زمین کے معاملات لٹکانے والے افسران کی خیر نہیں دلیپ جیسوال کا سخت انتباہ
Awaz E Bihar
••4 ویوز•4 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 9 اکتوبر(اے بی این) وزیر برائے محصولات و اراضی اصلاحات ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال نے محکمہ کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ زمین سے متعلق تمام زیر التوا معاملات کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے اور عام لوگوں کو محکمہ کی خدمات کا فائدہ وقت پر فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو انتظامیہ کی ذمہ داری صرف سرکاری کاموں کی تکمیل تک محدود نہیں، بلکہ عوام کے مسائل کا بروقت حل بھی اس کی اہم ذمہ داری ہے۔ اس لیے کسی بھی سطح پر لاپروائی یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر جمعہ کو پٹنہ کے شاستری نگر واقع ریونیو سروے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں تمام اضلاع کے ایڈیشنل کلکٹروں (ریونیو) کے کام کاج کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے زمین سے متعلق مختلف اسکیموں، زیر التوا درخواستوں، ریونیو عدالتوں کے معاملات اور خصوصی مہموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ جائزہ میٹنگ میں جمعبندی کے ریکارڈ میں غلطیوں کی اصلاح اور متوفی زمین مالکان کے ورثا کے نام انتقال کے لیے چلائی جارہی 45 روزہ خصوصی مہم کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر جیسوال نے ہدایت دی کہ اس مہم کے مقاصد کو مقررہ مدت میں پورا کرنے کے لیے افسران مسلسل نگرانی کریں اور کام کی رفتار مزید تیز کریں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کے لیے عوامی نمائندوں کا تعاون بھی ضروری ہے۔ افسران ان کے ساتھ میٹنگ کرکے گاؤں کی زمین اور متعلقہ ریکارڈ کے درست اعداد و شمار حاصل کریں، تاکہ جمعبندی کی اصلاح اور وراثتی انتقال کے معاملات کو درست طریقے سے نمٹایا جاسکے۔ وزیر نے داخل خارج (میوٹیشن) کے زیر التوا معاملات کو مقررہ مدت میں نمٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے جمعبندی اور زمین کے ریکارڈ میں موجود خامیوں کو دور کرنے، ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے اور اس کی درستگی یقینی بنانے پر خصوصی زور دیا۔انہوں نے ریونیو مہا ابھیان کے دوران موصول درخواستوں کو موجودہ اصلاحی مہم کے تحت نمٹانے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ ’پریمارجن‘ کے تحت پہلے سے موصول درخواستوں کو بھی جلد حل کرنے کو کہا، تاکہ زمین کا ریکارڈ درست اور تازہ ہوسکے اور عام لوگوں کو بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ ڈاکٹر جیسوال نے ’ابھیان بسیرا‘ کے تحت موصول نامکمل درخواستوں کے معاملے میں محکمہ کی جانب سے ضروری فارم دستیاب کرانے اور اس کام میں وکاس متروں کی مدد لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی ضروری معلومات مکمل کرنے اور جانچ کے بعد ہی انہیں آن لائن کیا جائے، تاکہ ریکارڈ کی تصدیق درست طریقے سے ہوسکے اور مستحق افراد کو فائدہ پہنچانے میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ وزیر نے خصوصی اراضی سروے کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لینے اور متعلقہ افسران کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سرکاری اور عوامی زمین کے ریکارڈ کو منظم رکھنے، تجاوزات کی نشاندہی کرنے اور ضابطے کے مطابق انہیں ہٹانے کی کارروائی تیز کرنے پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ ریونیو عدالتوں میں زیر التوا زمین تنازعات کے معاملات کا جائزہ لینے، زمین کی مالگزاری کی وصولی کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنے اور سرکاری منصوبوں کے لیے اراضی کے حصول سے متعلق معاملات میں مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ ڈاکٹر جیسوال نے تمام ایڈیشنل کلکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں زمین اصلاحات کے ڈپٹی کلکٹر (ڈی سی ایل آر) اور سرکل افسران کے کاموں کی باقاعدہ نگرانی کریں۔ زیر التوا درخواستوں، ریونیو عدالتوں کے مقدمات اور محکمہ کی خدمات کی فراہمی کی پیش رفت پر نظر رکھی جائے۔ جہاں کام کی رفتار تسلی بخش نہ ہو، وہاں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لے کر ضروری اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔محکمہ کے سکریٹری جے سنگھ نے ای مپائی کے زیر التوا معاملات کو جلد نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ تمام سرکلوں کو خصوصی سروے امین دستیاب کرائے گئے ہیں۔ ان کی مدد سے زمین کی پیمائش کے زیر التوا معاملات میں تیزی لائی جائے اور ان کے کام کی مسلسل نگرانی کی جائے۔وہیں سکریٹری سیما ترپاٹھی نے افسران کو ہدایت دی کہ زمین کے غیر اسکین شدہ ریکارڈ کو ترجیحی بنیاد پر اسکین کرایا جائے اور متعلقہ لاگ اِن میں موصول درخواستوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ڈیجیٹل ریکارڈ کی اسکیننگ کے معیار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں محکمہ کے ایڈیشنل سکریٹری امیت کمار پانڈے، ڈاکٹر مہندر پال، آجیِو وتس راج، ڈپٹی ڈائریکٹر مونا جھا، خصوصی افسر مَنی بھوشن کشور اور انوپم پرکاش، اسسٹنٹ ڈائریکٹر و محکمہ جاتی رابطہ عامہ افسر جوہی کماری سمیت دیگر سینئر افسران اور تمام اضلاع کے ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) موجود تھے۔