فضائیہ کی اصل طاقت جدید طیارے نہیں، ضرورت کے وقت تیزی سے کارروائی کی صلاحیت ہے: ایئر چیف مارشل
Awaz E Bihar
••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا ہے کہ کسی بھی فضائیہ کی اصل طاقت جدید ترین طیاروں اور نظام سے نہیں، بلکہ اس کی آپریشنل تیاریوں اور ضرورت کے وقت تیزی و اعتماد کے ساتھ کی جانے والی درست کارروائی سے ناپی جاتی ہے۔ غازی آباد کے ہنڈن ایئر فورس اسٹیشن پر 94ویں ایئر فورس ڈے کے موقع پر ایئر چیف مارشل نے جمعرات کے روز کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں جاری تنازعات نے یہ واضح کر دیا ہے کہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے فضائی طاقت ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ اپنے کردار اور ذمہ داریوں کو سمجھتی ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیدار، پرعزم اور تیار ہے۔ ایئر چیف مارشل نے کہا، "قومی مفادات کے تحفظ کے لیے فضائی طاقت اہم ذریعہ ہے۔ ہندوستانی فضائیہ بیدار، پرعزم اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔" انہوں نے زور دے کر کہا کہ فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت اور تیاری صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ فضائیہ کے سربراہ نے کچھ دن پہلے ہی سالانہ پریس کانفرنس میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ فضائیہ کے بیڑے میں جنگی طیاروں کی تعداد کم ہے۔ اس کا ذکر کیے بغیر انہوں نے آج کہا، "کسی فضائیہ کے پاس دنیا کے سب سے جدید طیارے ہو سکتے ہیں، لیکن اس کی واقعی طاقت اس کی آپریشنل تیاری سے ناپی جاتی ہے، یعنی ضرورت پڑنے پر وہ کتنی تیزی اور کتنے اعتماد کے ساتھ کارروائی کر سکتی ہے۔" 'آپریشن سندور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضائیہ کا تیزی سے جنگی مہمات میں اترنا اس کی "جنگی صلاحیت کے ساتھ ساتھ مؤثر فضائی دفاعی مہمات" کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہااَچُوک، اَبھید، سَٹیک صرف ایک نعرہ نہیں ہے، یہ ہماری طاقت اور عزمِ مصمم کا عملی روپ ہے۔" ایئر چیف مارشل نے کہا کہ جدید جنگ میں کامیابی کے لیے گہرا ربط و ضبط ضروری ہے اور فوج نیز بحریہ کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بندی اور مربوط جنگی صلاحیت پر مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کی ترقی اور خود انحصاری پر بھی زور دیا۔ ایئر چیف مارشل نے کہا کہ خود انحصاری فضائیہ کا رہنما اصول ہے۔ مصنوعی ذہانت اور خود مختار نظام جیسی نئی ٹیکنالوجیز کو شامل کیا جائے گا، لیکن ایسا کرتے وقت انسانی کنٹرول کو مرکز میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے خلائی شعبے کو فضائی حدود کی فطری توسِیع قرار دیتے ہوئے اس شعبے میں اسرو اور گھریلو خلائی صنعت کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون کا بھی ذکر کیا۔ایئر فورس ڈے کا رواں سال کا موضوع 'بھارتیہ وایو سینا: اچوک، ابھید و سٹیک' تھا۔ تقریب میں جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر، گائیڈڈ ویپن سسٹمز، رڈار اور ایک طرفہ حملہ کرنے والے بغیر پائلٹ والے ہوائی سسٹمز (ڈرونز) نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔ تقریب میں بہادری اور شاندار خدمات کے لیے 'وایو یودھاؤں' کو تمغے اور پانچ یونٹوں کو بہترین کارکردگی پر توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔