بہار میں اے آئی اور مشین لرننگ پر مبنی گلوبل ڈیلیوری سینٹر قائم کیا جائے گا: سمراٹ


ویدک علم نجوم میں چاند کو انسانی ذہن کا نمائندہ مانا جاتا ہے۔ پورنیما کے دن چاند زمین سے مکمل روشن دکھائی دیتا ہے۔ سائنسی نقطۂ نظر سے یہ سورج، زمین اور چاند کی باہمی پوزیشن کا نتیجہ ہے۔ پورنیما کے آس پاس سورج اور چاند کی مشترکہ کششِ ثقل کے اثر سے سمندر میں مدوجزر کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ صبح کے وقت غسل، مراقبہ، صفائی اور باقاعدہ عبادت صحت مند اور منظم طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دیتے ہیں
پٹنہ، 24 نومبر (اے بی این) کارتک پورنیما کے موقع پر بہار میں عقیدت مندوں نے آج گنگا اور گنڈک کے سنگم سمیت مختلف دریاؤں اور تالابوں میں عقیدت کے ساتھ مقدس غسل کیا۔ ہندو مذہب میں کارتک ماہ کے شُکل پکش کی پورنیما کو کارتک پورنیما کہا جاتا ہے اور اسے خصوصی مذہبی اہمیت حاصل ہے۔ اس دن مقدس ندیوں میں غسل، دیپ دان اور خیرات کرنے کی خاص اہمیت ہے۔
مذہبی عقائد کے مطابق اسی دن بھگوان شیو نے تریپوراسر کا خاتمہ کیا تھا۔ اسی وجہ سے اسے تریپوری پورنیما بھی کہا جاتا ہے۔ اس فتح کی خوشی میں دیوتاؤں نے ہزاروں چراغ روشن کرکے دیوالی منائی تھی، جسے آج بھی دیو دیوالی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ سکھ مذہب کے پیروکاروں کے لیے بھی یہ دن خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اسی دن گرو نانک جینتی منائی جاتی ہے۔ کارتک پورنیما کو دامودر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جو بھگوان وشنو کا ایک نام ہے۔ یہ دن انتہائی مقدس اور مبارک تصور کیا جاتا ہے اور عقیدت مندوں کا ماننا ہے کہ اس دن مقدس دریاؤں میں غسل کرنے سے ثواب حاصل ہوتا ہے۔
کارتک پورنیما کے موقع پر ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں دیر رات سے ہی دیہی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جو اب بھی جاری ہے۔ صبح ہوتے ہی عقیدت مند 'ہر ہر گنگے، جے گنگا مَیا، ہر ہر مہادیو' کے نعرے لگاتے ہوئے گنگا میں ڈبکیاں لگانے لگے۔ غسل کے بعد لوگوں نے مختلف مندروں میں پوجا ارچنا کی اور خیرات کی۔ کارتک پورنیما کے دن غسل اور دان کی خصوصی اہمیت ہے۔ عقیدت کے ساتھ اس دن کیا جانے والا دان کئی گنا زیادہ ثواب کا باعث بنتا ہے۔ اس موقع پر اناج، دولت اور کپڑوں کا دان خاص اہمیت رکھتا ہے۔اساطیری عقائد کے مطابق کارتک پورنیما کے موقع پر گنگا میں غسل اور بھگوان ہری و شیو کی پوجا کرنے سے گزشتہ جنم اور موجودہ زندگی کے تمام گناہ ختم ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ گنگا یا دیگر دریاؤں میں غسل کرنے سے پورے سال گنگا اسنان اور پورنیما اسنان کا ثواب حاصل ہوتا ہے۔ بھگوان شری ہری نے کارتک پورنیما کے دن ہی مچھلی کا اوتار لے کر کائنات کی ازسرنو تخلیق کی تھی۔
یہ بھی مانا جاتا ہے کہ کارتک پورنیما کے دن سون پور میں گنگا اور گنڈک کے سنگم پر گج اور گراہ کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔ گج کی درد بھری پکار سن کر بھگوان وشنو نے گراہ کا خاتمہ کرکے اپنے بھکت کی جان بچائی تھی۔ اس دن گھر میں چراغ روشن کرنے سے ثواب حاصل ہوتا ہے اور زندگی میں توانائی بھی پیدا ہوتی ہے۔ لوگ روزہ رکھ کر بھگوان وشنو کی پوجا کرتے ہیں۔آچاریہ راکیش جھا نے بتایا کہ سناتن دھرم میں کارتک پورنیما کو مذہبی، روحانی اور نجومی اعتبار سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اس دن مقدس گنگا اسنان، سورج دیوتا کو ارگھ، بھگوان وشنو اور تریپوراری مہادیو کی پوجا، دیپ دان کے ساتھ اناج اور کپڑوں کا دان انتہائی ثواب کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدت مند آج گنگا اسنان کے بعد شری ستیہ نارائن پربھو کی کتھا سن کر، گیتا پاٹھ، وشنو سہسرنام کا پاٹھ اور 'اوم نمو بھگوتے واسودیوائے منتر کا جاپ کرکے گناہوں اور قرض سے نجات حاصل کرنے کے ساتھ بھگوان وشنو کی کرپا حاصل کرسکتے ہیں۔نجوم کے ماہر پنڈت راکیش جھا نے بتایا کہ کارتک پورنیما محض ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ خود کو پاک کرنے، عقیدت، خدمت اور روحانی بیداری کا عظیم تہوار ہے۔ ویشنو روایت میں کارتک ماہ کو دامودر ماس کہا جاتا ہے۔ اس دوران شری رادھا دامودر کی پوجا، دامودر اشٹک کا پاٹھ، تلسی کی سیوا، ہری نام سنکیرتن اور چراغ روشن کرنے کی خصوصی اہمیت ہے۔
ویدک علم نجوم میں چاند کو انسانی ذہن کا نمائندہ مانا جاتا ہے۔ پورنیما کے دن چاند زمین سے مکمل روشن دکھائی دیتا ہے۔ سائنسی نقطۂ نظر سے یہ سورج، زمین اور چاند کی باہمی پوزیشن کا نتیجہ ہے۔ پورنیما کے آس پاس سورج اور چاند کی مشترکہ کششِ ثقل کے اثر سے سمندر میں مدوجزر کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ صبح کے وقت غسل، مراقبہ، صفائی اور باقاعدہ عبادت صحت مند اور منظم طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔
نارد پران کے مطابق کارتک پورنیما کے دن تمام نیک صفات حاصل کرنے اور دشمنوں پر فتح پانے کے لیے بھگوان کارتیکیہ کے درشن کرنے چاہئیں۔ پورنیما کے دن غسل، ارگھ، ترپن، جاپ، تپسیا، پوجا، کیرتن اور دان و پنیہ کرنے سے خود بھگوان وشنو انسان کو گناہوں سے پاک کرکے اس کی روح کو صاف کرتے ہیں۔ اس دن گنگا اسنان کرنے سے پورے سال گنگا میں غسل کرنے کا ثواب حاصل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ گنگا اسنان، دیپ دان، ہون اور جاپ کرنے سے دنیاوی گناہوں اور مصائب کا خاتمہ ہوتا ہے۔کارتک پورنیما کا روحانی پیغام یہ ہے کہ چراغ صرف گھروں اور مندروں میں ہی نہیں بلکہ اپنے خیالات اور اعمال میں بھی روشن کرنا چاہیے۔ عقیدت، خدمت، خیرات اور نیک عملی کے ذریعے زندگی کو روشن بنانا ہی اس تہوار کا بنیادی مقصد ہے۔
admin







