مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

سیوریج وپانی نکاسی کے منصوبوں کے لیے 17,944 کروڑ روپے منظور

Awaz E Bihar5 منٹ کی پڑھائی

اسکیم کے تحت فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں کام کرنے والے تمام زمروں کے انفرادی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو مائیکرو فوڈ انڈسٹری قائم کرنے کے لیے 35 فیصد کی شرح سے زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے تک کی مالی امداد دینے کا التزام ہے

پٹنہ، 25 نومبر (اے بی این) بہار کابینہ نے دارالحکومت پٹنہ میں سیوریج اور نکاسیٔ آب کے نظام کو وسعت دینے اور بہتر بنانے کے لیے 17,944 کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کو انتظامی منظوری دے دی ہے۔مرکزی حکومت کے زیر اہتمام اٹل مشن فار ریجووینیشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن (امرت 2.0) کے تحت منظور شدہ اس رقم سے شہر میں سیوریج نیٹ ورک، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، پمپنگ اسٹیشن، پائپ لائن اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور توسیع کے کام کیے جائیں گے۔

کابینہ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند چودھری نے بتایا کہ کابینہ نے صنعتی علاقوں کی توسیع کے لیے نالندہ، سمستی پور اور شیوہر میں اراضی کے حصول، مائیکرو فوڈ انڈسٹری اسکیم کی مدت میں توسیع، صحت خدمات کو مستحکم کرنے، سڑکوں کی تعمیر، دیہی انتظامی نظام اور مختلف محکموں کے قواعد میں ترمیم سمیت کئی اہم تجاویز کو منظوری دی ہے۔

شہری ترقیات اور ہاؤسنگ محکمہ کی تجویز کے تحت مرکزی حکومت کے زیر اہتمام اٹل مشن فار ریجووینیشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن (امرت 2.0) کے تحت پٹنہ آبی سپلائی اور سیوریج منصوبوں کے لیے 17,94,32,33,900 روپے کی لاگت سے متعلق تجویز کو انتظامی منظوری دی گئی ہے۔اس منصوبے کے تحت پٹنہ کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور نکاسیٔ آب کے نظام کی توسیع، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، پمپنگ اسٹیشن، پائپ لائن، انٹیک ویل اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور جدید کاری کے کام کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں کا مقصد شہر میں نکاسیٔ آب اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔مسٹر چودھری نے بتایا کہ کابینہ نے محکمہ صنعت کی وزیر اعلیٰ مائیکرو فوڈ انڈسٹری اپ گریڈیشن اسکیم کی مدت میں توسیع کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ اسکیم یکم اکتوبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک نافذ رہے گی۔ اس کے لیے 16,451.60 لاکھ روپے کے تخمینی اخراجات کا انتظام کیا گیا ہے۔

اسکیم کے تحت فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں کام کرنے والے تمام زمروں کے انفرادی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو مائیکرو فوڈ انڈسٹری قائم کرنے کے لیے 35 فیصد کی شرح سے زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے تک کی مالی امداد دینے کا التزام ہے۔ کاروباری افراد کو اسکیم سے آگاہ کرنے کے لیے تربیتی پروگرام اور تشہیری سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔صنعتی علاقوں کی توسیع اور سرمایہ کاری و روزگار کے مواقع بڑھانے کے مقصد سے کابینہ نے نالندہ، سمستی پور اور شیوہر اضلاع میں اراضی کے حصول سے متعلق تجاویز کو بھی منظوری دی ہے۔نالندہ ضلع کے امبل۔اسلام پور کے تحت مختلف مواضعات میں مجموعی طور پر 564.37 ایکڑ زمین کے حصول کے لیے 3,82,23,46,306 روپے کی انتظامی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح سمستی پور ضلع میں صنعتی علاقے کی توسیع کے لیے مختلف مواضعات میں مجموعی طور پر 480 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے لیے 2,61,91,98,318 روپے منظور کیے گئے ہیں۔شیوہر ضلع میں بھی مختلف مواضعات کی مجموعی طور پر 250 ایکڑ زمین کے حصول کے لیے 62,37,37,100 روپے کی انتظامی منظوری دی گئی ہے۔امید ظاہر کی گئی ہے کہ ان اضلاع میں صنعتی علاقوں کی توسیع سے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

ایڈیشنل چیف سکریٹری نے بتایا کہ محکمہ کھیل کی جانب سے ریاست میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے، مختلف کھیلوں میں کھلاڑیوں کی تربیت، مقابلوں کے انعقاد اور کھیلوں کی تنظیموں کو تعاون فراہم کرنے کے مقصد سے 'ریاستی کھیل گرانٹ رہنما کتابچہ 2026' تیار کیا گیا ہے۔ اس کے تحت کھیلوں کی سرگرمیوں کو وسعت دینے، قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد، تربیت اور کھیلوں کی تنظیموں کو گرانٹ فراہم کرنے کے عمل کو منظم کرنے سے متعلق تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔محکمہ کان کنی و ارضیات کی جانب سے بہار معدنیات (پٹہ، غیر قانونی کان کنی، نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام) ضابطہ 2026 میں ترمیم کو منظوری دی گئی ہے۔

مسٹر چودھری نے بتایا کہ محکمہ آبی وسائل کی تجویز کے تحت دریائے سون کے سطحی پانی کا استعمال کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آبی سپلائی اور آب پاشی سے متعلق منصوبوں کو آگے بڑھانے اور متعلقہ پروجیکٹوں کے انتظامی التزامات کو منظوری دی گئی ہے۔ اس تجویز میں آبی وسائل اور ان سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کام بھی شامل ہیں۔

محکمہ پنچایتی راج کی تجویز کے تحت ریاست کی ہر گرام کچہری کو انتظامی اخراجات کے لیے سابقہ نظام کے مطابق 40 ہزار روپے اور متعلقہ مد میں 24 ہزار روپے کی رقم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

پسماندہ طبقہ اور انتہائی پسماندہ طبقہ بہبود محکمہ کے تحت محکمہ جاتی اسکیموں کو وزارت کی سطح پر مؤثر طریقے سے کنٹرول اور چلانے کے لیے مختلف عہدوں کی تخلیق اور انتظامی نظام میں تبدیلی سے متعلق تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔ محکمہ جاتی دفاتر میں عہدوں کا انتظام اور اسکیموں کے نفاذ کو مزید منظم بنانے کے مقصد سے ضابطہ جاتی تجاویز کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ محکمے کے تحت مختلف اسکیموں، ہاسٹلوں، تعلیمی سہولیات اور دیگر فلاحی پروگراموں کو منظم کرنے کے لیے ضابطوں میں ترمیم اور انتظامی التزامات کی منظوری دی گئی ہے۔ایڈیشنل چیف سکریٹری نے بتایا کہ کابینہ نے محکمہ صحت کی مختلف تجاویز کو منظوری دی ہے۔ ان میں طبی اور صحت خدمات سے متعلق عہدوں، انتظامی نظام اور محکمہ جاتی ضابطوں میں ترمیم کی تجاویز شامل ہیں۔ محکمہ کی جانب سے طبی خدمات کے نظام کو مضبوط بنانے اور مختلف اداروں کے انتظام و انصرام سے متعلق انتظامی فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے تحت بہار میڈیکل فزیشن۔سرجن سے متعلق سروس رولز اور طبی رجسٹریشن کے نظام میں ترمیم کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے تحت متعلقہ طبی عہدوں اور خدمات کے انتظام کو منظم بنانے کے لیے ضابطوں میں تبدیلی کی تجویز منظور کی گئی ہے۔

مسٹر چودھری نے بتایا کہ ریاست کے طلبہ کو بہتر طبی تعلیم کی سہولت اور مریضوں کو خصوصی طبی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے پٹنہ واقع گریجا آیوروید انسٹی ٹیوٹ میں کینسر کے علاج کی سہولیات میں توسیع سے متعلق تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔ ادارے میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے اضافی طبی اور تکنیکی عہدوں کی تخلیق اور متعلقہ سہولیات میں توسیع کی تجویز منظور کی گئی ہے۔ اس سے کینسر کے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

محکمہ داخلہ کی تجویز کے تحت پٹنہ کے لوہیا پارک میں اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے ہیڈکوارٹر کی عمارت کی تعمیر کے لیے محکمہ جاتی منظوری سے متعلق تجویز کو کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔