مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

وزیر اعظم کے دورۂ ویشالی کے پیش نظر پٹنہ میں ٹریفک نظام میں تبدیلی

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

وزیر اعظم کے پروگرام میں شرکت کرنے والی گاڑیوں کے لیے خصوصی راستہ مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے 21 نومبر کو ضلع ویشالی کے مجوزہ دورے اور اس پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے امکان کے پیش نظر پٹنہ میں ٹریفک کے نظام میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے بعض راستوں پر گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جاری ہدایات کے مطابق، 20 نومبر کی رات 10 بجے سے کچی درگاہ چھ لین پل پر بھاری اور تجارتی گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی جائے گی۔ یہ پابندی 21 نومبر کو پروگرام کے اختتام اور اس میں شرکت کرنے والی گاڑیوں کے بحفاظت روانہ ہونے تک نافذ رہے گی۔

پٹنہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق، کچی درگاہ چھ لین پل کے بنارسی چوک (ویشالی) کی جانب جانے والے راستے پر بھاری اور تجارتی گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ دیدار گنج گولمبر سے کچی درگاہ چھ لین پل کی مغربی لین پر بھی تمام قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت بند رہے گی۔

وزیر اعظم کے پروگرام میں شرکت کرنے والی گاڑیوں کے لیے خصوصی راستہ مقرر کیا گیا ہے۔ ایسی گاڑیاں دیدار گنج گولمبر سے کچی درگاہ پل کے نیچے سے مخالف سمت میں واقع ریمپ کے ذریعے کچی درگاہ چھ لین پل کی بالائی مشرقی لین پر پہنچ سکیں گی اور وہاں سے پروگرام کے مقام تک جاسکیں گی۔ تاہم اس متبادل راستے کا استعمال مقررہ پروگرام شروع ہونے سے پہلے تک ہی کیا جاسکے گا۔

پٹنہ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے نجی اور چھوٹی گاڑیاں گاندھی سیتو اور جے پی سیتو کے راستے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گی۔

پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک نظام کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں اور غیر ضروری پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ اس سلسلے میں ہوائی اڈہ، شہید پیر علی روڈ، ہارڈنگ روڈ، اٹل پتھ، دگھا گولمبر، جے پی گنگا پتھ اور اشوک راج پتھ جیسے راستوں کو متبادل کے طور پر استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ٹریفک سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے شہری پٹنہ ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم کے فون نمبر 0612-2219151 اور 9470630615 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔