اسرائیلی فورسز نے انروا کے ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول کر اقوام متحدہ کا پرچم زبردستی اتار لیا
Awaz E Bihar••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
اسرائیلی فورسز نے مشرقی یروشلم میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کے ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول کر یو این پرچم زبردستی اتار لیا۔ قابض اسرائیلی افواج نے اقوام متحدہ کے فلسطین میں امدادی سرگرمیوں میں متحرک ادارے کے مرکزی دفتر پر چھاپا مارا ہے، چھاپے کے دوران اسرائیلی فورسز نے رابطے کے لیے استعمال ہونے والے تمام وسائل کو کاٹ دیا تاکہ دفتر کی حدود میں ہونے والی اس کارروائی کو دنیا سے چھپایا جا سکے۔ چھاپے کے بعد اسرائیلی فوج نے دفتر کی عمارت سے اقوام متحدہ کا پرچم ہٹا کر اسرائیلی جھنڈا بھی لہرا دیا۔ روئٹرز کے مطابق پیر کے روز اسرائیلی حکام اقوامِ متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی (انروا) کے مشرقی یروشلم میں واقع دفاتر میں داخل ہوئے اور چھاپے کے دوران اسرائیل کا پرچم لہرایا۔ اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی ٹیکسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کی گئی۔ اقوامِ متحدہ کی فلسطینی امدادی ایجنسی انروا کے کمشنر جنرل فلپ لا زارینی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر واقعے کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ یو این رکن ملک کی حیثیت سے اسرائیل پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ یو این کی حد بندی میں آنے والے دفتر کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے اس کا احترام کرے۔ واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی پر اسرائیل جانب داری کا الزام عائد کرتا آ رہا ہے، اس ایجنسی نے اس سال کے آغاز سے یہ عمارت استعمال نہیں کی، کیوں کہ اسرائیل نے اسے تمام مقامات خالی کرنے اور اپنی سرگرمیاں روکنے کا حکم دیا ہوا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس چھاپے کی سخت مذمت کی اور کہا ''یہ کمپاؤنڈ بدستور اقوامِ متحدہ کی ملکیت ہے اور اسے کسی بھی قسم کی مداخلت سے استثنیٰ حاصل ہے، میں اسرائیل پر زور دیتا ہوں کہ وہ فوری طور پر تمام ضروری اقدامات کرے تاکہ انروا کے احاطے کی حرمت کو بحال، محفوظ اور برقرار رکھا جا سکے اور ان احاطوں سے متعلق مزید کسی کارروائی سے گریز کیا جائے۔ انروا کے سربراہ فلیپ لازارینی نے ایکس پر لکھا کہ اسرائیل کا یہ اقدام دنیا میں جہاں کہیں بھی اقوامِ متحدہ موجود ہے وہاں ایک خطرناک نظیر قائم کر سکتا ہے۔ ادھر یروشلم میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ٹیکس حکام نے ایک کروڑ 10 لاکھ شیکل (3.4 ملین ڈالر) کی غیر ادا شدہ پراپرٹی ٹیکس کی وجہ سے انروا کمپاؤنڈ پر چھاپا مارا، چھاپے سے قبل متعدد وارننگز جاری کی گئی تھیں اور تمام ضروری طریقۂ کار پر عمل کیا گیا تھا۔ میونسپلٹی نے روئٹرز کو بتایا کہ یہ ایک بھاری قرض تھا جس کی وصولی ضروری تھی، بار بار درخواستیں، وارننگز اور تصفیے کے بے شمار مواقع فراہم کیے گئے جن کا جواب نہیں دیا گیا۔ تاہم، انروا کے ترجمان جوناتھن فاؤلر نے کہا کہ ایجنسی پر میونسپلٹی کا کوئی قرض واجب الادا نہیں ہے۔