کے ہر فرد تک پہنچ کر اسے اپنی آبادی اور موجودہ صورتحال سے واقف کرانا ہوگا۔ انہیں بتانا ہوگا کہ آبادی میں مناسب تناسب رکھنے کے باوجود ہمارا معاشرہ سماجی، تعلیمی اور سیاسی میدانوں میں پیچھے کیوں ہے۔ ارشد فیروز نے کہا کہ اس مقصد کے لیے بہار کے تمام اضلاع میں جاکر اپنی بات لوگوں تک پہنچانی ہوگی اور انہیں اپنے حقوق کے تئیں بیدار کرنا ہوگا۔ جب تک سماج کا ہر فرد اس جدوجہد سے وابستہ نہیں ہوگا، اجتماعی مقاصد حاصل کرنا مشکل ہے۔

بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز نے کہا کہ ہم سب کو ایک ساتھ بیٹھ کر یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے کس طرح قدم بڑھانا ہوگا اس کے لئے مستقل لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا ۔ ابھی ہمارے پاس وقت بھی ہے اور سیاسی حصہ داری کی قدم بڑھانے کی ضرروت بھی ہے ہمیں ایمانداری سے اپنے بزروگوں کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔

امارت اہلِ انصار کے امیرحافظ امام الدین نے کہا کہ انتہائی پسماندہ مسلم معاشرے کی سب سے بڑی ضرورت باہمی اتحاد ہے۔ جب تک لوگ چھوٹے اختلافات، ناراضگیوں اور برادریوں کے محدود دائرے سے نکل کر ایک پلیٹ فارم پر جمع نہیں ہوں گے، ان کی اجتماعی آواز مضبوط نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے ہمیں خود آگے آنا ہوگا۔ کوئی دوسرا ہمارے معاشرے کی فکر کرنے اور ہمیں ہمارا حق دلانے نہیں آئے گا۔ انہوں نے تمام سماجی تنظیموں اور باشعور افراد سے مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہوکر کام کرناہوگا تب جاکر ہم کامیاب ہوں گے اور ہماری سیاسی پکڑ بھی مضبوط ہوگی۔

کنوینر قمر الدین بہاری نے کہا کہ انتہائی پسماندہ مسلمانوں کو اپنی سماجی طاقت کو سیاسی طاقت میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ صرف اجلاس اور گفتگو سے تبدیلی ممکن نہیں، اس کے لیے مضبوط تنظیمی ڈھانچہ تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے بہار کے تمام 38 اضلاع میں معاشرے کے لوگوں سے رابطہ قائم کرنے، ضلعی سطح پر اجلاس منعقد کرنے اور گاؤں گاؤں سماجی و سیاسی بیداری کی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کسی ایک فرد، تنظیم یا برادری کی لڑائی نہیں، بلکہ پورے انتہائی پسماندہ مسلم معاشرے کے وقار، حقوق اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جدوجہد ہے۔

اجلاس کے ناظم محمد شبیر عالم نے کہا کہ انتہائی پسماندہ مسلمانوں کی آبادی اور سیاسی حصہ داری کے درمیان بڑا فرق ہے۔ اتنی بڑی آبادی ہونے کے باوجود سیاسی اداروں اور اقتدار کے اہم عہدوں پر ان کی نمائندگی توقع کے مطابق نہیں ہے۔ سیاسی جماعتیں انتخابات کے وقت معاشرے کے لوگوں سے ووٹ تو مانگتی ہیں، لیکن جب حصہ داری اور قیادت دینے کی بات آتی ہے تو انہیں مناسب مقام نہیں دیا جاتا۔ اب اس صورتحال کو تبدیل کرنے کے لیے معاشرے کو متحد ہوکر اپنے مطالبات پیش کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ کسی کے خلاف نہیں، بلکہ جمہوری اصولوں کے تحت آبادی اور سماجی صورتحال کی بنیاد پر مناسب سیاسی نمائندگی حاصل کرنا ہے۔ اسمبلی، قانون ساز کونسل، لوک سبھا، راجیہ سبھا اور مختلف کمیشنوں و اداروں میں آبادی کے تناسب سے حصہ داری یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

پروفیسر عبد الواحد انصاری نے تعلیم کو معاشرے کی ترقی کی سب سے مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک تعلیمی معیار بہتر نہیں ہوگا اور نئی نسل کو اپنے حقوق کے تئیں بیدار نہیں کیا جائے گا، تب تک سماجی اور سیاسی پسماندگی کو ختم کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ تنظیمی مضبوطی، سماجی بیداری اور نئی قیادت کی تیاری پر بھی توجہ دینے کی ضرورت بتائی۔

موتیہاری سے آئے اشرف انصاری نے کہا کہ انتہائی پسماندہ مسلمانوں کی حقیقی صورتحال کو سمجھنے کے لیے گاؤں گاؤں اور ضلع ضلع تک پہنچنا ضروری ہے۔ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کو بیدار کیے بغیر کوئی بڑی تبدیلی ممکن نہیں۔ اس مہم کو صرف پٹنہ تک محدود رکھنے کے بجائے پورے بہار میں سماجی تحریک کی شکل دینی چاہیے۔

پروفیسر صغیر احمد نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی حقیقی شناخت اس کی تعلیمی، سماجی اور سیاسی شراکت داری سے ہوتی ہے۔ انتہائی پسماندہ مسلمانوں کو اپنی موجودہ صورتحال کا صحیح جائزہ لے کر مستقبل کے لیے واضح حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔

وسیم انصاری نے کہا کہ معاشرے کی مضبوطی کے لیے باہمی بھائی چارہ اور اتحاد بے حد ضروری ہے۔ ذات اور برادریوں میں تقسیم ہونے کے بجائے مشترکہ سماجی شناخت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ ساجد انصاری نے کہا کہ انتہائی پسماندہ مسلمانوں کو اپنے حقوق کے تئیں بیدار ہوکر سیاسی جماعتوں کے سامنے آبادی، سماجی صورتحال اور حقیقی ضروریات کی بنیاد پر سیاسی حصہ داری کا مطالبہ مضبوطی سے رکھنا چاہیے۔ انہوں نے اس مہم کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل اجلاس اور ضلعی سطح پر تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی تجویز پیش کی۔

اجلاس میں ریٹائرڈ اے ڈی ایم سراج الدین، بہار اسٹیٹ مومن کانفرنس کے صدر تنویر انصاری، معروف سماجی کارکن عرفان جامعہ والا، انجینئر اختر حسین، سیاسی حصہ داری پارٹی کے قومی صدر شرافت حسین ناز، عام آدمی پارٹی کے ضلعی صدر امیراللہ انصاری، علیم انصاری، نوشاد انصاری، غلام غوث راعین، سیف علی خان بنجارہ، ظاہر نٹ، آر جے ڈی اقلیتی سیل کے پٹنہ ضلعی صدر صلاح الدین منصوری، پھلواری شریف کے چیئرمین امیدوار منصور علی انصاری، ریٹائرڈ جج سلطان مظفر، ماسٹر احترام عالم صدیقی، عبدالجبّار (بی ای او)، ڈاکٹر رضوان، فیاض، افضل اور عظیم محمد حسین انصاری ‘ نثار اختر انصاری ‘ جلال الدین انصاری نسیم اختر ‘ عثمان حلال خور ‘ سراج الدین ‘ محمد حسین انصاری ‘ محمد علی ‘ شفیع احمد ‘ جاوید عالم ‘ عرفان علی جامعہ والا‘محمد شاہد عالم سمیت بہار کے مختلف اضلاع سے آئے متعدد معزز افراد موجود تھے۔

اجلاس کا اختتام اتحاد، بھائی چارے اور حقوق کے حصول کے لیے اجتماعی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معاشرے کو اپنی آبادی کی طاقت پہچاننی ہوگی، باہمی اختلافات کو ختم کرکے تعلیم، تنظیم، سماجی وقار اور سیاسی حصہ داری کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ اجلاس کا بنیادی پیغام یہی تھا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے اتحاد، تعلیم اور منظم اجتماعی کوشش ناگزیر ہے۔

بہار کی مزید خبریں

سب دیکھیں