مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

دودھ کی پیداوار میں ملک کی سرکردہ ریاستوں میں شامل کرنا ہدف: سمراٹ

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سدھا کے ذریعے بہار کی روایتی اور مقامی مصنوعات کو بھی وسیع بازار فراہم کیا جائے گا۔ مکھانہ کی کھیر اور ربڑی جیسی مصنوعات لوگوں تک پہنچنے لگی ہیں۔ اس سے مقامی مصنوعات کی حوصلہ افزائی ہوگی اور دودھ کی کھپت کے ساتھ پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔

پٹنہ، 26 نومبر (اے بی این) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے قومی یومِ دودھ کے موقع پر جمعرات کو کہا کہ دودھ کی پیداوار دیہی معیشت کو مضبوط بنانے، کسانوں کی خوشحالی اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ایک اہم بنیاد ہے۔ بہار حکومت مویشی پروری اور ڈیری شعبے کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

مسٹر چودھری نے کہا کہ ریاست کو دودھ کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی سرکردہ ریاستوں میں شامل کرنا حکومت کا اہم ہدف ہے۔

وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری اور پنچایتی راج راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے پٹنہ میں منعقدہ قومی یومِ دودھ کی تقریب کا چراغ روشن کرکے افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار میں فی الحال روزانہ تقریباً 48 لاکھ لیٹر دودھ پیدا ہو رہا ہے۔ اسے 2030 تک بڑھا کر روزانہ ایک کروڑ لیٹر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے مویشی پروری، ڈیری ترقی اور دودھ جمع کرنے کے نظام کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گودھن یوجنا کے تحت اعلیٰ نسل کی گائے اور بھینس خریدنے کے لیے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس سے مویشی پالنے والوں کو خود روزگار کے مواقع مل رہے ہیں اور بہتر نسل کے جانوروں کے ذریعے دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔مسٹر چودھری نے کہا کہ بہار میں کامفیڈ بہتر کام کر رہا ہے اور ملک بھر میں اس کی سرگرمیوں کا ذکر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'سدھا برانڈ نے اپنے معیار اور اعتبار کی بنیاد پر ملک بھر میں اپنی شناخت قائم کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سدھا کے ذریعے بہار کی روایتی اور مقامی مصنوعات کو بھی وسیع بازار فراہم کیا جائے گا۔ مکھانہ کی کھیر اور ربڑی جیسی مصنوعات لوگوں تک پہنچنے لگی ہیں۔ اس سے مقامی مصنوعات کی حوصلہ افزائی ہوگی اور دودھ کی کھپت کے ساتھ پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سدھا کی جانب سے آسام میں ایک لاکھ لیٹر کی گنجائش والا پروسیسنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ آئندہ دنوں میں مغربی بنگال میں بھی ایک لاکھ لیٹر کی گنجائش کا پروسیسنگ یونٹ شروع کیا جائے گا۔ اس سے بہار کے دودھ پیدا کرنے والوں کو وسیع بازار ملے گا اور ریاست کی اقتصادی سرگرمیوں کو رفتار ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہار میں گائے اور بھینس پالنے کے ساتھ بکری پالنے کو بھی خصوصی طور پر فروغ دیا جائے گا۔ بکری پروری دیہی خاندانوں کی آمدنی بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ سدھا کے توسط سے بکری کے دودھ کی وصولی اور مارکیٹنگ کو فروغ دینے کے لیے روزانہ ایک لاکھ لیٹر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مویشی پروری کے شعبے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے 'پشو سکھی بھی تیار کی جا رہی ہیں، جو مویشی پالنے والوں کو ضروری مدد اور رہنمائی فراہم کریں گی۔