پولیس کے ساتھ تصادم میں 3 مجرم ہلاک


دیہی علاقوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے گا اور بجلی کے اخراجات میں بھی بچت ہوگی
پٹنہ، 6 نومبر:(اے بی این ) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ریاست کی پنچایتوں میں توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے جل میناروں پر مجوزہ 5 کلوواٹ کے بجائے 20 کلوواٹ صلاحیت والے سولر پینل نصب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے گا اور بجلی کے اخراجات میں بھی بچت ہوگی۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعہ کو لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں محکمہ پنچایتی راج کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ ہدایات دیں۔ میٹنگ میں محکمہ کے سکریٹری منوج کمار نے مجوزہ اسکیموں اور ان کے نفاذ سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن پیش کیا۔پریزنٹیشن میں وزیر اعلیٰ کو ’وزیر اعلیٰ دیہی پینے کے پانی نشچے‘ منصوبے کے تحت جل میناروں پر آف گرڈ سولر پینل نصب کرنے کی تجویز سے آگاہ کیا گیا۔ اس دوران ہر اسکیم پر سالانہ بجلی بل کے اخراجات، مالیاتی انتظام، سولر پینل کی تنصیب و دیکھ بھال، نگرانی اور عمل درآمد میں بریڈا (پٹنہ) کے کردار کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ منصوبے سے ہونے والی مالی بچت اور اس رقم کے استعمال کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے پنچایت سرکار بھونوں کی تعمیر کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان عمارتوں کی مناسب دیکھ بھال اور باقاعدہ نگرانی کا مؤثر نظام بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنچایت سرکار بھون تعمیر کرنے والے ٹھیکیداروں کو ہی ان عمارتوں کے رکھ رکھاؤ کی ذمہ داری بھی دی جائے اور اس سلسلے میں ان کی جواب دہی طے کی جائے۔انہوں نے پنچایت سرکار بھونوں میں سولر نظام کی تنصیب کو تعمیراتی تخمینے میں شامل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ ساتھ ہی اس کام کو پندرہویں مالیاتی کمیشن اور ساتویں ریاستی مالیاتی کمیشن سے مربوط کرنے پر زور دیا، تاکہ بروقت فنڈ کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے پنچایتوں میں بجلی کی فراہمی سے متعلق معلومات عوامی نمائندوں تک باقاعدگی سے پہنچانے کے لیے ایک مخصوص ٹیم تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔ یہ ٹیم پنچایت کے مکھیا، اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ سمیت تمام متعلقہ عوامی نمائندوں کو ان کے موبائل فون پر روزانہ بجلی کی فراہمی کے اوقات سے متعلق معلومات فراہم کرے گی۔انہوں نے افسران سے کہا کہ تمام اسکیموں پر اس انداز میں عمل درآمد کیا جائے کہ پنچایتوں میں بنیادی سہولیات کا فروغ ہو، توانائی کی بچت یقینی بنے اور دیہی عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔میٹنگ میں وزیر پنچایتی راج دیپک پرکاش، چیف سکریٹری پرتیے امرت، محکمہ مالیات کے پرنسپل سکریٹری ونئے کمار، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر این وجے لکشمی، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ، محکمہ توانائی کے سکریٹری اجے یادو، سنجے کمار سنگھ، محکمہ تعمیراتِ عمارت کے سکریٹری پرنو کمار اور محکمہ پنچایتی راج کے سکریٹری منوج کمار سمیت کئی سینئر افسران موجود تھے۔
admin