جمعرات، 1 اکتوبر، 2026
اردوहिन्दीEnglish
آواز ای بہار
آواز ای بہار
ہومای پیپرویڈیوزقومیسیاستکھیلتعلیمبہارقومیسیاستکھیلصحتتعلیممضامینعالمی خبریں
اہمقومیسیاستکھیلتعلیمبہارقومیسیاستکھیلصحتتعلیممضامینعالمی خبریں

آواز ای بہار

بہار کی آواز — اردو، ہندی اور انگریزی میں تازہ ترین خبریں

زمرے

  • مقامی
  • قومی
  • سیاست
  • کاروبار
  • ٹیکنالوجی
  • کھیل
  • صحت
  • تعلیم

فوری لنکس

  • ہوم
  • ای پیپر
  • ویڈیوز
  • دن کی تصویر
  • ہمارے بارے میں
  • رابطہ کریں
  • پرائیویسی پالیسی
  • شرائط و ضوابط

نیوز روم

  • ادارتی پالیسی
  • تصحیح و شکایات
  • اشتہارات
  • نیوز روم رابطہ

زبانیں

  • اردو (Urdu)
  • हिन्दी (Hindi)
  • English

ہمیں فالو کریں

Email: awazebihar@gmail.com

Phone: +91-9473486854

© 2026 Awaz E Bihar Publications. جملہ حقوق محفوظ ہیں

Designed and Developed byZeloiteZeloite
اخلاقؔ لنچنگ کیس: عدالتی موقف اور آئین کی بالادستی
  1. ہوم
  2. مضامین
مضامین

اخلاقؔ لنچنگ کیس: عدالتی موقف اور آئین کی بالادستی

Awaz E Bihar•25 دسمبر، 2025 کو 12:55 PM•4 ویوز•8 منٹ پڑھیں

ڈاکٹر سید تابش امام
کسی بھی جمہوری ریاست کی اصل طاقت محض آئینی دفعات، انتخابی رسومات یا سرکاری بیانات میں مضمر نہیں ہوتی، بلکہ اس کے عدالتی رویّہ اخلاقی جرأت اور کمزور شہری کے حق میں کھڑے ہونے کی عملی صلاحیت سے متعین ہوتی ہے۔ ریاست اس وقت اپنے وجود کا جواز کھو بیٹھتی ہے جب وہ انصاف کو طاقتور بیانیوں، سیاسی مصلحتوں اور اکثریتی دباؤ کے تابع کر دے۔ ہندوستان میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہجومی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات اسی ریاستی کمزوری کا عکاس ہیں، اور ان ہی واقعات کے بیچ دادری لنچنگ کیس ایک ایسا آئینہ ہے جس میں نہ صرف ریاستی مشینری بلکہ پورے سماج کا چہرہ صاف دکھائی دیتا ہے۔دادری کے اخلاقؔ لنچنگ کیس میں اتر پردیش حکومت کی جانب سے مقدمہ واپس لینے کی کوشش اور اس پر عدالت کا واضح اور غیر مبہم انکار اسی بنیادی اصول کا اعادہ ہے۔ یہ فیصلہ محض ایک فوجداری مقدمہ کی کارروائی نہیں، بلکہ ریاستی نیت، سیاسی ترجیحات اور انصاف کے تئیں حکومتی رویّہ کا ایک کھلا محاسبہ ہے۔
محمد اخلاقؔ کا قتل محض ایک فرد کی جان لینے کا سانحہ نہیں تھا، بلکہ یہ ہندوستانی جمہوریت کے ضمیر پر ایک کاری ضرب تھی۔ اس واقعہ سے اس بنیادی سوال کاظہور ہوا کہ کیا ہندوستانی ریاست واقعی اپنے ہر شہری کو مساوی تحفظ دینے کی اہل اور خواہش مند ہے، یا پھر مذہبی شناخت اور سیاسی مصلحتیں انصاف کے ترازو کو جھکا دیتی ہیں؟
عدالت کا فیصلہ: آئینی اصولوں کی بازگشت
23 دسمبر کو مقامی عدالت کی جانب سے اتر پردیش حکومت کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جانا، جس میں محمد اخلاقؔ کے قتل کے مقدمہ کو واپس لینے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔عدلیہ کایہ فیصلہ محض ایک عدالتی کارروائی نہیں بلکہ آئینی اخلاقیات کی ایک مضبوط توثیق ہے۔ عدالت کا یہ کہنا کہ حکومت کی درخواست “بے بنیاد” اور “غیر سنجیدہ” ہے، دراصل ریاست کو اس کی آئینی ذمہ داریوں کی یاد دہانی ہے۔عدالت نے واضح الفاظ میں یہ اصول طے کیا کہ قتل اور ہجومی تشدد جیسے سنگین جرائم میں حکومت کسی بھی صورت سہولت کار نہیں بن سکتی۔ انصاف کوئی سیاسی رعایت نہیں بلکہ ریاست کا آئینی فریضہ ہے، اور اس فریضہ سے انحراف جمہوری نظام کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگرچہ انتظامیہ اور سیاست اکثر کمزور پڑ جاتی ہے، مگر عدلیہ اب بھی آئین کی روح کو زندہ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
28 ستمبر 2015 کی رات دادری کے گاؤں بسہڑا میں جو کچھ ہوا، وہ محض ایک اچانک اشتعال کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ ایک منظم ذہنیت کا اظہار تھا۔ ایک افواہ — کہ محمد اخلاقؔ کے گھر میں گائے کا گوشت رکھا گیا ہے — نے ایک ہجوم کو اس حد تک مشتعل کر دیا کہ وہ قانون، اخلاق اور انسانیت سبھی حدود پامال کرتے ہوئے ایک معصوم شخص کو اس کے گھر سے گھسیٹ کر قتل کر دیتا ہے۔
یہ واقعہ اس حقیقت کو عیاں کرتا ہے کہ جب افواہ، مذہبی جنون اور سیاسی پشت پناہی ایک ساتھ مل جائیں تو قانون کی عملداری کس طرح معطل ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد گاؤں کی اجتماعی خاموشی اور ابتدائی ریاستی بے عملی اس سماجی تعصب کی علامت بنی جس نے انصاف کے راستے میں دیوار کھڑی کر دی۔
اخلاقؔ لنچنگ صرف ایک فرد کی جان لینے کا معاملہ نہیں تھا، بلکہ اس نے آئین میں دی گئی مساوات، شخصی آزادی اور سیکولرزم کی ضمانتوں کو براہِ راست چیلنج کیا۔ یہ ایک ایسا لمحہ تھا جہاں ریاست کو غیر مبہم طور پر قانون کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا، مگر اس نے طویل عرصہ تک تذبذب کا مظاہرہ کیا۔
اتر پردیش حکومت کی جانب سے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 321 کے تحت مقدمہ واپس لینے کی کوشش کو “سماجی ہم آہنگی” کا نام دینا بذاتِ خود ایک خطرناک دلیل ہے۔ قتل جیسے سنگین جرم کو سماجی ہم آہنگی کے پردے میں چھپانا انصاف کے تصور کی صریح نفی ہے۔ عدالت نے بجا طور پر اس نکتہ کی نشاندہی کی کہ گواہوں کے بیانات قلم بند ہو جانے کے بعد مقدمہ واپس لینا، انصاف کے پورے عمل کو بے معنی بنا دیتا ہے۔
یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ اس مقدمہ کے ملزمان میں ایسے افراد شامل تھے جن کے مقامی سیاسی روابط بتائے جاتے ہیں، حتیٰ کہ ایک ملزم کا تعلق حکمراں جماعت کے ایک بااثر سیاسی خاندان سے جوڑا گیا۔ ایسے حالات میں ریاستی غیر جانبداری پر سوال اٹھنا فطری ہے۔ حکومت کی درخواست نے ان خدشات کو مزید تقویت دی کہ یہ قدم قانونی نہیں بلکہ سیاسی دباؤ کے تحت اٹھایا گیا۔
وکیل محمد یوسف سیفی کا یہ بیان کہ حکومت کے دلائل وہی تھے جو پہلے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں میں مسترد ہو چکے تھے، اس تضاد کو مزید نمایاں کرتا ہے۔ اگر وہ دلائل اس وقت ناقابلِ قبول تھے تو اب انہیں قبول کرنے کی کوشش کیوں کی گئی؟ اس سوال کا جواب خود بخود ریاستی نیت کی سمت اشارہ کرتا ہے۔
عدالت کا گواہوں کے تحفظ اور روزانہ سماعت کا حکم دینا محض انتظامی نوعیت کا فیصلہ نہیں بلکہ انصاف کے پورے عمل کی حفاظت کا اعلان ہے۔ ہندوستانی معاشرہ میں، جہاں ہجومی تشدد کے مقدمات میں گواہوں کو خوف زدہ کر کے یا لالچ دے کر خاموش کرا دیا جاتا ہے، یہ حکم غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
عدالت نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ انصاف کا سب سے نازک مرحلہ وہ ہوتا ہے جہاں سچ بولنے والوں کو تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے۔ گواہوں کا تحفظ دراصل سچ کا تحفظ ہے، اور یہی وہ نکتہ ہے جہاں ریاست کا اصل امتحان شروع ہوتا ہے۔
ہجومی تشدد: ایک خطرناک روایت
دادری کا واقعہ ہندوستان میں ہجومی تشدد کی ایک نئی اور خطرناک روایت کا نقطۂ آغاز ثابت ہوا۔ اس کے بعد گؤ رکھشا، مذہبی افواہوں اور شناختی بنیادوں پر متعدد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ان میں سے بیشتر مقدمات یا تو ثبوتوں کی کمی کا شکار ہو گئے یا ریاستی بے عملی کے باعث بے اثر ثابت ہوئے۔
اگر دادری کیس میں مقدمہ واپس لینے کی اجازت دے دی جاتی تو یہ پیغام جاتا کہ ریاست نے ہجومی تشدد کو بالواسطہ قبول کر لیا ہے۔ عدالت کے انکار نے اس خطرناک روایت کے خلاف ایک مضبوط علامتی دیوار کھڑی کی ہے۔
میڈیا، بیانیہ اور اصل جرم کی گمشدگی
اخلاقؔ کے قتل کے فوراً بعد قومی مباحثہ کا رخ مقتول کے فریزر میں موجود گوشت کی نوعیت کی طرف موڑ دیا گیا۔ میڈیا کے ایک حصہ نے اس بحث کو مرکزی بنا کر اصل جرم — یعنی ایک بے گناہ شہری کے قتل — کو پس منظر میں دھکیل دیا۔ یہ محض صحافتی لغزش نہیں بلکہ سماجی بے حسی اور تعصّب کی عکاس تھی۔
عدالت کا حالیہ فیصلہ اسی مسخ شدہ بیانیہ کی جزوی تلافی ہے۔ اس نے واضح کیا کہ اصل سوال یہ نہیں تھا کہ اخلاقؔ کے گھر میں کیا رکھا تھا، بلکہ یہ کہ اس کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔ یہی تمیز آئین کی روح ہے، اور یہی ایک مہذب سماج کی پہچان۔
سیکولر ریاست کا آئینی امتحان
آئینی نقطۂ نظر سے دادری لنچنگ ہندوستانی سیکولرازم کے لیے ایک سخت آزمائش تھی۔ اگر کسی شہری کو اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر مارا جائے اور ریاست کمزور ردِعمل دکھائے، تو یہ نہ صرف آئینی ضمانتوں بلکہ انسانی شرافت کے بنیادی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔عدالت کا انکار اگرچہ انصاف کی مکمل منزل نہیں، مگر آئینی اقدار کی معنوی بحالی کی ایک اہم کڑی ضرور ہے۔ اب مقدمہ کی آئندہ کارروائی — گواہوں کا تحفظ، عدالتی شفافیت اور انتظامیہ کی غیر جانبداری — تینوں مل کر یہ طے کریں گے کہ یہ فیصلہ محض علامتی رہے گا یا عملی انصاف کی بنیاد بنے گا۔
انصاف کی راہ ابھی باقی
محمد اخلاقؔ کے خاندان کے لیے یہ فیصلہ وقتی اطمینان کا باعث ضرور ہے، مگر انصاف کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا۔ عدالتی سماعتیں، گواہوں پر دباؤ اور سیاسی مداخلتیں اس سفر کو دشوار بناتی رہیں گی۔ حقیقی انصاف کے لیے ریاست، عدلیہ اور سماج — تینوں کو اجتماعی عزم کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ دادری لنچنگ کیس محض ایک فوجداری مقدمہ نہیں بلکہ ہندوستانی جمہوریت کے ضمیر کا مقدمہ ہے۔ عدالت نے ریاست کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ آئین کی نگہبانی عدلیہ کی اولین ذمہ داری ہے، چاہے سیاسی طاقتوں کو یہ کتنا ہی ناگوار کیوں نہ گزرے۔اب یہ ریاست، سیاست اور سماج پر منحصر ہے کہ وہ اس فیصلے کو ایک رسمی عدالتی کارروائی سمجھتے ہیں یا انصاف اور قانون کی بالادستی کے سفر کا نقطۂ آغاز مانتے ہیں۔ اصل امتحان اب شروع ہوتا ہے — آئین کے لیے، عدالت کے لیے، اور ہماری اجتماعی انسانیت کے لیے۔

شیئر کریں:

More from مضامین

عبد الجلیل مستان
مضامین

عبد الجلیل مستان

28 ستمبر، 2026
آٹھ سال کے بعد اردو ڈائرکٹریٹ، پٹنہ کا بے مثال جشن اردو
مضامین

آٹھ سال کے بعد اردو ڈائرکٹریٹ، پٹنہ کا بے مثال جشن اردو

28 اگست، 2026
آزادی کے بعد آزادی کی تلاش،خواب ابھی باقی ہے
مضامین

آزادی کے بعد آزادی کی تلاش،خواب ابھی باقی ہے

21 اگست، 2026
سپریم کورٹ کا حکم، انتظامی ضوابط اور جدید معاشی تحفظ کا پیغام
مضامین

سپریم کورٹ کا حکم، انتظامی ضوابط اور جدید معاشی تحفظ کا پیغام

21 اگست، 2026
شوبھندو حکومت کے 100 دن
مضامین

شوبھندو حکومت کے 100 دن

20 اگست، 2026
​پولیس تشدد کے خلاف اہم فیصلہ
مضامین

​پولیس تشدد کے خلاف اہم فیصلہ

13 جولائی، 2026