جمعرات، 1 اکتوبر، 2026
اردوहिन्दीEnglish
آواز ای بہار
آواز ای بہار
ہومای پیپرویڈیوزقومیسیاستکھیلتعلیمبہارقومیسیاستکھیلصحتتعلیممضامینعالمی خبریں
اہمقومیسیاستکھیلتعلیمبہارقومیسیاستکھیلصحتتعلیممضامینعالمی خبریں

آواز ای بہار

بہار کی آواز — اردو، ہندی اور انگریزی میں تازہ ترین خبریں

زمرے

  • مقامی
  • قومی
  • سیاست
  • کاروبار
  • ٹیکنالوجی
  • کھیل
  • صحت
  • تعلیم

فوری لنکس

  • ہوم
  • ای پیپر
  • ویڈیوز
  • دن کی تصویر
  • ہمارے بارے میں
  • رابطہ کریں
  • پرائیویسی پالیسی
  • شرائط و ضوابط

نیوز روم

  • ادارتی پالیسی
  • تصحیح و شکایات
  • اشتہارات
  • نیوز روم رابطہ

زبانیں

  • اردو (Urdu)
  • हिन्दी (Hindi)
  • English

ہمیں فالو کریں

Email: awazebihar@gmail.com

Phone: +91-9473486854

© 2026 Awaz E Bihar Publications. جملہ حقوق محفوظ ہیں

Designed and Developed byZeloiteZeloite
ہندوستانی اسلام: روحانیت اور ہم آہنگی کی روایت
  1. ہوم
  2. مضامین
مضامین

ہندوستانی اسلام: روحانیت اور ہم آہنگی کی روایت

Awaz E Bihar•31 جنوری، 2026 کو 03:14 PM•5 ویوز•6 منٹ پڑھیں


حافظ غلام سرور


ہندوستانی مسلمانوں کے موجودہ تشخصی بحران کو عموماً بیرونی سیاسی دباؤ اور حالات کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ ایک نہایت اہم داخلی کشمکش بھی جاری ہے، جو کم زیرِ بحث آتی ہے۔ یہ کشمکش دراصل اُس مقامی، ہم آہنگ اور تہذیبی روایت کے زوال کی ہے جس نے صدیوں تک ہندوستانی اسلام کو زندہ، متحرک اور معاشرے سے جڑا رکھا۔ آج اس روایت کو ایسی سخت گیر اور جامد تعبیرات کے ذریعے چیلنج کیا جا رہا ہے جو ہندوستانی اسلام کی ’’ہندوستانیت ‘‘کو اس کی طاقت کے بجائے ایک کمزوری یا انحراف سمجھتی ہیں۔ یہ محض مذہبی عمل میں تبدیلی نہیں بلکہ اس بات کی تبدیلی ہے کہ برصغیر میں اسلام بطور مذہب اور تہذیب کیسے کام کرتا رہا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم جذباتی نوستالجیا سے آگے بڑھ کر اُن فکری اور سماجی ڈھانچوں کی سنجیدہ بازیافت کریں جنہوں نے اسلام کو اس سرزمین کا حصہ بنایا۔

ہندوستان میں اسلام کسی ایک جامد اور یک رُخی صورت میں وارد نہیں ہوا تھا۔ یہ ایک ایسا مذہب تھا جس نے اپنی بقا اور وسعت کا راز مقامی سماجی، ثقافتی اور فکری ساخت کے ساتھ ہم آہنگ ہونے میں پایا۔ اسلام نے یہاں زبان ہی نہیں بدلی بلکہ تصورات، علامات اور روحانی اظہار کے طریقے بھی مقامی حالات کے مطابق اختیار کیے۔ تیرہویں اور چودہویں صدی کی صوفی روایات اس عمل میں ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتی ہیں، جو اسلام کی غیرملکی ابتدا اور ہندوستانی عوام کی روزمرہ زندگی کے درمیان قائم ہوا۔ چشتی اور سہروردی سلاسل کی خانقاہیں محض روحانی خلوت گاہیں نہیں تھیں بلکہ وہ ایسے مراکز تھیں جہاں اسلامی مابعدالطبیعات کا سامنا ہندوستانی فلسفیانہ روایت اور متنوع مذہبی افکار سے ہوا۔ اس تعامل نے اسلام کی ایک ایسی شکل کو جنم دیا جس میں بنیادی عقائد برقرار رہے مگر رسوم، سماجی تعلقات اور روحانی اظہار مقامی رنگ میں ڈھل گئے۔

اسی لچک اور وسعتِ نظر نے یہ ممکن بنایا کہ اسلام نہ تو ایک اجنبی مذہب بن کر رہ گیا اور نہ ہی صرف اشرافیہ تک محدود رہا، بلکہ وہ ہندوستانی تہذیب کی شناختوں میں سے ایک بن گیا۔ آج بھی اس کے اثرات مقامی بولیوں، شعری استعارات، موسیقی، فنِ تعمیر اور عوامی رسوم میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ وہ اسلام تھا جو زندگی کے ساتھ چلتا تھا، جو عوام کے دکھ سکھ میں شریک ہوتا تھا، اور جو مختلف عقائد کے ماننے والوں کے ساتھ ایک مشترکہ تہذیبی فضا قائم کرتا تھا۔

تاہم، حالیہ دہائیوں میں ایک واضح تبدیلی نظر آتی ہے۔ اصلاح کے نام پر بعض تحریکوں نے‘‘خالص’’یا‘‘پاک’’اسلام کا نعرہ بلند کیا اور مذہب کی ایک لفظی اور سیاق سے کٹی ہوئی تعبیر کو فروغ دیا۔ جدید دور میں عالمی نیٹ ورکس، ڈیجیٹل میڈیا اور منظم نظریاتی مواد نے اس رجحان کو مزید تقویت دی۔ اس سوچ کے تحت اُس ہندوستانی اسلام کو، جس کی پہچان درگاہوں کی عقیدت، میلوں ٹھیلوں کی روایت اور مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت تھی، بدعت، آلودگی یا انحراف قرار دیا جانے لگا۔ یوں ایک ایسا تضاد پیدا ہوا جس میں مقامی مذہبی ورثہ خود اپنے ماننے والوں کی نگاہ میں مشکوک بنتا چلا گیا۔

اس ثقافتی اور روحانی ورثے کے زوال کی فکری قیمت ہندوستانی مسلمانوں کو بھاری پڑی ہے۔ جب ایک برادری اپنی تاریخ اور روایت کو شک کی نگاہ سے دیکھنے لگے تو وہ اُن اوزاروں سے محروم ہو جاتی ہے جو اسے ایک متنوع معاشرے میں جینے اور پھلنے پھولنے کے قابل بناتے ہیں۔ ہم آہنگی اور اشتراک نے ہندوستانی مسلمانوں کو اس قابل بنایا تھا کہ وہ اپنی مذہبی شناخت برقرار رکھتے ہوئے وسیع تر ہندوستانی بیانیے کا حصہ بن سکیں۔ مشترکہ زبانیں، شاعری، موسیقی اور فنِ تعمیر وہ مشترکہ تہذیبی میدان تھے جہاں مختلف عقائد کے لوگ ایک دوسرے سے جڑتے تھے۔ ان سب کو ترک کرنے کی کوشش، اور اس کی جگہ ایک یک رُخی لفظی تعبیر کو اپنانا، بالواسطہ طور پر اُس فرقہ وارانہ بیانیے کو تقویت دیتا ہے جو مسلمانوں کو‘‘غیر’’ثابت کرنے پر تُلا ہوا ہے، گویا ان کی تہذیبی وفاداریاں کہیں اور ہوں۔

یہ سخت گیری خود اسلامی فقہ کی تاریخی حقیقت کو بھی نظرانداز کرتی ہے۔ اسلامی قانون کی روایت میں زمان (وقت) اور مکان (جگہ) کی اہمیت کو ہمیشہ تسلیم کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے بڑے علماء، جن میں مولانا ابوالکلام آزاد جیسے مفکر شامل ہیں، اس بات سے بخوبی واقف تھے کہ مذہب کو اپنے ماحول کے مخصوص حالات سے مکالمہ کرنا ہوتا ہے۔ مولانا آزاد کا تصورِ‘‘متحدہ قومیت’’محض ایک سیاسی حکمتِ عملی نہیں تھا بلکہ ایک گہرا دینی و فکری موقف بھی تھا۔ ان کے نزدیک اسلام کا آفاقی پیغام ہندوستان کی تاریخی اور جغرافیائی حقیقتوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکتا تھا اور یہی اس کی اصل قوت تھی۔ آج جو سیاق سے کٹی ہوئی لفظیت پسندی فروغ پا رہی ہے، وہ دراصل اسی فکری ورثے سے انحراف ہے۔ یہ دین کے ساتھ سنجیدہ، تجزیاتی مکالمے کی جگہ محض ظاہری علامات اور دفاعی رویوں کو ترجیح دیتی ہے۔

لہٰذا ہندوستانی اسلام کی روحانی اور ہم آہنگ جڑوں کی بازیافت محض ایک رومانوی خواہش نہیں بلکہ مستقبل کی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنی تہذیبی زمین میں کھڑے ہو کر اپنے دین کی تعبیر کا حق دوبارہ حاصل کیا جائے۔ اس میں یہ تسلیم کرنا شامل ہے کہ درگاہ اور مسجد دونوں ہندوستانی اسلامی تجربے کے مرکزی عناصر ہیں۔ یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ صوفی اور بھکتی روایتوں کا باہمی تعامل دین کی کمزوری نہیں بلکہ روحانی سطح پر ایک تخلیقی ملاقات تھا جس نے عبادت اور اخلاق کے نئے سانچے تشکیل دیے۔ اس ورثے کا تحفظ دراصل ہندوستان کے سماجی تانے بانے کا تحفظ ہے۔

آج کا ہندوستانی مسلمان ایک دوہرے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے: ایک طرف تعصب اور امتیاز کی قوتیں ہیں اور دوسری طرف داخلی سطح پر شناخت کو سادہ اور یکساں بنانے کی کوششیں۔ ان دونوں کے مقابلے میں روحانیت اور ہم آہنگی کی روایت ایک مضبوط سہارا فراہم کرتی ہے، جس نے ایک ہزار برس تک اس خطے میں اسلام کو زندہ رکھا۔ ہندوستانی مسلمان آج بھی ایک طاقتور متبادل بیانیہ پیش کر سکتے ہیں ۔ایسا بیانیہ جو سخت گیر اور تقسیم کرنے والی نظریات کو رد کرتا ہو۔ وہ یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ اسلام کوئی نازک درآمدی شے نہیں جسے زندہ رہنے کے لیے تنہائی درکار ہو، بلکہ یہ ایک مضبوط، جیتی جاگتی روایت ہے جو ہمیشہ تکثیریت کی روشنی میں پھلی پھولی ہے۔ ہندوستانی اسلام کا مستقبل اسی میں ہے کہ وہ بیک وقت پورے اعتماد کے ساتھ مسلمان بھی ہو اور پوری وضاحت کے ساتھ ہندوستانی بھی ۔یہ کوئی خواب نہیں بلکہ تاریخ میں بارہا ثابت ہونے والی حقیقت ہے۔


شیئر کریں:

More from مضامین

عبد الجلیل مستان
مضامین

عبد الجلیل مستان

28 ستمبر، 2026
آٹھ سال کے بعد اردو ڈائرکٹریٹ، پٹنہ کا بے مثال جشن اردو
مضامین

آٹھ سال کے بعد اردو ڈائرکٹریٹ، پٹنہ کا بے مثال جشن اردو

28 اگست، 2026
آزادی کے بعد آزادی کی تلاش،خواب ابھی باقی ہے
مضامین

آزادی کے بعد آزادی کی تلاش،خواب ابھی باقی ہے

21 اگست، 2026
سپریم کورٹ کا حکم، انتظامی ضوابط اور جدید معاشی تحفظ کا پیغام
مضامین

سپریم کورٹ کا حکم، انتظامی ضوابط اور جدید معاشی تحفظ کا پیغام

21 اگست، 2026
شوبھندو حکومت کے 100 دن
مضامین

شوبھندو حکومت کے 100 دن

20 اگست، 2026
​پولیس تشدد کے خلاف اہم فیصلہ
مضامین

​پولیس تشدد کے خلاف اہم فیصلہ

13 جولائی، 2026