مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

سیاسی حریف آمنے سامنے، سمراٹ چودھری و پرشانت کشور کی گرمجوشی سے ملاقات

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

آر کے سنہا کی تیرہویں کی تقریب میں وزیراعلیٰ نے پی کے سے ملایا ہاتھ، مسکراتے ہوئے ہوئی بات چیت؛ دونوں کی قربت کی تصاویر بہار کے سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث، روہنی آچاریہ بھی رہیں موجود

پٹنہ: بہار کی سیاست میں ایک دوسرے پر مسلسل حملے کرنے والے وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری اور جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور جب ایک تقریب میں آمنے سامنے آئے تو سیاسی حلقوں کی نظریں ان پر جم گئیں۔ موقع تھا بی جے پی کے سینئر رہنما آر کے سنہا کی تیرہویں کے موقع پر منعقدہ تعزیتی تقریب کا، جہاں دونوں رہنماؤں نے نہ صرف گرمجوشی سے ہاتھ ملایا بلکہ مسکراتے ہوئے کچھ دیر گفتگو بھی کی۔ دونوں کی ملاقات کی تصاویر سامنے آنے کے بعد بہار کی سیاست میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ اس موقع پر آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ بھی موجود تھیں جو دونوں رہنماؤں کے قریب بیٹھی نظر آئیں۔

جمعرات کو پٹنہ میں منعقدہ تعزیتی تقریب میں وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری پہنچے تو آر کے سنہا کے بیٹے اور بی جے پی کے قومی سکریٹری رِتُوراج سنہا نے پرشانت کشور کا ہاتھ پکڑ کر انہیں وزیراعلیٰ کے پاس پہنچایا۔ سمراٹ چودھری نے پرشانت کشور سے ہاتھ ملایا اور دونوں نے مسکراتے ہوئے ایک دوسرے کا استقبال کیا۔ اس کے بعد پرشانت کشور وزیراعلیٰ کو اسٹیج تک چھوڑنے بھی گئے۔تقریب کے دوران دونوں رہنما ایک ہی صوفے پر بیٹھے نظر آئے، جبکہ ان کے قریب والے صوفے پر روہنی آچاریہ موجود تھیں۔ اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری اور پرشانت کشور سیاسی طور پر ایک دوسرے کے سخت ناقد رہے ہیں۔ پرشانت کشور اکثر سمراٹ حکومت کو جرائم، نظم و نسق اور دیگر سیاسی معاملات پر نشانہ بناتے رہے ہیں۔ گزشتہ سال بہار اسمبلی انتخابات کے دوران انہوں نے سمراٹ چودھری کی ڈگری اور ان کے خلاف درج مقدمات کو لے کر بھی سوالات اٹھائے تھے۔سمراٹ چودھری کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد بھی پرشانت کشور نے حکومت کو کئی معاملات پر گھیرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ بانکی پور سے ضمنی انتخاب جیتنے کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عوام نے سمراٹ چودھری کے چہرے کو مسترد کر دیا، جس کی وجہ سے بی جے پی کو اپنی مضبوط سمجھی جانے والی سیٹ گنوانی پڑی۔دوسری جانب روہنی آچاریہ بھی سوشل میڈیا پر سمراٹ حکومت کو مسلسل نشانہ بناتی رہی ہیں۔ وہ چھٹھ اور دیوالی کے موقع پر سنگاپور سے اپنے مائکے آئی ہوئی ہیں۔ روہنی آچاریہ سارن سے لوک سبھا کا انتخاب بھی لڑ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ بی جے پی کے سینئر رہنما اور سابق راجیہ سبھا رکن رویندر کشور سنہا عرف آر کے سنہا کا 30 اکتوبر کو نوئیڈا میں 75 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کا آخری رسوم پٹنہ میں ادا کیا گیا۔ وہ جن سنگھ کے دور سے ہی سیاست میں سرگرم تھے اور بی جے پی کو بہار میں مضبوط بنانے میں ان کا اہم کردار رہا۔آر کے سنہا نے مشہور بین الاقوامی سکیورٹی کمپنی ایس آئی ایس (SIS) کی بنیاد بھی رکھی تھی۔ ان کے بیٹے رِتُوراج سنہا اس وقت بی جے پی کے قومی سکریٹری ہیں۔آر کے سنہا کی تعزیتی تقریب میں سمراٹ چودھری اور پرشانت کشور کی ملاقات کو سیاسی آداب اور باہمی احترام کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم، اس ملاقات کے سیاسی معنی کیا ہوں گے، یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔