بے ضابطگیوں کی شکایات پر بہار بھودان یگیہ کمیٹی تحلیل


وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے تیاریوں کا لیا جائزہ، سکیورٹی اور عوامی سہولت پر زور دیا
پٹنہ، 18 نومبر(اے بی این ) وزیر اعظم نریندر مودی کے 21 نومبر کو مجوزہ دورۂ بہار کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے بدھ کے روز ویشالی ضلع کا دورہ کرکے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے کچی درگاہ-راجاپاکر-بیدوپور چھ لین والے گنگا پل (نتیش سیتو) کا معائنہ کیا اور راگھوپور کے رستم پور میں تعمیر شدہ ہیلی پیڈ سمیت وزیر اعظم کے مجوزہ پروگرام کے مقام کا جائزہ لیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 21 نومبر کو وزیر اعظم نریندر مودی نتیش سیتو کو عوام کے نام وقف کریں گے۔ اس موقع پر وہ کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کو ترقی کے مرکزی دھارے سے جوڑنے میں سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا اہم کردار رہا ہے۔ اس پل کا ڈی پی آر 2012 میں تیار ہوا اور 2015 میں اس کی تعمیر شروع ہوئی، جو 2026 میں مکمل ہوئی۔ پل کا نام نتیش سیتو رکھنا ان کی دو دہائیوں کی خدمات کا ایک چھوٹا سا اعزاز ہے۔وزیر اعلیٰ نے راجاپاکر کے بنارسی چوک اور جنداہا-راجاپاکر-مہوا صنعتی علاقے کے جعفر پٹی میں بھی پروگرام کی تیاریوں کا معائنہ کیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ نے ہیلی پیڈ، پارکنگ، ٹریفک، داخلے کے راستوں، طبی سہولتوں اور ہنگامی انتظامات سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔

ڈی جی پی پریتا ورما نے سکیورٹی انتظامات کی جانکاری دی۔وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ اہم سڑکوں کو آمدورفت کے لیے خالی رکھا جائے، مناسب تعداد میں داخلے کے دروازے بنائے جائیں اور پروگرام کے مقام تک جانے والے راستوں پر خاطر خواہ پولیس فورس تعینات کی جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ وقت پر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری، وزیر صحت نشانت، وزیر تعمیراتِ سڑک کمار شیلیندر، بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی، جے ڈی یو کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا، چیف سکریٹری پرتیہ امرت، ڈی جی پی پریتا ورما، ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ اور ایس ایس پی شوبھانک مشرا سمیت کئی عوامی نمائندے اور سینئر افسران موجود تھے۔
admin