بہار قانون ساز کونسل میں تقرریوں کا اختیار اب بی پی ایس سی و بی ایس ایس سی کے سپرد کرنے کی تیاری


دارالعلوم رحمانی زیرو مائل سے 14 علماء فارغ، ختم بخاری شریف کا روح پرور اجلاس منعقد۔مفتی مقصود احمد قاسمی نے آخری حدیث کا درس دیا، فارغین کی دستار بندی؛ دارالحدیث کی تعمیر کے لیے اہل سیمانچل نے پیش کیا خطیر عطیہ
ارریہ، (پریس ریلیز): دارالعلوم رحمانی زیرو مائل، ارریہ کے وسیع کیمپس میں درسِ ختم بخاری شریف کا چوتھا عظیم الشان اجلاس اور 14 فارغین علماء کی دستارِ فضیلت کا پروگرام عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت دارالعلوم بہادر گنج، کشن گنج کے شیخ الحدیث و ناظم عمومی الحاج مولانا انوار عالم نے کی، جبکہ دارالعلوم رحمانی کے شیخ الحدیث مفتی محمد علیم الدین کی قیادت اور صوفی زمان الحاج قاری سالم انظر کی روحانی سرپرستی حاصل رہی۔ جامعہ مظاہر علوم، سہارنپور کے شیخ الحدیث مفتی مقصود احمد قاسمی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے اور فارغین کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا۔اجلاس میں ارریہ، سیمانچل کے مختلف اضلاع اور پڑوسی ملک نیپال کے نامور علماء، مفتیان کرام، فضلاء مدارس، صلحاء اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ دارالعلوم رحمانی زیرو مائل سے ایک ساتھ 14 علماء کی فراغت پورے علاقے کے لیے باعث مسرت ہے۔
اب مقامی طلباء کو عالمیت اور فضیلت کی تعلیم کے لیے دوسری ریاستوں کا رخ کرنے اور پردیس میں رہنے کی ضرورت کم ہوگی۔صدارتی خطاب میں مولانا انوار عالم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں ایسی مبارک مجلس میں شرکت کا موقع عطا فرمایا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ علمی و روحانی مجالس میں شرکت کو معمول بنائیں اور اپنے گھروں میں موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے پیدا ہونے والی برائیوں سے بچیں۔ انہوں نے بخاری شریف کے اجلاس میں غنا کے ساتھ قصیدہ خوانی پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ایسی مقدس مجالس کے تقدس کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مولانا انوار عالم نے دارالعلوم رحمانی زیرو مائل اور دارالعلوم بہادر گنج کو اپنی دو آنکھیں قرار دیتے ہوئے اہل علاقہ سے دونوں اداروں کی حفاظت اور ترقی میں تعاون کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اداروں سے علم کی روشنی سیمانچل ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں پھیلنی چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے دارالعلوم رحمانی میں دارالحدیث کی تعمیر کے لیے اہل خیر سے تعاون کی اپیل کی، جس پر ارریہ اور سیمانچل کے لوگوں نے چند ہی منٹوں میں خطیر رقم عطیہ کی، جبکہ متعدد افراد نے مزید تعاون کا وعدہ بھی کیا۔
اجلاس کے آخری مرحلے میں مفتی مقصود احمد قاسمی نے فارغین کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا۔ اس سے قبل فارغ ہونے والے طالب علم محمد دلشاد رحمانی نے حدیث کی عبارت خوانی کی۔ اپنے خطاب میں مفتی مقصود احمد قاسمی نے علم میں سند اور مستند روایت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علم اسی وقت قابل اعتماد ہوتا ہے جب اس کی سند معتبر ہو۔ انہوں نے امام بخاریؒ کی علمی محنت، دیانت داری اور احتیاط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحیح بخاری کی تدوین میں انہیں تقریباً 16 سال کا عرصہ لگا۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم کے بعد صحیح بخاری کو امت مسلمہ میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے۔
انہوں نے فارغین سے کہا کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں اور انبیاء علیہم السلام کی میراث علمِ شریعت ہے۔ اس علمی وراثت کا حق دار بننے کے لیے مستند علم کا حصول ضروری ہے۔ انہوں نے بخاری شریف کی آخری حدیث میں مذکور اللہ تعالیٰ کے محبوب کلمات کی تشریح کرتے ہوئے تسبیح، تحمید، تہلیل اور تکبیر کی فضیلت بیان کی اور کہا کہ یہ کلمات زبان سے ادا کرنے میں آسان، مگر قیامت کے دن میزانِ اعمال میں بہت وزنی ہوں گے۔درس کے اختتام پر مفتی مقصود احمد قاسمی اور دیگر علماء کرام نے 14 فارغین کے سروں پر دستارِ فضیلت باندھی۔ ان میں محمد دلشاد رحمانی، محمد ابصار، محمد افضل حسین، محمد زاہد، اشرف الحق، شاہنواز عالم، محمد معظم، محمد نسیم الدین، دلشاد، محمد توصیف، محمد نعمان، راشد انور، محمد حسنین اور محمد اقبال شامل ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر مفتی مقصود احمد قاسمی نے رقت آمیز دعا فرمائی۔ اس موقع پر علاقے کے دیگر علماء نے بھی خطاب کیا اور احادیث نبویہ کی فضیلت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اجلاس کی نظامت مفتی محمد عبد الوارث، ناظم اعلیٰ مدرسہ کنز العلوم، گریا کواری، کرسا کاٹا نے انجام دی۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں مفتی محمد علیم الدین کے ساتھ تدریسی ٹیم کے مولانا عتیق الرحمٰن، مولانا منظور عالم نعمانی، مولانا ظفریاب اسعد، قاری محمد اسلم، مولانا عمران احمد، حافظ مظفر عالم، مولانا کرامت اللہ، مفتی اجمل حسین، مولانا مسیح الرحمٰن اور مولانا تسبیح الرحمٰن سمیت استقبالیہ کمیٹی اور مدرسے کی انتظامیہ کے عہدیداران نے اہم کردار ادا کیا۔
admin







