مواد پر جائیں
AWAZ E BIHAR
AWAZ E BIHAR

ممبئی کے اصل باشندگان کو شہر سے بے دخل نہیں کیا جائے گا: وزیر اعلیٰ فڑنویس

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی ڈی ڈی چالوں کی بازآبادکاری کا کام کسی نجی تعمیراتی ادارے کے بجائے مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (مہاڈا) کو سونپنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا، کیونکہ اس منصوبے کا حجم اور اس پر عمل درآمد کی پیچیدگیاں غیر معمولی نوعیت کی ہیں

Awaz E BiharAWAZ E BIHAR
3 منٹ کی پڑھائی

دوسری زبان میںEnglishहिन्दी

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ممبئی کے اصل باشندوں کو شہر سے بے دخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور حکومت انہیں بازآبادکاری کے مختلف منصوبوں کے تحت ان کے موجودہ علاقوں ہی میں مستقل اور کشادہ مکانات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔یہاں یشونت راؤ چوہان سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسے افراد کو ممبئی میں باعزت رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے جنہوں نے شہر کی سماجی، تہذیبی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان باشندوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ بہتر مکانات فراہم کرکے شہر سے ان کا تعلق برقرار رکھا جائے گا۔

مسٹر فڑنویس این ایم جوشی مارگ، لوئر پریل بی ڈی ڈی چال بازآبادکاری منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت تعمیر شدہ تین عمارتوں میں 557 بازآبادکاری فلیٹس کے قبضے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دیگر معززین کے ہمراہ علامتی طور پر 11 مستحقین کو مکانات کی چابیاں اور قبضے کے دستاویزات سپرد کیے۔انہوں نے اعلان کیا کہ نائیگاؤں، این ایم جوشی مارگ، لوئر پریل اور ورلی میں جاری تینوں بی ڈی ڈی چال بازآبادکاری منصوبوں کے تحت مجموعی طور پر 15804 مکانات کی تعمیر دسمبر 2029 تک مکمل کرلی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی ڈی ڈی چالوں کی بازآبادکاری کا کام کسی نجی تعمیراتی ادارے کے بجائے مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (مہاڈا) کو سونپنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا، کیونکہ اس منصوبے کا حجم اور اس پر عمل درآمد کی پیچیدگیاں غیر معمولی نوعیت کی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد اس منصوبے کے ذریعے منافع کمانا نہیں بلکہ ان خاندانوں کو معیاری رہائش اور جدید بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے جنہوں نے ممبئی کی منفرد تہذیبی شناخت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔بی ڈی ڈی چالوں کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے فڈنویس نے کہا کہ یہ رہائشی علاقے متحدہ مہاراشٹر تحریک سمیت متعدد سیاسی، مزدور، سماجی اور ثقافتی تحریکوں کے گواہ رہے ہیں۔ بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور لوک مانیہ تلک بھی ان تاریخی احاطوں سے بحیثیت رہائشی وابستہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی ڈی ڈی چالوں کی بازآبادکاری کا منصوبہ کئی برسوں تک مختلف تعمیراتی اداروں کی کوششوں کے باوجود تعطل کا شکار رہا۔ بعد ازاں حکومت نے اس وسیع منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مہاڈا کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد 2017-18 میں تعمیراتی کام کا آغاز ہوا۔ مختلف رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے منصوبے کو جاری رکھا اور اس کی رفتار تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان قدیم چالوں میں متعدد خاندان گزشتہ دو سے تین نسلوں سے محض 160 مربع فٹ کے تنگ مکانات میں بنیادی سہولتوں کی کمی کے ساتھ زندگی گزار رہے تھے۔ بازآبادکاری اسکیم کے تحت اب اہل مکینوں کو 500 مربع فٹ کے کشادہ فلیٹس فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں ایک نشست گاہ اور دو بیڈ روم شامل ہیں۔ ان مکانات میں جدید سہولتیں بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ خاندانوں کو بہتر معیارِ زندگی میسر آسکے۔

شیئر کریں:

مزید از قومی