مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح: سمراٹ چودھری

Awaz E Bihar5 منٹ کی پڑھائی

وزیر اعلیٰ نے بہار کی مقامی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں جگہ دلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کا مکھانہ آج سپر فوڈ کے طور پر دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے

جمعرات کو ہوٹل تاج سٹی سینٹر میں محکمہ صنعت کے زیر اہتمام منعقدہ ریاستی سطح کی ورکشاپ ’’لیوریجنگ ایف ٹی اے آؤٹ ریچ پروگرام‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے ساتھ ایف ٹی اے ایکشن پلان، برآمد کنندگان کے لیے رہنما کتابچہ اور سوال و جواب پر مشتمل کتابچہ جاری کیا۔ اس موقع پر بہار اسٹیٹ مارکیٹنگ اتھارٹی اور آئی آئی ایم بودھ گیا کے درمیان، جبکہ گڈز کیپٹل اور ایم ایس ایم ای کے درمیان مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔

سمراٹ چودھری نے کہا کہ بہار کی معیشت گزشتہ 20 برسوں سے دوہرے ہندسوں میں ترقی کر رہی ہے۔ ریاست کا بجٹ جو پہلے تقریباً چھ ہزار کروڑ روپے تھا، آج بڑھ کر تین لاکھ 47 ہزار کروڑ روپے ہو چکا ہے۔ یہ ریاست کی ترقی اور بدلتی ہوئی معاشی صورت حال کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے سامنے آبادی اور پانی دو بڑے چیلنج رہے ہیں، لیکن آئندہ دس برسوں میں ان دونوں کو ریاست کی طاقت میں تبدیل کرنا ہوگا۔ اس کے لیے انسانی وسائل کو منظم کرنے اور آبی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے باعث آمد و رفت کی سہولتیں بہتر ہوئی ہیں۔ پٹنہ سے بودھ گیا، بیگوسرائے اور تاراپور سمیت مختلف مقامات تک سفر اب پہلے کے مقابلے کم وقت میں ممکن ہو رہا ہے۔ بہار نے گاد (سلٹ) کے انتظام کے لیے پالیسی تیار کرکے مرکزی حکومت کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس کے تحت قومی شاہراہوں کی تعمیر کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کو چار لاکھ میٹرک ٹن گاد فراہم کرنے کی پہل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گنگا سمیت ریاست کی دیگر ندیوں کو آبی نقل و حمل کے مؤثر ذرائع کے طور پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ بیرپور اور والمیکی نگر سے آبی ٹرانسپورٹ شروع ہونے پر تجارتی اخراجات میں کمی آئے گی اور بہار کی مصنوعات کو مختلف منڈیوں تک پہنچانا آسان ہوگا۔ اسی طرح رکسول سے ہلدیہ تک گرین فیلڈ سڑک کی تعمیر سے ریاست کے سات سے آٹھ اضلاع کو بہتر رابطہ حاصل ہوگا۔سمراٹ چودھری نے بتایا کہ سون پور اور بھاگلپور کے آس پاس دو بڑے ہوائی اڈے تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ والمیکی نگر، بیگوسرائے، رکسول، مظفرپور، سہرسہ، گوپال گنج، فاربس گنج اور کشن گنج میں بھی ہوائی اڈوں کی ترقی کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ ان ہوائی اڈوں پر رن وے اور دیگر سہولتوں کو اس انداز میں تیار کرنے پر توجہ دی جائے گی کہ مستقبل میں بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت ممکن ہو سکے۔

وزیر اعلیٰ نے بہار کی مقامی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں جگہ دلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کا مکھانہ آج سپر فوڈ کے طور پر دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔ بہار سے 40 ٹن مکھانہ آسٹریلیا برآمد کیا گیا ہے، جبکہ ملک کی مجموعی مکھانہ پیداوار میں ریاست کا حصہ تقریباً 80 فیصد ہے۔ مکھانہ کے علاوہ لیچی اور مکئی کی پیداوار میں بھی بہار نمایاں مقام رکھتا ہے۔ مکئی کا استعمال ایتھنول کی تیاری میں بھی کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں بہتر قیمت اور مستقل مانگ حاصل کرنے کے لیے معیار، پیکیجنگ اور برانڈنگ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ ضلع مجسٹریٹوں کو ’’ایک ضلع، ایک پروڈکٹ‘‘ اسکیم کے تحت مقامی مصنوعات کی حوصلہ افزائی اور تاجروں کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کی آبادی ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً 10 فیصد ہے اور قومی محصولات میں بھی ریاست کا تعاون تقریباً 10 فیصد ہے۔ اس تناسب سے قومی اور بین الاقوامی تجارت میں بہار کی حصہ داری بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے ذریعے نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور ہندوستانی مصنوعات کے لیے کم درآمدی ڈیوٹی والے ممالک میں برآمدات کے امکانات تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بہار فاؤنڈیشن کے 31 ممالک میں قائم چیپٹرز کے تعاون سے وہاں کی منڈیوں میں بہار کی مصنوعات کے لیے امکانات تلاش کیے جانے چاہئیں۔ اس سے ریاست کے تاجروں اور صنعت کاروں کو عالمی تجارت میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔

صنعتی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے پر زور دیتے ہوئے سمراٹ چودھری نے تمام ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی کہ وہ ہر ماہ صنعتی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کریں اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام صرف پالیسیاں اور قوانین بنانا نہیں، بلکہ ان کا فائدہ صنعت کاروں اور تاجروں تک پہنچانا بھی ہے۔ اس مقصد کے لیے مؤثر سنگل ونڈو نظام تیار کیا جائے، تاکہ صنعت کاروں کو تمام ضروری سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب ہو سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ڈرائی پورٹس کی تعداد بڑھانے کے لیے مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور وزیر ریل اشونی ویشنو سے درخواست کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 12 سیٹلائٹ ٹاؤن شپ تیار کی جا رہی ہیں، جہاں ریلوے اور ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا، تاکہ صنعتی سرگرمیوں اور سامان کی نقل و حمل میں آسانی ہو۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس ہدف کی تکمیل کے لیے بہار کی خوشحالی ناگزیر ہے۔ ریاست میں صنعتوں کو فروغ دے کر نہ صرف معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔