سارن میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے حکومت کی بڑی مہم
Awaz E Bihar
••3 ویوز•3 منٹ پڑھیں
20ٹیمیں راحت کے کام میں مصروف ،مختلف اضلاع سے سامان بھیجے گئے
سارن کے مختلف بلاکوں میں سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ریاستی حکومت اور آفات مینجمنٹ محکمہ جنگی پیمانے پر راحت اور بچاؤ کام انجام دے رہاہے۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی ہدایات کی روشنی میں، پورا انتظامی عملہ متاثرہ لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے چوکنا ہے۔ سیلابی کا پانی نئے علاقوں میں داخل ہو نے کے سبب بچائو کے کام کو مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔ راحت اور بچاؤ کے کاموں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، سارن میں پہلے سے تعینات پانچ این ڈی آر ایف اور تین ایس ڈی آر ایف ٹیموں کے علاوہ، دیگر اضلاع سے اضافی دستے بھیجے گئے ہیں۔ بتیا، گوپال گنج، بھاگلپور اور سپول سے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں اور مدھوبنی، دربھنگہ، سمستی پور اور مشرقی چمپارن سے اضافی ایس ڈی آر ایف ٹیمیں سارن پہنچی ہیں۔ فی الحال، کل 20 ٹیمیں، جن میں 13 این ڈی آر ایف اور 7 ایس ڈی آر ایف ٹیمیں شامل ہیں، سارن میں راحت کے کاموں میں مصروف ہیں۔ آفات مینجمنٹ محکمہ کے حکام کے مطابق صورتحال پر 24 گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جدید وسائل سے پوری طرح لیس ہیں۔ تربیت یافتہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکار کشتیوں، لائف جیکٹس، لائف بوائز اور ڈیپ ڈائیو سیٹس کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ پانی سے متاثرہ علاقوں سے شہریوں کا انخلاء اور انہیں ریلیف کیمپوں تک پہنچانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ امدادی سامان کی تقسیم میں تیزی لانے کے لیے فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اب تک 3,000 سے زیادہ راشن کے پیکٹ ایئر ڈراپ کیے جاچکے ہیں اور شام تک یہ تعداد 5,000 سے تجاوز کر جائے گی۔ اس کے علاوہ پڑوسی اضلاع سے بڑی مقدار میں امدادی سامان سارن بھیجا جا رہا ہے۔ پٹنہ سے 10000،سیوان سے 15ہزار ،بھاگلپور سے 5ہزار ،بکسر سے 5ہزار اور ویشالی سے 5ہزار سمیت کُل 40,000 راشن کے پیکٹ سارن کو روانہ کیے گئے ہیں، ۔ سیلاب زدگان کو عارضی پناہ گاہ فراہم کرنے کے لیے 75 ہزار پولی تھین شیٹس فراہم کی گئی ہیں۔ اس میں دربھنگہ سے 25ہزار، مدھوبنی سے 20ہزار، سیتامڑھی سے 15ہزار، اور سمستی پور سے 15 ہزار شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ خوراک، پینے کے پانی اور طبی خدمات کی دستیابی کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ محکمہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت ہر متاثرہ خاندان کو امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کے لیے شہری اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) کے ٹول فری نمبر 1070 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔