اننت سنگھ و نیرج کمار کا تنازع اعلیٰ قیادت تک پہنچا
Awaz E Bihar••11 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 29 ستمبر:(اے بی این) بہار قانون ساز کونسل کے پٹنہ گریجویٹ انتخابی حلقے میں امیدوار کے معاملے کو لے کر جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رکن اسمبلی اننت سنگھ اور پارٹی کے قومی ترجمان نیرج کمار کے درمیان جاری تنازع اب پارٹی کی اعلیٰ قیادت تک پہنچ گیا ہے۔ جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور ریاستی وزیر شراون کمار نے کہا ہے کہ پورا معاملہ پارٹی کے قومی صدر نتیش کمار کے علم میں پہنچا دیا گیا ہے اور اعلیٰ قیادت اس سلسلے میں فیصلہ کرے گی۔شراون کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے قومی صدر، قومی کارگزار صدر، ریاستی صدر اور دیگر اعلیٰ رہنماؤں کو معاملے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، تاہم معاملہ اب قیادت کے علم میں ہے اور مناسب سطح پر اس پر غور کیا جائے گا۔یہ تنازع پٹنہ گریجویٹ حلقے سے جے ڈی یو کی جانب سے نیرج کمار کو امیدوار بنائے جانے کے بعد سامنے آیا۔ موکاما کے جے ڈی یو رکن اسمبلی اننت سنگھ نے نیرج کمار کی امیدواری کی مخالفت کرتے ہوئے جن سوراج کے امیدوار ڈاکٹر انوج کمار سنگھ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اننت سنگھ نے ان کی انتخابی مہم میں شامل ہونے کی بھی بات کہی ہے۔ اس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان بیان بازی بھی سامنے آئی۔ اننت سنگھ کی جانب سے نیرج کمار پر اعتراضات اٹھائے جانے کے بعد نیرج کمار نے بھی جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اننت سنگھ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔اب شراون کمار کے بیان کے بعد معاملہ پارٹی کی اعلیٰ سطح پر پہنچنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جے ڈی یو قیادت کی جانب سے اس معاملے پر آئندہ کیا فیصلہ کیا جاتا ہے، اس پر پارٹی کارکنوں اور سیاسی حلقوں کی نگاہیں مرکوز ہیں۔