میسی گول نہ کر سکے، الواریز اور مارٹینیز نے ارجنٹینا کو ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچا دیا
Awaz E Bihar••25 ویوز•2 منٹ پڑھیں
کینساس سٹی (امریکہ)، 12 جولائی (یو این آئی) فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پہلی بار لیونل میسی گول کرنے میں ناکام رہے، تاہم جولیان الواریز اور لاؤتارو مارٹینیز کے اضافی وقت میں کیے گئے گولوں کی بدولت دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے سوئزرلینڈ کو 3-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ 15 جولائی کو انگلینڈ سے ہوگا۔میسی اگرچہ گول نہ کر سکے، لیکن ارجنٹینا کے بیشتر حملوں کی بنیاد انہی نے رکھی۔ سوئزرلینڈ کے کھلاڑیوں نے پورے میچ میں ان پر سخت نظر رکھی، جبکہ اضافی وقت کے اختتام پر گرینٹ ژاکا نے ان کی خطرناک کوشش ناکام بنا کر انہیں گول سے محروم رکھا۔ارجنٹینا نے دسویں منٹ میں الیکسس میک ایلسٹر کے گول سے برتری حاصل کی، لیکن ڈین اینڈوئے نے 67ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ پانچ منٹ بعد سوئزرلینڈ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب بریل ایمبولو دوسرا پیلا کارڈ ملنے پر میدان سے باہر بھیج دیے گئے اور ٹیم کو دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔عددی کمی کے باوجود سوئزرلینڈ نے منظم دفاع کیا اور گول کیپر گریگور کوبیل نے کئی شاندار بچاؤ کیے، جس کے باعث مقررہ وقت میں ارجنٹینا فیصلہ کن گول نہ کر سکا اور میچ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔جب میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا تھا، تب متبادل کھلاڑی خوان لوپیز کے پاس پر جولیان الواریز نے 112ویں منٹ میں خوبصورت شاٹ کے ذریعے ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلا دی۔ سوئزرلینڈ نے آخری لمحات میں برابری کی بھرپور کوشش کی، لیکن اضافی وقت کے اسٹاپج ٹائم میں ارجنٹینا نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔ الواریز نے ژاکا سے گیند چھینی، تیاگو المادا کے شاٹ کو کوبیل نے روک لیا، تاہم ری باؤنڈ پر لاؤتارو مارٹینیز نے 121ویں منٹ میں گیند خالی جال میں پہنچا کر اسکور 3-1 کر دیا۔اختتامی لمحات میں میسی ایک بار پھر گول کے قریب پہنچے، مگر ژاکا نے ان کی کوشش ناکام بنا کر سوئزرلینڈ کو مزید نقصان سے بچا لیا۔اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے 2022 کے ورلڈ کپ میں سعودی عرب کے خلاف افتتاحی شکست کے بعد سے ورلڈ کپ میں اپنی ناقابلِ شکست پیش قدمی برقرار رکھی اور ٹائٹل کے دفاع کی امیدیں زندہ رکھیں۔ اب سیمی فائنل میں اس کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔