مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

اشوک چودھری کی قانون ساز کونسل کی رکنیت ختم کرکے وزارت سے برطرف کیا جائے: منوج جھا

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

راج بھون کے تبصرے سے ضابطوں کی خلاف ورزی کا معاملہ واضح ہوتا ہے اگر کوئی شخص پہلے لیکچرر ہوتا اور بعد میں ایوان کا رکن بنتا تو صورت حال مختلف ہوتی، لیکن قانون ساز کونسل کا رکن رہتے ہوئے لیکچرر کے عہدے پر ذمہ داری سنبھالنا قانوناً درست نہیں ہے۔

پٹنہ، 18 نومبر (اے بی این) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی چیف ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن پروفیسر منوج کمار جھا نے بہار حکومت کے وزیر اشوک کمار چودھری پر بیک وقت تین عہدوں پر فائز رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی قانون ساز کونسل کی رکنیت ختم کرنے اور انہیں فوری طور پر وزارت سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پروفیسر جھا نے بدھ کو آر جے ڈی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اشوک چودھری نے قانون ساز کونسل کا رکن رہتے ہوئے اے این کالج میں لیکچرر کے عہدے پر تقرری حاصل کرکے مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قانون (آفس آف پرافٹ) کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گورنر کے دفتر سے جاری رپورٹ میں اس معاملے سے متعلق حقائق سامنے آئے ہیں۔

راجیہ سبھا کے رکن نے کہا کہ اشوک چودھری نے 56-57 سال کی عمر میں اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے لیکچرر کی ملازمت حاصل کی اور 17 اگست 2026 کو اے این کالج میں اپنے عہدے پر ذمہ داری سنبھالی۔ اس کے اگلے ہی دن انہوں نے چھٹی کے لیے درخواست دے دی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تقرری کے پورے عمل کے دوران اشوک چودھری قانون ساز کونسل کے رکن تھے اور وہ آج بھی قانون ساز کونسل کے رکن اور وزیر، دونوں عہدوں پر برقرار ہیں۔

آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگست 2026 میں پاٹلی پتر یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ میٹنگ میں یہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد اس پر گورنر سے رائے طلب کی گئی تھی۔ راج بھون کے تبصرے سے ضابطوں کی خلاف ورزی کا معاملہ واضح ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص پہلے لیکچرر ہوتا اور بعد میں ایوان کا رکن بنتا تو صورت حال مختلف ہوتی، لیکن قانون ساز کونسل کا رکن رہتے ہوئے لیکچرر کے عہدے پر ذمہ داری سنبھالنا قانوناً درست نہیں ہے۔

پروفیسر جھا نے 2006 میں جیا بچن کی راجیہ سبھا کی رکنیت ختم کیے جانے کے معاملے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مفادات کے عہدے پر فائز ہونے کی وجہ سے ان کی رکنیت ختم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اشوک چودھری بیک وقت قانون ساز کونسل کے رکن، وزیر اور لیکچرر کے عہدوں پر فائز ہیں۔ ایسے میں یہ واضح طور پر مفادات کے عہدے (آفس آف پرافٹ) کا معاملہ ہے اور ان کی رکنیت ختم کی جانی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ راج بھون کے بعد اس معاملے میں قانونی رائے حاصل کرنے کے لیے اٹارنی جنرل کے پاس بھی بھیجا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو بلا تاخیر قانونی کارروائی کرنی چاہیے۔ اگر ایسا نہیں کیا جاتا ہے تو یہ سمجھا جائے گا کہ وزیر اعلیٰ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کے لیے انہیں بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں سابق وزیر محمد اسرائیل منصوری، ریاستی چیف ترجمان شکتی سنگھ یادو، قانون ساز کونسل کے رکن قاری محمد صہیب اور ریاستی ترجمان اعجاز احمد بھی موجود تھے۔