مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

سون پور میلہ: ٹور پیکیج 900 روپے سے شروع‘ سیاحوں کو ملے گی خصوصی رعایت

Awaz E Bihar2 منٹ کی پڑھائی

ریاست کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے 22 نومبر کو اس ہری ہر میلے کا افتتاح کیا تھا

پٹنہ، 25 نومبر (اے بی این) بہار ریاستی سیاحت ترقیاتی کارپوریشن نے عالمی شہرت یافتہ ہری ہر علاقہ سون پور میلے میں آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹور پیکیج تیار کیے ہیں۔ اس بار سیاح اپنے بجٹ اور ضرورت کے مطابق اے سی بس سے لے کر لگژری کار تک کے ذریعے سون پور میلے کی سیر کر سکیں گے۔ پٹنہ سے سون پور آنے اور جانے کے ٹور پیکیج کی شروعات 900 روپے فی کس سے ہو رہی ہے۔ وہیں دو افراد کے لیے چھ ہزار روپے کا خصوصی کپل پیکیج بھی دستیاب کرایا جا رہا ہے۔

سیاحت کارپوریشن کی جانب سے پٹنہ کے دو مقامات سے سون پور کے لیے گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں۔ ان میں ویر چند پٹیل پتھ واقع کوٹیلیہ وہار ہوٹل اور داروغہ رائے پتھ واقع سکھ ہیریٹیج گرو نانک بھون شامل ہیں۔ ان دونوں مقامات سے روزانہ دوپہر 12 بجے سے شام 7 بجے تک سون پور کے لیے گاڑیاں دستیاب ہوں گی۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے 22 نومبر کو اس ہری ہر میلے کا افتتاح کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے ہر سال یہاں آنے والے لاکھوں سیاحوں کو اس مرتبہ کچھ مختلف اور بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ہی اس تاریخی میلے میں نئے نوعیت کے تجربات سے روشناس کرانے کی بات خاص طور پر کہی تھی۔ اسی کے پیش نظر اس سال میلے میں تمام بنیادی سہولتوں کے ساتھ سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ سیاحوں کے لیے گزشتہ برسوں کے مقابلے مختلف ٹورسٹ پیکیج تیار کیے گئے ہیں، تاکہ میلے میں آنے والوں کے لیے یہ پہلے سے زیادہ دلکش ہو اور اس کے تئیں لوگوں کی دلچسپی بڑھے۔سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف زمروں کی گاڑیوں کے کرائے مقرر کیے گئے ہیں۔ اے سی بس، ڈبل ڈیکر بس اور ونگر سے آنے جانے کے لیے فی کس 900 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ وہیں اے سی ٹریولر کا کرایہ 950 روپے، انووا کا 1100 روپے اور ایٹیوس کا 1300 روپے فی کس مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح سیاح اپنی سہولت اور بجٹ کے مطابق گاڑی کا انتخاب کر سکیں گے۔سیاحت کارپوریشن نے دو افراد کے لیے چھ ہزار روپے کا خصوصی کپل ٹور پیکیج بھی تیار کیا ہے۔ اس میں ایٹیوس اے سی گاڑی سے سفر اور سیر، ہوٹل میں قیام اور ٹورسٹ گائیڈ کی سہولت شامل ہے۔ اس کے علاوہ ناشتے، دوپہر کے کھانے، شام کے اسنیکس اور رات کے کھانے کا انتظام بھی پیکیج کا حصہ ہوگا۔ اس پیکیج کے تحت سیاحوں کو سفر، کھانے اور قیام کے لیے الگ الگ انتظام نہیں کرنا پڑے گا۔

ٹور پیکیج کی بکنگ اور دیگر معلومات کے لیے سیاح بہار ریاستی سیاحت ترقیاتی کارپوریشن کی سرکاری ویب سائٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ۸۵۴۴۴۱۸۳۱۴ پر فون کرکے پیکیج، کرائے اور دستیابی سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔