مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

جے ڈی یو کی قیادت پر سنجے جھا کا بڑا اعلان، ’’نشانْت کمار ہی پارٹی کا حال اور مستقبل‘‘

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

پارٹی کے تمام لیڈر اور کارکن نشانْت کی قیادت میں کام کریں گے، نتیش کمار کے نظریات اور اصولوں سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹنے کا عزم

پٹنہ:(اےبی این) بہار کی حکمراں جماعت جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) میں قیادت کی منتقلی کے اشارے اب واضح ہونے لگے ہیں۔ پارٹی کے قومی کارگزار صدر سنجے کمار جھا نے منگل کو دوٹوک انداز میں اعلان کیا کہ نشانْت کمار ہی پارٹی کا حال بھی ہیں اور مستقبل بھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب پارٹی کے تمام لیڈر اور کارکن نشانْت کمار کی قیادت میں کام کریں گے۔ سنجے جھا کے اس بیان کے بعد پارٹی دفتر میں موجود کارکنوں نے تالیوں کی گونج کے ساتھ اس کا استقبال کیا۔پارٹی دفتر میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سنجے جھا نے کہا کہ اب یہ دیکھنے کی ضرورت نہیں کہ کون وزیر ہے، کون نائب وزیراعلیٰ ہے یا کس کے پاس کون سا محکمہ ہے۔ پارٹی کی قیادت نشانْت کمار کریں گے اور آگے تنظیم کو لے کر چلیں گے۔ انہوں نے قیادت میں اس تبدیلی کو ہر خاندان اور تنظیم میں ہونے والا ایک فطری عمل قرار دیا۔سنجے جھا نے کہا کہ نشانْت کمار پر اپنے والد نتیش کمار سے بھی زیادہ ذمہ داری ہے۔ لوگوں کو ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور پارٹی کے کارکن و اتحادی بھی ان کا موازنہ نتیش کمار سے کریں گے۔ تاہم انہیں ان توقعات سے گھبرانے یا متاثر ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے نشانْت کمار کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام لوگ ان کی قیادت میں کام کریں گے۔ سنجے جھا نے بڑے ہونے کے ناطے انہیں آشیرواد بھی دیا۔جے ڈی یو کے مستقبل کی سمت واضح کرتے ہوئے سنجے جھا نے کہا کہ پارٹی کے نظریات اور کام کرنے کے طریقے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ نتیش کمار نے جس انداز میں بہار کی قیادت کی اور جن بنیادی اصولوں پر پارٹی کو آگے بڑھایا، جے ڈی یو ان سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پارٹی کی توقع ہے کہ حکومت بھی نتیش کمار کے نظریات اور طرز حکمرانی کے مطابق کام کرے۔

دوسری جانب نشانْت کمار نے بھی پارٹی کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ جے ڈی یو کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اپنے والد نتیش کمار کے اس بنیادی اصول کو دہراتے ہوئے کہا کہ جرائم، بدعنوانی اور فرقہ پرستی کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔’سشاسن دیوس۔ نتیش سمواد‘ کے تحت منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نشانْت کمار نے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں بہار نے طویل سفر طے کیا ہے۔ اب اس وراثت کو آگے بڑھانا اور ریاست کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانا ان کی کوشش ہوگی۔ انہوں نے وزیراعظم کا مرکز کی جانب سے بہار کو ملنے والی مدد کے لیے شکریہ ادا کیا اور وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے والد کے اچھے کاموں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔واضح رہے کہ یہ پروگرام اس تاریخ کو منعقد کیا گیا جب 2005 میں نتیش کمار نے بہار کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے طویل سیاسی دور کا آغاز کیا تھا۔ نشانْت کمار نے اپنے خطاب میں والد کے سیاسی و انتظامی ورثے کو برقرار رکھنے اور ان کے بنیادی اصولوں پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔