پٹنہ، 13 جولائی(اے بی این ) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ کے 'سمواد آڈیٹوریم میں ’وزیر اعلیٰ بہار ہیلی ٹورازم اینڈ ایئر ٹورازم سروس اسکیم2026‘ کا آغاز کیا۔اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار اب صرف تاریخ اور عقیدے کی سرزمین نہیں ہے، بلکہ جدید سیاحت کا ایک مضبوط مرکز بننے کی سمیت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ بہار کو سیاحت کے عالمی نقشے پر قائم کرنا ہے۔ یہ اسکیم ریاست کے سیاحت کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گی اور عام شہریوں کو سستی شرحوں پر ہوائی سیاحت کی سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہار بھگوان بدھ، بھگوان مہاویر، عالمی شہرت یافتہ نالندہ یونیورسٹی اور قدیم مگدھ سلطنت جیسی عظیم تہذیبوں اور ثقافتوں کا مرکز رہا ہے ۔ ریاستی حکومت کا مقصد ان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی ورثے کے مقامات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک نئی شناخت دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو بہار کی طرف راغب کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’ بہار ہیلی ٹورازم اینڈ ایئر ٹورازم سروس اسکیم-2026‘ کے تحت ہیلی کاپٹر خدمات بڑے سیاحتی مقامات جیسے کہ پٹنہ، راجگیر، والمیکی نگر اور کیمور کے لیے دستیاب کرائی جائیں گی۔ فی ٹکٹ خاطر خواہ سرکاری سبسڈی اس سہولت کو عام لوگوں کے لیے قابل رسائی بنائے گی۔ 13 جولائی 2026 سے بکنگ شروع ہوگی اور 18 جولائی 2026 سے ہر ہفتہ اور اتوار کو باقاعدہ ہیلی کاپٹر خدمات کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت سے گزارش ہے کہ وہ ایئر ٹورازم مزید وسعت کریں، اس کے لیے نجی اسٹیک ہولڈروں کو بھی اس سے جوڑیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاحت صرف سفر کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔ ریاستی حکومت ہوم اسٹے، مقامی دستکاری، لوک ثقافت، مقامی کھانوں اور دیہی سیاحت کو فروغ دے کر ہر گاؤں میں سیاحت پر مبنی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، جس سے نوجوانوں اور مقامی باشندوں کے لیے روزگار اور خود روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کا ہر شہری ریاست کا سب سے بڑا برانڈ ایمبیسیڈر ہے۔ انہوں نے سبھی لوگوں سے گزارش کی کہ وہ اپنے رویے، مہمان نوازی اور بہار کی بھرپور ثقافت، ورثے اور سیاحتی مقامات کی مثبت تشہیر کریں ۔ جب بہار کا ہر شہری سیاحت کا سفیر بنے گا تو ریاست کی شناخت ملک اور دنیا میں مزید مضبوط ہوگی اور سیاحت کا شعبہ نئی بلندیوں کو حاصل کرے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار حکومت سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کا بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ نئے سیاحتی سرکٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔ پٹنہ میں دو بڑے ہوٹل بنائے جا رہے ہیں، جس سے اچھی رائلٹی ملنے والی ہے۔بھگوان بدھ سے جڑے مقامات راجگیر اور بودھ گیا ، بھگوان مہا ویر سے جڑے لچھوار اور ویشالی ،سونپور میں بابا ہری ہرناتھ، ماں منڈیشوری ماتا کا مندرسمیت ہماری تہذیب ثقافت کو ملک اور دنیا کو دیکھانا ہے ۔بہار درشن کرانا ہے ۔بہار میوزیم ملک کاسب سے اچھا میوزیم ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بھی اسے دیکھاہے۔ باہر سے آنے والے لوگ باپو ٹاور کوبھی دیکھتے ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں۔ ملک کی کسی اور ریاست میں بہار جتنی اچھی دیہی سڑکیں نہیں ہیں۔ ہمارے گاؤں سڑکوں، بجلی اور پانی سمیت بنیادی سہولیات سے آراستہ ہیں۔ سون پور میں جے پی گنگا پتھ سے بابا ہری ہرناتھ مندر تک ایک روپ وے کا تصور کیا جا رہا ہے۔ سیاحت کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پی پی پی ماڈل کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ترقی یافتہ ہندوستان‘‘ اور سابق وزیراعلیٰ جناب نتیش کمار کے ’’خوشحال بہار‘‘ کے ویژن کو پورا کرنے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بہار ہیلی ٹورازم اینڈ ایئر ٹورازم سروس اسکیم 2026 ریاست کے سیاحت کے شعبے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور بہار کو ملک کی ایک سرکردہ سیاحتی ریاست کی صف میں کھڑا کر نے کے ساتھ ساتھ روزگار ، سرمایہ کاری اورجامع اقتصادی ترقی کو نئی تحریک فراہم کرے گی۔پروگرام کے دوران، وزیر اعلیٰ نے بہار ٹورازم پالیسی 2023 کے تحت اسٹیک ہولڈرز کو ڈمی چیک اور چیف منسٹر ہوم اسٹے پروموشن اسکیم کے تحت مختلف استفادہ کنندگان کو سرٹیفکیٹ دیا۔