بہار میں بہتر فضائی رابطہ سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا: سمراٹ
Awaz E Bihar••44 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 16 اگست(اے بی این ) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج لوک سیوک آواس واقع 'سنکلپ آڈیٹوریم میں شہری ہوا بازی کی وزارت،مرکزی حکومت کے ذریعہ مطلع کردہ ترمیم شدہ اڑان منصوبہ کے علاقائی کنیکٹیویٹی اسکیم (RCS) ورژن 6.0 کا جائزہ لیا۔ اس دوران شہری ہوا بازی محکمہ کے سکریٹری مسٹر نیلیش رام چندر دیورے نے ریاست میں فضائی رابطے کی توسیع کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ پریزنٹیشن کے دوران، بہار میں علاقائی ہوائی رابطہ کو مزید مضبوط بنانے، نئے ہوائی اڈوں اور ہیلی پیڈوں کی ترقی اور چھوٹے شہروں اور سیاحتی مقامات کو ہوائی خدمات سے جوڑنے کے امکانات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جائزہ کے دوران، وزیر اعلیٰ نے بہار کے سبیا( گوپال گنج)، فوربس گنج (ارریا)، کشن گنج، سارن اور اولائو (بیگو سرائے) میں فضائی سہولیات کی ترقی کے لیے ضروری کارروائی کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے زیادہ سے زیادہ اضلاع کو فضائی رابطہ سے جوڑنے کے لیے دستیاب وسائل اور امکانات کا صحیح استعمال کیا جانا چاہیے۔ اورنگ آباد، بانکا، کھگڑیا، نوادہ، شیخ پورہ اور سیتامڑھی سمیت دیگر ممکنہ مقامات پر ہیلی پیڈ/ہوائی سہولیات کی ترقی کے امکانات پر ضروری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے خاص طور پر راجگیر اور گیا کے درمیان،، ساسارام-کیمور اور شاہ آباد علاقوں میں ہیلی پیڈ تیار کرنے کے منصوبے پر کام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر فضائی رابطے بڑھانے کے لیے ایسے مقامات کو ترجیح دی جائے، تاکہ آس پاس کے اضلاع اور اہم سیاحتی، مذہبی اور اقتصادی مراکز بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ایرپور ٹ اور ہیلی پیڈ کی تعمیر کے لئے زمین کی دستیابی، جگہ کی مناسبیت، ٹریفک کے امکانات اور دیگر تکنیکی ضروریات کا فوری طور پر جائزہ لیں۔ نیز متعلقہ اضلاع کے ڈی ایم کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے اراضی اور دیگر ضروری وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار میں بہتر فضائی رابطہ سیاحت، تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، روزگار اور اقتصادی سرگرمیوں کو نئی تحریک دے گا۔ خاص طور پر ریاست کے سیاحتی، مذہبی اور تاریخی مقامات کو فضائی سروس سے جوڑنے سے ملک اور بیرون ملک سیاحوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوگا اور مقامی معیشت کو تقویت ملے گی۔ علاقائی رابطہ منصوبہ کے مطابق بہار کی ضروریات کے مطابق تجاویز تیار کی جانی چاہئے اور مرکزی حکومت کی متعلقہ وزارتوں اور حکام کے ساتھ تال میل قائم کرکے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ نظرثانی شدہ اڑان اسکیم کا مقصد علاقائی فضائی رابطوں کو وسعت دینا اور چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں کو بہتر فضائی سہولیات سے جوڑنا ہے۔ بہار حکومت کی طرف سے اس وسیع تر مقصد کے مطابق ریاست میں فضائی انفراسٹرکچر کی توسیع کو تیز کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سکریٹری مسٹر پرتئے امرت، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ، شہری ترقیات اور ہاؤسنگ محکمہ کے سکریٹری مسٹر انیمیش پراشر، محکمہ ٹرانسپورٹ کے سکریٹری مسٹر راجکمار، شہری ہوا بازی محکمہ کے سکریٹری مسٹر نلیش رام چندر دیورے، پٹنہ کے ڈی ایم مسٹر کندن کمار ، اطلاعات و رابطہ عامہ محکمہ کے سیکریٹری مسٹر نوین کمار سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔