تیسری سومواری پر لکھی سرائے میں بھگدڑ، 7 خاتون عقیدت مند ہلاک، 18 زخمی
Awaz E Bihar••62 ویوز•3 منٹ پڑھیں
لکھی سرائے، 17 اگست (اے بی این) لکھی سرائے ضلع میں اشوک دھام مندر احاطے کے قریب تیسری سومواری کے موقع پر آج صبح بھگدڑ مچ جانے سے 7 خاتون عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور 18 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعہ اشوک دھام مندر احاطے سے تقریباً 400 میٹر مغرب اور اشوک دھام ریلوے اسٹیشن سے تقریباً 100 میٹر کی دوری پر پیش آیا۔ مندر میں داخلے کے لیے عقیدت مندوں کے قطار میں کھڑے ہونے کے دوران بدنظمی پھیل گئی۔ بھیڑ کا دباؤ بڑھنے سے بانس کی رکاوٹ ٹوٹ گئی اور خواتین کا ایک بڑا گروپ قریب واقع ریلوے احاطے کے زیر آب علاقے میں گر گیا۔اسی دوران بھیڑ کے دباؤ سے سڑک کے کنارے لگا بجلی کا کھمبا بھی گر گیا۔ کھمبا گرنے کے بعد کرنٹ پھیلنے کی افواہ سے عقیدت مندوں میں افراتفری مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے بھاگنے لگے۔ اس دوران کئی لوگ ایک دوسرے کے اوپر گر گئے۔بھگدڑ میں 7 خاتون عقیدت مندوں کی موت ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت سروج دیوی (65)، منی مالا دیوی (44)، ہیملتا دیوی (55)، ساوتری دیوی (48)، سوتا دیوی (35)، للتا دیوی (50) اور رنکو دیوی کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمیوں کو صدر اسپتال اور نجی کلینکوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی راحت اور بچاؤ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور صورت حال کو قابو میں کیا۔ مہلوکین کی لاشیں صدر اسپتال لائی گئیں، جہاں پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل کی گئی۔بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے عقیدت مندوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور مہلوکین کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے افسران کو زخمیوں کا مناسب اور فوری علاج یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ مسٹر چودھری نے متعلقہ افسران کو بھگدڑ میں زخمی ہونے والے تمام لوگوں کا مناسب اور فوری علاج یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے راحت اور بچاؤ کے کام کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو بھی کہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ یہ بھگدڑ صبح اشوک دھام مندر کے قریب اس وقت ہوئی، جب ساون کے تیسرے پیر کے مبارک موقع پر پوجا اور عبادت کے لیے بڑی تعداد میں عقیدت مند جمع ہوئے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی عقیدت مند بھیڑ میں پھنس گئے۔موصولہ اطلاع کے مطابق اس حادثے میں 7 عقیدت مندوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ 8 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے لکھی سرائے صدر اسپتال لے جایا گیا۔