مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
بہار

’نشانت کمارنائب وزیر اعلیٰ سے کم ہیں کیا؟‘ شروَن کمار کے بیان سے سیاست میں نئی ہلچل

Awaz E Bihar3 منٹ کی پڑھائی

جے ڈی یو بی جے پی میں گھماسان جاری ‘ نتیش کمار کے قدم پر سب کی نگاہیں ۔نشانت کمار کو بڑی ذمہ داری دینے کی حمایت میں اُپیندر کشواہا بھی آگے آئے، جے ڈی یو لیڈر نے کہا: ان کی قیادت پر سب کو بھروسہ، این ڈی اے میں نہ کوئی دراڑ ہے اور نہ کوئی اختلاف

پٹنہ:(اے بی این) بہار کی سیاست میں ان دنوں سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانِت کمار کے سیاسی قد اور مستقبل کے کردار کو لے کر قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے۔ انہیں سمراٹ چودھری حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی بحث کے درمیان جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور وزیر شروَن کمار نے ایک ایسا بیان دیا ہے جس نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ نشانِت کمار کو نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’نشانِت کمار ڈپٹی سی ایم سے کم ہیں کیا؟‘‘ ان کے اس بیان کو نشانِت کمار کی بڑھتی ہوئی سیاسی اہمیت اور انہیں بڑی ذمہ داری دیے جانے کی حمایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔جے ڈی یو قانون ساز پارٹی کے لیڈر شروَن کمار نے نشانِت کمار کی سیاسی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنتا دل یونائیٹڈ کے متفقہ اور مقبول لیڈر ہیں۔ ان کی قیادت پر سب کو بھروسہ ہے۔ وہ ایک نوجوان لیڈر ہیں اور نہ صرف بہار بلکہ ملک کے نوجوانوں کو بھی ان سے امیدیں وابستہ ہیں۔ انہیں سیاست کی زمینی حقیقتوں کی اچھی سمجھ ہے اور وہ اسی اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ شروَن کمار نے کہا کہ ہم سب کی نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب قانون ساز کونسل کے انتخابات کے بعد جے ڈی یو اور بی جے پی کے درمیان مبینہ اختلافات اور اتحاد میں دراڑ کی خبروں پر شروَن کمار نے کہا کہ اب دونوں جماعتوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے۔ این ڈی اے پوری طرح متحد ہے اور آئندہ بھی اتحاد برقرار رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات ضرور ہیں، جنہیں حل کرنے میں قومی سطح کے لیڈر مصروف ہیں۔ تمام باتوں کی جانکاری قومی قیادت کو ہے۔ اگر کہیں کوئی پریشانی یا اختلاف ہوگا تو باہمی گفت و شنید کے ذریعے اسے حل کر لیا جائے گا۔ شروَن کمار نے کہا کہ این ڈی اے میں نہ کوئی دراڑ ہے اور نہ کوئی جھگڑا۔ سیاسی اتحاد میں مختلف طرح کی باتیں سامنے آتی رہتی ہیں، لیکن قومی قیادت ہمیشہ مسائل کا حل نکال لیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی اے ہی بہار اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور اتحاد کی مضبوطی سب کے مفاد میں ہے۔

نشانِت کمار کو سیاسی طور پر آگے بڑھانے اور انہیں زیادہ ذمہ داری دینے کی حمایت میں راشٹریہ لوک مورچہ کے قومی صدر اُپیندر کشواہا نے بھی آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کافی پہلے سے نشانِت کمار کو آگے لانے اور انہیں بڑی ذمہ داری سونپنے کی بات کرتے رہے ہیں۔ اس وقت جے ڈی یو کے کئی لیڈر بھی اس کے حق میں نہیں تھے، لیکن بعد میں پارٹی کو ان کی بات سمجھ میں آئی اور نشانِت کمار سرگرم سیاست میں آگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نشانِت کمار کو سمراٹ چودھری حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کی خبریں سیاسی حلقوں میں زور پکڑ رہی تھیں۔ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی تھیں کہ حکومت میں ان کی ذمہ داری جلد بڑھائی جا سکتی ہے اور انہیں واحد نائب وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔اگرچہ جے ڈی یو کی جانب سے ان خبروں پر روک لگانے کی کوشش کی گئی، لیکن نشانِت کمار کے سیاسی مستقبل اور حکومت میں ان کے ممکنہ کردار کو لے کر بحث اب بھی جاری ہے۔ شروَن کمار اور اُپیندر کشواہا کے حالیہ بیانات نے اس بحث کو ایک بار پھر تیز کر دیا ہے۔ تاہم، نشانِت کمار کو نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کے سلسلے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔