مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

بے ضابطگیوں کی شکایات پر بہار بھودان یگیہ کمیٹی تحلیل

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

تقسیم شدہ زمینوں کی بھی ہوگی جانچ، ضرورت مندوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے حکومت کا فیصلہ؛ فروری 2027 تک 3310 عہدوں پر تقرری کا ہدف

پٹنہ۔ بہار حکومت نے زمین کی تقسیم میں مسلسل بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کی شکایات سامنے آنے کے بعد بہار بھودان یگیہ کمیٹی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا اعلان بدھ کے روز وزیر برائے محصولات و اراضی اصلاحات ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال نے اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھودان تحریک کے بنیادی مقاصد کے مطابق ضرورت مندوں اور بے زمین خاندانوں کو زمین فراہم کرنے کے بجائے اس کی تقسیم میں کئی طرح کی بے قاعدگیوں کا خدشہ سامنے آیا ہے۔ اسی کے پیش نظر حکومت نے کمیٹی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر دلیپ کمار جیسوال نے بتایا کہ ونوبا بھاوے کی اپیل پر اس وقت کے زمینداروں نے بہار بھودان یگیہ کمیٹی کو مجموعی طور پر 6 لاکھ 48 ہزار 593 ایکڑ زمین عطیہ کی تھی۔ بھودان تحریک کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ زمین عطیہ کرنے والوں کی جانب سے فراہم کردہ اراضی ضرورت مندوں اور بے زمین خاندانوں میں تقسیم کی جائے، تاکہ انہیں رہائش اور روزگار کے لیے زمین مل سکے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 3 لاکھ 46 ہزار 494 ایکڑ زمین کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔ ان میں سے 2 لاکھ 42 ہزار 601 ایکڑ زمین ضرورت مندوں اور سرکاری ضروریات کی تکمیل کے لیے تقسیم کی جاچکی ہے۔ باقی ماندہ تقریباً 6 ہزار 235 ایکڑ زمین بھی ضرورت مندوں کے درمیان تقسیم کی جائے گی، جبکہ تقریباً 14 ہزار ایکڑ زمین کی خصوصی جانچ کرائی جارہی ہے، جس کی ابھی تک مکمل نشاندہی نہیں ہوسکی ہے۔

وزیر نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھودان یگیہ کے تحت زمینوں کی تقسیم میں مقررہ مقاصد اور اصولوں کی پوری طرح پاسداری نہیں کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک جن لوگوں کو زمین الاٹ کی گئی ہے، ان کی بھی جانچ ہوگی تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اس کا فائدہ حقیقی طور پر مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کو پہنچا ہے یا نہیں۔ حکومت کا مقصد بھودان تحریک کے اصل جذبے کو بحال کرنا اور زمین کی تقسیم میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیر دلیپ کمار جیسوال نے ریاست میں اراضی سروے کے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے 3310 ملازمین کی تقرری کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محصولات و اراضی اصلاحات محکمہ کے تحت مختلف عہدوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا جارہا ہے اور فروری 2027 تک تمام عہدوں پر تقرری مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ان 3310 عہدوں میں 96 اسسٹنٹ سیٹلمنٹ افسر، 414 خصوصی سروے قانون گو، 2609 خصوصی سروے امین اور 191 خصوصی سروے کلرک کے عہدے شامل ہیں۔وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے حال ہی میں جائزہ میٹنگ کے دوران اراضی سروے کے کام میں تیزی لانے کی واضح ہدایت دی تھی۔ اسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے محکمہ نے تقرری کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ریاست میں زیر التوا اراضی سروے کا کام جلد مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اراضی سروے مکمل ہونے سے زمین سے متعلق تنازعات میں کمی آئے گی۔ اس کے ساتھ ہی زمین کے جھگڑوں کی وجہ سے ہونے والے جرائم پر بھی مؤثر طریقے سے قابو پانے میں مدد ملے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اراضی ریکارڈ کو درست اور شفاف بنایا جائے، تاکہ عام لوگوں کو زمین سے متعلق مسائل اور تنازعات سے نجات مل سکے۔