مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

23.75 لاکھ نئے مستحقین کو راشن کارڈ جاری، اہل خاندانوں کو درخواست کے 30 دن کے اندر ملے گا نیا کارڈ: سمراٹ

Awaz E Bihar5 منٹ کی پڑھائی

حکومت کا عزم ہے کہ سال 2030 تک بہار میں ایسا نظام قائم کیا جائے، جس کے تحت یہاں کے لوگوں کو روزگار کے لیے مجبوری میں دوسری ریاستوں کا رخ نہ کرنا پڑے اور نوجوانوں کو اپنی ہی ریاست میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل کے مواقع مل سکیں۔

بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعرات کو کہا کہ ریاست کے تمام اہل خاندانوں کو راشن کارڈ فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ اس کے تحت اب تک 23.75 لاکھ نئے راشن کارڈ بنائے جاچکے ہیں اور اہل خاندانوں کو درخواست دینے کے 30 دن کے اندر نیا راشن کارڈ فراہم کردیا جائے گا۔

مسٹر چودھری نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ بہار کا کوئی بھی غریب بھوکا نہ رہے اور کوئی بھی اہل خاندان عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے فوائد سے محروم نہ ہو۔

وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج پٹنہ کے گیان بھون میں محکمہ خوراک و صارفین کے تحفظ کی جانب سے منعقدہ نئے جاری کردہ راشن کارڈ اور مناسب قیمت کی دکانوں کے لائسنس تقسیم کرنے کی تقریب کا چراغ روشن کرکے افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے 23 لاکھ 75 ہزار نئے مستحقین کو راشن کارڈ اور عوامی نظام تقسیم (پی ڈی ایس) کی 4,448 نئی دکانوں کے لیے لائسنس تقسیم کیے۔ انہوں نے علامتی طور پر بعض مستحقین کو راشن کارڈ بھی فراہم کیے۔

مسٹر چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام مستفیدین کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی زندگی میں خوش حالی لانا اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ لوگوں کی زندگی میں خوش حالی آنے سے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خوش حال بہار کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فی الحال بہار میں مجموعی طور پر 2.09 کروڑ راشن کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں، جن سے تقریباً 8.46 کروڑ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ محکمہ خوراک و صارفین کے تحفظ کو ایک کروڑ نئے افراد کو راشن کارڈ سے جوڑنے کا ہدف دیا گیا تھا۔ اس سمت میں اب تک تقریباً 24 لاکھ افراد کو شامل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے راشن کارڈ سے محروم اہل خاندانوں سے درخواست دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اہل درخواست گزاروں کو 30 دن کے اندر نیا راشن کارڈ مل جائے۔

انہوں نے غریب خاندانوں کو مفت اناج فراہم کرنے کے انتظام کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کے ساتھ غریب خاندانوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کے ذریعے صحت کا تحفظ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ریاست کے تمام خاندانوں کو 125 یونٹ مفت بجلی دی جا رہی ہے۔ حکومت غریبوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

انہوں نے عوامی نمائندوں اور افسران سے اپیل کی کہ پنچایت کی سطح پر مہم چلا کر راشن کارڈ سے محروم اہل افراد کی شناخت کی جائے اور انہیں سرکاری اسکیموں سے جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ کے آخری اتوار کو پنچایت دیوس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ 'سیوا سنکلپ ایوم کایاکلپ ابھیان' کے تحت دیہی علاقوں میں صحت مراکز، اسکولوں، آنگن باڑی مراکز، کمیونٹی عمارتوں اور چھٹھ گھاٹ سمیت ضروری بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ گاؤں کی صورت حال بہتر بنانے اور دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے 22 ہزار کروڑ روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

مسٹر چودھری نے روزگار اور صنعتی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے پانچ برسوں میں ایک کروڑ افراد کو سرکاری ملازمتیں اور روزگار فراہم کرنے کے ہدف پر کام کیا جا رہا ہے۔ ریاست میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، تاکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ حکومت کا عزم ہے کہ سال 2030 تک بہار میں ایسا نظام قائم کیا جائے، جس کے تحت یہاں کے لوگوں کو روزگار کے لیے مجبوری میں دوسری ریاستوں کا رخ نہ کرنا پڑے اور نوجوانوں کو اپنی ہی ریاست میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل کے مواقع مل سکیں۔وزیر اعلیٰ نے کسانوں کے مفادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں دھان کی خریداری کا ہدف 50 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ 80 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو گھر پر ہی زمین اور جائیداد کی رجسٹریشن کی سہولت پہلے سے فراہم کی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں اگلے سال سے 75 سال سے زیادہ عمر کے راشن کارڈ رکھنے والے بزرگوں کو ان کے گھر پر ہی اناج فراہم کرنے کا انتظام شروع کیا جائے گا۔ اس سے انہیں راشن حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری پریشانی نہیں اٹھانی پڑے گی۔

مسٹر چودھری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی راشن کارڈ مہم میں سرگرمی سے حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ان اہل خاندانوں تک یہ اطلاع پہنچائی جانی چاہیے، جن کے راشن کارڈ ابھی تک نہیں بن سکے ہیں۔ معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون سے یہ یقینی بنایا جاسکتا ہے کہ کوئی بھی ضرورت مند خاندان غذائی تحفظ کے حق سے محروم نہ رہے۔ غریبوں کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کا بنیادی عزم ہے۔ ہر اہل خاندان تک عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کے فوائد پہنچانا، ضرورت مندوں کو غذائی تحفظ فراہم کرنا، بزرگوں کو خصوصی سہولتیں دینا اور نوجوانوں کے لیے بہار ہی میں روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

پروگرام کے دوران محکمہ خوراک و صارفین کے تحفظ کی سرگرمیوں پر مبنی ایک مختصر فلم دکھائی گئی۔ تقریب سے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری، وزیر خوراک و صارفین کے تحفظ اشوک چودھری اور محکمے کے سکریٹری ابھے کمار سنگھ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے سکریٹری سمیت دیگر سینئر افسران اور مستفیدین موجود تھے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ اور مستفیدین بھی پروگرام سے منسلک ہوئے۔