بہار میں آرٹ آف لیونگ کے تعاون سے تعلیمی و روحانی یونیورسٹی قائم کی جائے گی: متھلیش تیواری
Awaz E Bihar••0 ویوز•3 منٹ پڑھیں
بہار میں تعلیمی شعبے میں اخلاقی، باکردار اور ہمہ جہت تعلیم کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم پہل ہونے جا رہی ہے۔ وزیر تعلیم جناب متھلیش تیواری نے آرٹ آف لیونگ کے بانی شری شری روی شنکر سے بہار میں ایک ایسی یونیورسٹی قائم کرنے کی درخواست کی ہے، جہاں جدید تعلیم کے ساتھ ہندوستانی علمی روایت کو بھی جگہ دی جائے۔مجوزہ یونیورسٹی میں مراقبہ مرکز، آیوروید مرکز اور گروکُلم کی سہولت ہوگی۔ یہاں ویدک تعلیم کے ساتھ سائنس کی بھی تعلیم دی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ایسے ادارے کے قیام سے بہار کے طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاق و کردار، ذہنی توازن اور زندگی کی اقدار کی تعلیم بھی حاصل ہوگی۔ بہار فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد پیر کو وزیر تعلیم نے بنگلورو میں واقع آرٹ آف لیونگ انٹرنیشنل سینٹر میں شری شری روی شنکر سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان بہار میں تعلیم، اساتذہ کی تربیت، اخلاقی تعلیم اور ہندوستانی علمی روایت کو فروغ دینے سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر تعلیم نے شری شری سے درخواست کی کہ جس طرح دنیا کے 180 ممالک میں ان کے تعلیمی ادارے چل رہے ہیں، اسی طرح بہار میں بھی ایک ادارہ قائم کیا جائے۔ اس سے بہار کے اساتذہ اور طلبہ کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ بات چیت کے دوران آرٹ آف لیونگ اور ایس سی ای آر ٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس کے لیے آرٹ آف لیونگ کی ٹیم جلد پٹنہ آئے گی اور محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرے گی۔اس معاہدے کے تحت ریاست کے تمام ڈی آئی ای ٹی (ضلعی تعلیمی و تربیتی اداروں) میں آرٹ آف لیونگ کے نصاب اور تربیتی پروگراموں سے اساتذہ کو روشناس کرایا جائے گا۔ تربیت حاصل کرنے کے بعد اساتذہ اخلاقی تعلیم اور زندگی کی اقدار سے متعلق ان نصابوں کو طلبہ تک پہنچائیں گے۔ اس کی شروعات سرسوتی ودیا نکیتن کے طور پر قائم کیے گئے تمام ماڈل اسکولوں سے کی جائے گی۔ اس کے بعد مرحلہ وار ریاست کے دیگر تمام اسکولوں میں بھی اسے نافذ کیا جائے گا۔ اس سے طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے رویے میں بھی مثبت تبدیلی آنے کی امید ہے۔شری شری روی شنکر نے پٹنہ کے آس پاس آرٹ آف لیونگ کی جانب سے ایک تعلیمی و روحانی مرکز تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس مرکز کے ذریعے گیا، گوپال گنج، دربھنگہ اور بھاگلپور پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔وزیر تعلیم نے شری شری روی شنکر کو بہار کے معروف سدھی پیٹھ تھاوے آنے کی دعوت بھی دی۔ شری شری روی شنکر نے آئندہ سال بہار آنے پر خوشی سے رضامندی ظاہر کی۔