جمعرات، 1 اکتوبر، 2026
اردوहिन्दीEnglish
آواز ای بہار
آواز ای بہار
ہومای پیپرویڈیوزقومیسیاستکھیلتعلیمبہارقومیسیاستکھیلصحتتعلیممضامینعالمی خبریں
اہمقومیسیاستکھیلتعلیمبہارقومیسیاستکھیلصحتتعلیممضامینعالمی خبریں

آواز ای بہار

بہار کی آواز — اردو، ہندی اور انگریزی میں تازہ ترین خبریں

زمرے

  • مقامی
  • قومی
  • سیاست
  • کاروبار
  • ٹیکنالوجی
  • کھیل
  • صحت
  • تعلیم

فوری لنکس

  • ہوم
  • ای پیپر
  • ویڈیوز
  • دن کی تصویر
  • ہمارے بارے میں
  • رابطہ کریں
  • پرائیویسی پالیسی
  • شرائط و ضوابط

نیوز روم

  • ادارتی پالیسی
  • تصحیح و شکایات
  • اشتہارات
  • نیوز روم رابطہ

زبانیں

  • اردو (Urdu)
  • हिन्दी (Hindi)
  • English

ہمیں فالو کریں

Email: awazebihar@gmail.com

Phone: +91-9473486854

© 2026 Awaz E Bihar Publications. جملہ حقوق محفوظ ہیں

Designed and Developed byZeloiteZeloite
دیپک کی انسانیت قانون کے کٹہرے میں
  1. ہوم
  2. مضامین
مضامین

دیپک کی انسانیت قانون کے کٹہرے میں

Awaz E Bihar•6 فروری، 2026 کو 01:37 PM•4 ویوز•9 منٹ پڑھیں

تحریر: ڈاکٹر سید تابش امام
رابطہ۔۔۔۔9934933992
جب کوئی معاشرہ اپنے ہی آئین، اپنے اجتماعی ضمیر اور اپنی انسانی قدروں سے خوفزدہ ہو جائے تو وہاں سب سے پہلا قتل سچ کا نہیں بلکہ انسانیت کا ہوتا ہے۔ ایسے سماج میں ظلم کے خلاف کھڑا ہونا بغاوت اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا جرم بنا دیا جاتا ہے۔ اخلاقی جرات، انسانی ہمدردی اور شہری فرض محض کتابی اصطلاحات رہ جاتی ہیں، جبکہ طاقت، ہجوم اور اکثریتی جذبات قانون کی نئی تعریف متعین کرنے لگتے ہیں۔ ہندوستان جیسے کثیرالثقافتی، کثیر مذہبی اور آئینی جمہوری ملک میں یہ کیفیت محض تشویش کا باعث نہیں بلکہ اجتماعی خود احتسابی کا تقاضہ کرتی ہے۔
اتراکھنڈ کے کوٹدوار میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ اسی آئینی اور اخلاقی زوال کی ایک ہولناک مثال ہے، جہاں ایک بزرگ مسلم تاجر کی حفاظت میں کھڑا ہونا ایک نوجوان ہندو شہری، دیپک، کے لیے جرم بنا دیا گیا۔ یہ واقعہ کسی ایک فرد یا ایک شہر تک محدود نہیں، بلکہ یہ اس ہندوستان کے تصور پر سوالیہ نشان ہے جو آئین، انصاف اور انسانی وقار کی بنیاد پر قائم ہوا تھا۔
دیپک کا قصور محض اتنا تھا کہ اس نے ہجوم کی جنونیت کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیا۔ اس نے مذہب، شناخت اور اکثریتی دباؤ سے بالاتر ہو کر ایک بے بس انسان کا ساتھ دیا۔ وہ لمحہ محض ایک فرد کے ردِعمل کا نہیں تھا بلکہ اس اجتماعی اخلاقیات کا امتحان تھا جس پر کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔ دیپک نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی، مگر المیہ یہ ہے کہ اسی کامیابی کو اس کے لیے جرم بنا دیا گیا۔
یہ وہ مقام ہے جہاں ریاست اور شہری کے درمیان فرق واضح ہوتا ہے۔ ایک طرف وہ شہری ہے جو آئین کی روح کے مطابق انسانیت کو ترجیح دیتا ہے، اور دوسری طرف وہ ریاستی نظام جو طاقتور ہجوم کے دباؤ میں آ کر انسانیت کے محافظ کو ہی قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کرتا ہے۔ یہی وہ لمحہ ہے جہاں فسطائی ذہنیت بے نقاب ہوتی ہے—وہ ذہنیت جو ضمیر کی آواز سے خوفزدہ رہتی ہے اور اخلاقی جرات کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔
قانونی شکنجہ اور شہری آزادیوں کی پامالی
اطلاعات کے مطابق دیپک کے خلاف سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی، جن کی نوعیت اور قانونی بنیادیں اب تک واضح نہیں ہو سکیں۔ نہ کوئی ٹھوس واقعہ سامنے آیا، نہ ایسے شواہد جن کی بنیاد پر سخت قانونی کارروائی کو درست قرار دیا جا سکے۔ اس کے باوجود قانون کو حرکت میں لایا گیا، گویا مقصد انصاف کی فراہمی نہیں بلکہ ایک مثال قائم کرنا ہو—تاکہ آئندہ کوئی شہری ہجوم کے سامنے کھڑا ہونے کی جرات نہ کرے۔
اس سے بھی زیادہ تشویشناک امر یہ ہے کہ دیپک کی تجارتی سرگرمیوں اور نقل و حرکت کو اعلانیہ طور پر محصور کر دیا گیا۔ یہ طاقت کا وہ خاموش اور بے چہرہ استعمال ہے جو آئین کے آرٹیکل 19 میں دی گئی شہری آزادیوں—آزادیٔ اظہار، آزادیٔ تجارت اور آزادیٔ نقل و حرکت—کی صریح خلاف ورزی ہے۔
آئین کا آرٹیکل 19 محض ایک قانونی شق نہیں بلکہ شہری وقار کی ضمانت ہے۔ یہ ہر ہندوستانی کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ بغیر خوف کے بول سکے، کام کر سکے اور زندگی گزار سکے۔ مگر کوٹدوار کا واقعہ یہ سوال کھڑا کرتا ہے کہ کیا یہ آزادیات اب صرف کاغذی دفعات بن کر رہ گئی ہیں؟ کیا ان کا اطلاق صرف اسی وقت تک معتبر ہے جب تک وہ اکثریتی جذبات سے ہم آہنگ ہوں؟ اگر ایسا ہے تو جمہوریت اور آئینی ریاست کے تمام دعوے محض ایک فریب بن جاتے ہیں۔
خوف کا سایہ: جب خاندان بھی سزا بھگتے
دیپک کے خلاف کارروائی محض ایک فرد تک محدود نہیں رہی۔ اس کی قیمت اس کے پورے خاندان کو چکانی پڑ رہی ہے۔ زعفرانی تنظیموں کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں اور مسلسل ہراسانی نے ایسی فضا قائم کر دی ہے کہ دیپک کا گھر خوف کے حصار میں آ چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس کی بیٹی نے اسکول جانا چھوڑ دیا ہے۔ یہ خبر محض ایک گھریلو مسئلہ نہیں بلکہ ایک ریاستی ناکامی کا اعلان ہے۔
اگر ایک شہری کو آئینی فریضہ نبھانے کی سزا یہ ملے کہ اس کے بچہ خوف کے سبب تعلیم سے محروم ہو جائیں، تو پھر سوال یہ ہے کہ ریاست آخر کس کے مفادات کی محافظ ہے؟ ہندوستان کا آئین نہ صرف جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے بلکہ اخلاقی جرات، باہمی ہمدردی اور انسانی وقار کی حفاظت کو بھی اپنا بنیادی مقصد قرار دیتا ہے۔ کوٹدوار کا واقعہ اس آئینی روح کے بالکل برعکس کھڑا نظر آتا ہے، جہاں ہجوم کو خوش رکھنے کے لیے قانون کو ہتھیار بنا دیا گیا ہے۔
یہ وہ مقام ہے جہاں ریاست کا کردار محض انتظامی نہیں بلکہ اخلاقی بھی ہوتا ہے۔ ریاست کا فرض ہے کہ وہ کمزور شہری کو طاقتور ہجوم سے بچائے، نہ کہ ہجوم کی ناراضگی سے بچنے کے لیے شہری کو قربانی کا بکرا بنا دے۔
راہل گاندھی کی آواز اور قومی ضمیر کی گونج
اس پس منظر میں حزبِ اختلاف کے رہنما راہل گاندھی کا بیان غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ انہوں نے دیپک کو ’’ملک کا ہیرو‘‘ اور ’’محبت کا امین‘‘ قرار دے کر دراصل ہندوستان کے اجتماعی ضمیر کو مخاطب کیا ہے۔ ان کا یہ سوال کہ ’’ہندوستان کن لوگوں کو اپنا آئیڈیل بنانا چاہتا ہے؟‘‘ محض سیاسی بیان نہیں بلکہ ایک اخلاقی چیلنج ہے۔
پارلیمنٹ میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تجویز کے دوران دیپک کے کردار کا حوالہ دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ معاملہ محض مقامی یا علاقائی نہیں رہا بلکہ قومی سطح پر زیرِ بحث آ چکا ہے۔ ایوان میں دیپک کو امن، محبت اور انسانیت کا پیامبر بتایا گیا اور اس پر درج مقدمات کی کھل کر مذمت کی گئی۔ یہ جمہوری سیاست کا وہ رخ ہے جو آئین کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے۔
اس کے برعکس، برسراقتدار جماعت اور اس کے حامیوں کی خاموشی نہایت معنی خیز ہے۔ یہ خاموشی محض سیاسی مصلحت نہیں بلکہ ایک ایسے نظریاتی رویہ کی عکاس ہے جہاں انصاف کی تعریف اکثریتی بیانیہ کے تابع ہو چکی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ یہی خاموشی ماضی میں بھی کئی سانحات کا پیش خیمہ بنی ہے—خواہ وہ 2002 کے گجرات فسادات ہوں یا 2020 کے دہلی فسادات۔ ہر جگہ ریاستی خاموشی نے ظلم کو تقویت دی اور مظلوم کو تنہا چھوڑ دیا۔
میڈیا پر پابندی: سچ پر پہرا
دیپک کے خلاف ایف آئی آر کے بعد کوٹدوار انتظامیہ کی جانب سے میڈیا کے داخلہ پر پابندی عائد کرنا اس معاملہ کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔ انتظامیہ نے اسے نظم و نسق برقرار رکھنے کی مجبوری قرار دیا، مگر سوال یہ ہے کہ خطرہ کس سے تھا—ایک شہری سے یا اس کے حق میں اٹھنے والی آوازوں سے؟
آزاد صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔ یہی وہ آئینہ ہے جس میں ریاست اپنا اصل چہرہ دیکھتی ہے۔ جب اس آئینے پر پردہ ڈال دیا جائے تو جمہوریت اندھی ہو جاتی ہے۔ ایمرجنسی کے دور سے لے کر حالیہ برسوں میں یو اے پی اے کے تحت صحافیوں کی گرفتاریوں تک، تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جہاں جہاں میڈیا کو خاموش کرایا گیا، وہاں وہاں سچ سب سے پہلے دفن ہوا۔ کوٹدوار کا واقعہ اسی سلسلے کی ایک تازہ اور تشویشناک کڑی معلوم ہوتا ہے۔
انتظامیہ کی ناکامی اور عدالتی اصول
یہ امر بھی کم افسوسناک نہیں کہ کوٹدوار انتظامیہ آج تک دیپک پر درج مقدمات کا کوئی ٹھوس، قانونی اور قابلِ فہم جواز پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کبھی قانون و انتظام کا حوالہ دیا جاتا ہے، کبھی امنِ عامہ کا، اور کبھی نامعلوم خطرات کا شوشہ چھوڑ دیا جاتا ہے۔ یہ تمام دلائل بعد میں تراشے گئے محسوس ہوتے ہیں، جو کسی منصفانہ ریاستی عمل کے شایانِ شان نہیں۔
سپریم کورٹ بارہا یہ واضح کر چکی ہے کہ ایف آئی آر کی بنیاد جذبات، دباؤ یا عوامی اشتعال نہیں بلکہ شواہد ہونے چاہئیں۔ عدالتِ عظمیٰ کے متعدد فیصلوں میں یہ اصول دہرایا گیا ہے کہ قانون کا استعمال کسی فرد کو سبق سکھانے یا مثال بنانے کے لیے نہیں کیا جا سکتا۔ اگر قانون اس مقصد کے لیے استعمال ہونے لگے تو پھر آئینی ریاست اور طاقت کی حکومت میں کوئی فرق باقی نہیں رہتا۔
اہم سوال: مذہب، قانون اور انسانیت
دیپک کا معاملہ چند قانونی دفعات یا انتظامی فیصلوں سے کہیں بڑا سوال کھڑا کرتا ہے۔ کیا آج کا ہندوستان شہریوں کو مذہب کی بنیاد پر بانٹ رہا ہے؟ کیا قانون اب انصاف کی ترازو نہیں بلکہ اکثریتی جذبات کی لاٹھی بنتا جا رہا ہے؟ اگر ایک ہندو نوجوان کا مسلمان بزرگ کے ساتھ کھڑا ہونا جرم بن جائے تو پھر ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ جیسے نعروں کی اخلاقی حیثیت کیا رہ جاتی ہے؟
یہ واقعہ ریاست اور سماج کے درمیان اعتماد کے رشتے کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ جب صحیح کام کرنے پر سزا اور غلط کو خاموش حمایت ملنے لگے تو اخلاقی جرات دم توڑ دیتی ہے۔ ایسے معاشرے میں افراد تو باقی رہتے ہیں، مگر اقدار ختم ہو جاتی ہیں، اور یہی کسی بھی قوم کے زوال کی سب سے خطرناک علامت ہوتی ہے۔
عدلیہ سے امید اور اجتماعی ذمہ داری
ایسے حالات میں عدلیہ کا کردار غیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ جب ریاست آئینی حدود سے تجاوز کرتی ہے تو عدلیہ ہی وہ آخری امید بن کر سامنے آتی ہے جو کمزوروں کو سہارا دیتی ہے۔ دیپک کے معاملہ میں بھی یہی امید باقی ہے کہ انصاف سیاست، دباؤ اور اکثریتی شور سے بالاتر ہو کر اپنا راستہ خود بنائے گا۔
مگر یہ ذمہ داری صرف عدالتوں تک محدود نہیں۔ شہری سماج، صحافیوں، دانشوروں اور سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ اگر آج دیپک کو تنہا چھوڑ دیا گیا تو کل کوئی بھی شہری محفوظ نہیں رہے گا۔
کیونکہ دیپک اب محض ایک فرد کا نام نہیں رہا بلکہ وہ ایک علامت بن چکا ہے—اس ہندوستان کی علامت جو نفرت کے شور میں بھی انسانیت کی آواز سننا چاہتا ہے۔ آج اصل سوال یہ نہیں کہ دیپک قصوروار ہے یا نہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ ہم کس ہندوستان کا انتخاب کرتے ہیں: خوف پر مبنی خاموشی کا یا انصاف پر مبنی جرات کا؟
یہ فیصلہ عدالتوں کو بھی کرنا ہے اور ہمیں بھی۔ کیونکہ جس دن محافظت جرم بن جائے، اس دن سماج صرف اخلاقی طور پر نہیں بلکہ تاریخی طور پر بھی اپنی بقا کا مجرم بن جاتا ہے۔

شیئر کریں:

More from مضامین

عبد الجلیل مستان
مضامین

عبد الجلیل مستان

28 ستمبر، 2026
آٹھ سال کے بعد اردو ڈائرکٹریٹ، پٹنہ کا بے مثال جشن اردو
مضامین

آٹھ سال کے بعد اردو ڈائرکٹریٹ، پٹنہ کا بے مثال جشن اردو

28 اگست، 2026
آزادی کے بعد آزادی کی تلاش،خواب ابھی باقی ہے
مضامین

آزادی کے بعد آزادی کی تلاش،خواب ابھی باقی ہے

21 اگست، 2026
سپریم کورٹ کا حکم، انتظامی ضوابط اور جدید معاشی تحفظ کا پیغام
مضامین

سپریم کورٹ کا حکم، انتظامی ضوابط اور جدید معاشی تحفظ کا پیغام

21 اگست، 2026
شوبھندو حکومت کے 100 دن
مضامین

شوبھندو حکومت کے 100 دن

20 اگست، 2026
​پولیس تشدد کے خلاف اہم فیصلہ
مضامین

​پولیس تشدد کے خلاف اہم فیصلہ

13 جولائی، 2026