احمد آباد، 30 اپریل ارشد خان (تین وکٹیں)، جیسن ہولڈر اور راشد خان (دو، دو وکٹیں) کی بہترین گیند بازی کے بعد بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے جمعرات کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے 42 ویں مقابلے میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگلورو کی سیزن میں یہ دوسری شکست ہے۔ گجرات ٹائٹنز نے 156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پاور پلے میں ہی مضبوط بنیاد رکھ دی۔ ابتدائی 6 اوورز میں ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز اسکور بنائے۔ کپتان شبھمن گل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 43 رنز اسکور بنایا، تاہم وہ نصف سنچری سے محروم رہے، جب کہ سائی سدرشن صرف 6 رنز بنا سکے۔ گل نے جوش ہیزل ووڈ کے ایک اوور میں 5 باؤنڈریز لگا کر 24 رنز اسکور بنائے اور ٹیم کو تیز رفتار آغاز فراہم کیا۔ درمیانی اوورز میں جوس بٹلر اور واشنگٹن سندر نے اننگز کو سنبھالا۔ بٹلر نے سوئیش شرما کے اوور میں لگاتار دو چھکے لگا کر آئی پی ایل میں اپنے 200 چھکے مکمل کیے، تاہم وہ 8ویں اوور میں 39 رنز بنا کر بھونیشور کمار کا شکار بن گئے۔ بھونیشور نے اس سے قبل گل اور سدرشن کو بھی پویلین بھیجا۔ 9ویں اوور میں سندر کے چھکے کی بدولت گجرات نے 100 رنز کا ہندسہ عبور کیا، لیکن 11ویں اوور میں روماريو شیفرڈ نے شاہ رُخ خان (8) اور سندر (12) کو آؤٹ کر کے میچ میں واپسی کی کوشش کی۔ اختتامی اوورز میں شیفرڈ نے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے ایک اوور میں صرف 5 رنز دیے، تاہم گجرات کی مضبوط شروعات نے ٹیم کو برتری میں رکھا۔ مجموعی طور پر گجرات کی بیٹنگ نے دباؤ برقرار رکھا، لیکن 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر سویش شرما نے جیسن ہولڈر (12 رنز) کو کیچ آؤٹ کرا دیا۔ ہولڈر کے آؤٹ ہونے کے بعد راشد خان نمبر 8 پر بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور راہل تیوتیا کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا ۔