بے ضابطگیوں کی شکایات پر بہار بھودان یگیہ کمیٹی تحلیل


اعلان کے بعد نالندہ یونیورسٹی میں خوشی کا ماحول ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی پروگرام سے یونیورسٹی کو تعلیمی، تحقیقی اور عالمی تعاون کے شعبوں میں نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
پٹنہ۔ بہار کی تاریخی علمی و تعلیمی روایت کو عالمی سطح پر نئی شناخت دلانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سال 2027 میں منعقد ہونے والے ایسٹ ایشیا سمٹ یونیورسٹی ہیڈز کانکلیو کی میزبانی ہندوستان کرے گا اور اس بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد بہار کی تاریخی نالندہ یونیورسٹی میں ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے فلپائن کی راجدھانی منیلا میں منعقدہ 21ویں ایسٹ ایشیا سمٹ کے دوران اس کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کو بہار کے لیے بین الاقوامی تعلیمی، تحقیقی اور علمی تعاون کے میدان میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم کے اس اعلان پر وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ منیلا میں ہونے والے تاریخی اعلان کے ساتھ اب نالندہ یونیورسٹی ایسٹ ایشیا سمٹ یونیورسٹی ہیڈز کانکلیو کی میزبانی کرے گی۔ یہ عالمی سطح پر بہار کے وقار کا ایک اور سنہرا باب ہے۔انہوں نے کہا کہ صدیوں سے پوری دنیا کے طلبہ علم حاصل کرنے کے لیے نالندہ آتے رہے ہیں اور آج تاریخ ایک مرتبہ پھر اس سرزمینِ علم کی جانب کروٹ لے رہی ہے۔ اس کانکلیو کے ذریعے بہار کی شاندار علمی روایت کو عالمی سطح پر دوبارہ نمایاں کرنے اور ریاست کے نوجوانوں کو دنیا بھر کے تعلیمی اداروں سے جوڑنے کا بہترین موقع ملے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ آسیان ممالک کے طلبہ کو خصوصی اسکالرشپ فراہم کرنے کی سہولت ملے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے تئیں تمام اہل بہار کی جانب سے اظہارِ تشکر کیا۔
اس اعلان کے بعد نالندہ یونیورسٹی میں خوشی کا ماحول ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی پروگرام سے یونیورسٹی کو تعلیمی، تحقیقی اور عالمی تعاون کے شعبوں میں نمایاں فائدہ پہنچے گا۔ یونیورسٹی کے ممتاز اساتذہ، محققین اور طلبہ کو اپنے علم، تحقیق اور صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔یونیورسٹی کے مطابق یہ پہل تعلیم اور تحقیق کے ذریعے علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے تئیں ہندوستان کے عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ایسٹ ایشیا سمٹ یونیورسٹی ہیڈز کانکلیو کے انعقاد کا بنیادی مقصد رکن ممالک کی یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیم، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی رفتار دینا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں کے سربراہان، ماہرینِ تعلیم، محققین اور طلبہ کو اپنے تجربات، خیالات اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے تبادلے کا موقع ملے گا۔ اس سے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تعلیمی شراکت داری اور طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔منیلا میں منعقدہ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی نے ہندوستان اور آسیان ممالک کے تعلقات کو نئی رفتار اور گہرائی عطا کی ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے ایسٹ ایشیا سمٹ کے رکن ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کے مقصد سے آئندہ یونیورسٹی ہیڈز کانکلیو کی میزبانی ہندوستان کو دینے کی تجویز پیش کی۔
قابل ذکر ہے کہ قدیم نالندہ یونیورسٹی کبھی دنیا کے ممتاز تعلیمی مراکز میں شمار ہوتی تھی۔ یہاں ہندوستان کے علاوہ چین، کوریا، تبت اور جنوب مشرقی ایشیا کے مختلف علاقوں سے طلبہ علم حاصل کرنے آتے تھے۔ ایسے میں 2027 میں بین الاقوامی یونیورسٹی سربراہان کے کانکلیو کا نالندہ میں انعقاد تاریخی ورثے اور جدید اعلیٰ تعلیم کے درمیان ایک اہم رابطہ ثابت ہوسکتا ہے۔اس سے نہ صرف بہار کو عالمی تعلیمی نقشے پر نئی شناخت ملنے کی امید ہے بلکہ تحقیق، بین الاقوامی تعلیمی شراکت داری اور سیاحت کے شعبوں میں بھی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
admin