بہار کے ایک کروڑ 8 لاکھ پنشن یافتگان کے کھاتوں میں 1237 کروڑ روپے منتقل
Awaz E Bihar
••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 10 اکتوبر:(اے بی این) وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے ہفتہ کو ریاست کے ایک کروڑ 8 لاکھ 36 ہزار سماجی تحفظ پنشن یافتگان کے بینک کھاتوں میں ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) کے ذریعے مجموعی طور پر 1237 کروڑ 48 لاکھ روپے منتقل کیے۔ اس اسکیم کے تحت ہر مستفید کو 1100 روپے کی شرح سے پنشن کی رقم فراہم کی گئی۔ اس سے بزرگوں، معذور افراد، بیواؤں اور سماج کے محروم طبقات کو فائدہ پہنچے گا۔لوک سیوک آواس کے ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سماج کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کے وقار اور سماجی تحفظ کے لیے پابند عہد ہے۔ سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں سماجی تحفظ پنشن کی رقم 400 روپے سے بڑھا کر 1100 روپے کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ تقریباً 90 ہزار سے ایک لاکھ نئے مستفیدین اس اسکیم سے جڑ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے یہ یقینی بنایا ہے کہ ہر ماہ کی 10 تاریخ کو سماجی تحفظ پنشن کی رقم مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کردی جائے۔ انہوں نے تمام ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دی کہ کوئی بھی اہل شخص پنشن سے محروم نہ رہے اور مستفیدین کی شناخت سے لے کر رقم کی تقسیم تک کا عمل مقررہ وقت میں شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔انہوں نے عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے حلقوں کے دورے کے دوران گاؤں میں جاکر اس بات کی تصدیق کریں کہ تمام اہل افراد کو پنشن مل رہی ہے یا نہیں۔ پنچایت ڈیولپمنٹ ڈے کے موقع پر خصوصی مہم چلانے اور صحت سروے کے دوران بھی پنشن کے اہل افراد کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی گئی، تاکہ کوئی مستحق اس اسکیم کے فائدے سے محروم نہ رہے۔ سمراٹ چودھری نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم اور سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خوش حال بہار کے خواب کو پورا کرنے کے لیے سبھی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنشن کی رقم میں اضافے سے مستفیدین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور حکومت غریبوں، بزرگوں، معذور افراد، بیواؤں اور دیگر ضرورت مند طبقات کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔پروگرام کے دوران محکمہ سماجی فلاح کے سکریٹری ونود سنگھ گنجیال نے وزیراعلیٰ کو سبز پودا اور مومنٹو پیش کرکے استقبال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ بجیندر پرساد یادو، سماجی فلاح کی وزیر ڈاکٹر شویتا گپتا، چیف سکریٹری پرتیے امرت، وزیراعلیٰ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ اور سنجے کمار سنگھ سمیت کئی سینئر افسران موجود تھے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ، پنشن یافتگان اور دیگر متعلقہ افراد بھی پروگرام سے منسلک ہوئے۔