بہار میں رشوت خور انجینئر پر ویجلنس کا بڑا شکنجہ


ریاست کے 10,599 چھٹھ گھاٹوں پر بجلی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت، پٹنہ کے 91 گھاٹوں کے لیے 14 عارضی کنٹرول روم قائم، 997 افسران و برقی اہلکار تعینات
پٹنہ: دیوالی اور چھٹھ مہاپرو کے دوران ریاست میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور چھٹھ گھاٹوں پر عقیدت مندوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے محکمہ توانائی نے تیاریاں تیز کردی ہیں۔ اس سلسلے میں ہفتہ کو پٹنہ کے ودیوت بھون میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ساؤتھ بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی اور نارتھ بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے سینئر افسران کے علاوہ میدانی سطح پر تعینات سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹیو انجینئرز نے شرکت کی۔ میٹنگ میں تہواروں کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی، چھٹھ گھاٹوں پر حفاظتی انتظامات اور بجلی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات دی گئیں۔
محکمہ نے بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 2023، 2024 اور 2025 کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرکے رواں سال کی ممکنہ ضرورت کا اندازہ لگایا ہے۔ بجلی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ آنے پر فوری کارروائی کے لیے محکمہ کے صدر دفتر سے لے کر ڈویژنل سطح تک 24 گھنٹے کنٹرول روم فعال رہیں گے۔
عقیدت مندوں کی حفاظت کے پیش نظر چھٹھ گھاٹوں پر بجلی کے تاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمروں کی خصوصی جانچ کی جا رہی ہے۔ خستہ حال تاروں کو تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ ضرورت کے مطابق 11 کے وی کے کھلے تاروں کی جگہ محفوظ کورڈ کنڈکٹر لگائے جا رہے ہیں۔ گھاٹوں اور وہاں تک پہنچنے والے راستوں پر نصب لوہے کے بجلی کے کھمبوں کو بھی محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایل ٹی کے ننگے تاروں کو اے بی کیبل سے تبدیل کرنے کا کام جاری ہے۔
محکمہ کے مطابق چھٹھ گھاٹوں کے آس پاس نصب ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروں کی باڑ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔ کسی ٹرانسفارمر کے خراب ہونے یا جل جانے کی صورت میں فوری تبدیلی کے لیے اضافی ٹرانسفارمر اور ضروری سامان بھی دستیاب کرایا گیا ہے۔ بجلی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے گھاٹوں پر عارضی فیوز کال ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی۔
پٹنہ الیکٹرک سپلائی انڈرٹیکنگ (پیسو) کے دائرہ کار میں آنے والے 23 اہم اور 68 دیگر چھٹھ گھاٹوں پر بجلی کے انتظامات کی نگرانی کے لیے 14 عارضی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ ان کے تحت 152 افسران اور 845 تکنیکی برقی اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔
بہتر رابطہ اور فوری کارروائی کے لیے پٹنہ اور دیو (اورنگ آباد) علاقے کے متعلقہ اہلکاروں کو موبائل فون کے ساتھ واکی ٹاکی بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ ڈیوٹی پر تعینات ملازمین کو ریٹرو ریفلیکٹو جیکٹ، نیلی جیکٹ اور حفاظتی کٹ بھی دی گئی ہے۔
محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق ساؤتھ بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے تحت 948 اہم اور 2,381 دیگر، جبکہ نارتھ بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے تحت 457 اہم اور 6,813 دیگر چھٹھ گھاٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اس طرح پوری ریاست میں مجموعی طور پر 1,405 اہم اور 9,194 دیگر، یعنی 10,599 چھٹھ گھاٹوں پر بجلی کے انتظامات درست رکھنے کی تیاری کی گئی ہے۔
وہیں، توانائی محکمہ کے سکریٹری اور بہار اسٹیٹ پاور ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (BSPHCL) کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر اجے یادو نے بھی ریاست کے عوام کو تہواروں کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تمام لوگ محفوظ ماحول میں خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ تہوار منائیں۔ انہوں نے افسران اور انجینئروں کو ہدایت دی کہ بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پوری طرح مستعد رہیں اور چھٹھ گھاٹوں پر بجلی کے تاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمروں کی حفاظتی جانچ کے ساتھ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ تہواروں کے دوران بجلی کے انتظامات کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے گی، تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
admin