بانکی پور ضمنی انتخاب: بی جے پی کے حق میں اقلیتی ووٹروں کو متحد کرنے کی کوشش تیز
Awaz E Bihar••22 ویوز•4 منٹ پڑھیں
پٹنہ (اے بی این): بانکی پور اسمبلی ضمنی انتخاب میں این ڈی اے امیدوار نیرج کمار کی کامیابی کو یقینی بنانے کے مقصد سے جنتا دل (یونائٹیڈ) نے انتخابی مہم میں تیزی لاتے ہوئے اتوار کو پٹنہ کے تاریخی انجمن اسلامیہ ہال میں اقلیتی برادری کے ساتھ ایک بڑے سنواد پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کے متعدد وزراء، قانون ساز کونسل کے اراکین، اقلیتی اداروں کے سربراہان اور پارٹی کے سینئر قائدین نے شرکت کی اور اقلیتوں سے این ڈی اے کے حق میں متحد ہو کر ووٹ دینے کی اپیل کی۔ پروگرام میں بہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری، وزیر برائے اقلیتی فلاح زماں خاں، وزیر اشوک کمار چودھری، بہار ریاستی سنی وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد اللہ، بہار ریاستی شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد علی آزاد، بہار مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز، ایم ایل سی خالد انور، ایم ایل سی آفاق عالم، جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری میجر اقبال، سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر اظہار سمیت متعدد رہنماؤں نے شرکت کی۔ انجمن اسلامیہ ہال میں مردوں کے ساتھ خواتین کی بھی قابل ذکر تعداد موجود تھی۔ ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری نے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار نے ترقی، امن و امان اور بنیادی سہولتوں کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن کی مثال دیگر ریاستوں میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی نظرثانی مہم (SIR) کو لے کر اپوزیشن نے مسلمانوں میں بے جا خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کی، لیکن عملی طور پر ایک بھی مسلمان کا نام بلاجواز ووٹر فہرست سے خارج نہیں ہوا، جس سے اپوزیشن کے دعووں کی حقیقت عوام کے سامنے آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ بانکی پور کی عوام کا جوش و خروش اس بات کی علامت ہے کہ لوگ انتشار نہیں بلکہ ترقی، امن اور مستحکم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ این ڈی اے امیدوار نیرج کمار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر ترقی کے سفر کو جاری رکھیں۔ وزیر برائے اقلیتی فلاح زماں خاں نے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت والی حکومت نے اقلیتوں کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقلیتی طلبہ کے لیے 30 رہائشی اسکول قائم کیے گئے، قبرستانوں کی چہار دیواری کرائی گئی، مدارس کی جدید کاری کا کام انجام دیا گیا اور متعدد فلاحی اسکیموں کے ذریعے اقلیتوں کو ترقی کے دھارے سے جوڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر مذہبی موقع پر اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کرتی ہے۔انہوں نے صاف کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جو لکیر کھینچی ہے موجودہ حکومت اسی پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ سے بقرعید کے موقع پر جاکر ملاقات کی اوران سے کہا کہ مسلمان قربانی کرتے ہیں اس کو لیکر بہتر قدم اٹھائیں انہوں نے صاف کہا کہ کیا کرنا ہے ہم نے جس طرح کہا اسی طرح انہوں نے اپنے اعلیٰ افسران کو حکم دیا اور حالات بہتر رہے لوگوں نے عید قرباں نہایت جوش و خروش سے منایا۔ وزیر اشوک کمار چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران بہار میں ترقی کی جو نئی داستان رقم ہوئی ہے، وہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی دور اندیش قیادت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانکی پور ضمنی انتخاب صرف ایک نشست کا انتخاب نہیں بلکہ ترقی، استحکام اور بہتر حکمرانی کے تسلسل کا انتخاب ہے۔ انہوں نے اقلیتی ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر این ڈی اے امیدوار نیرج کمار کو کامیاب بنائیں۔ پروگرام کے دوران مقررین نے نتیش حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں، امن و امان کی صورتحال، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اقلیتوں کی بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ آخر میں پارٹی رہنماؤں نے یقین ظاہر کیا کہ بانکی پور کے عوام ترقی اور استحکام کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے این ڈی اے امیدوار کو کامیاب بنائیں گے۔