وزیر تعلیم نے شاستری نگر گرلس سکنڈری اسکول کا کیا معائنہ
Awaz E Bihar••47 ویوز•2 منٹ پڑھیں
وزیر تعلیم متھلیش تیواری نے منگل کو کہا ہے کہ ریاست کے اسکولوں میں کلاس رومز کے باہر روزانہ نئے نئے ترغیبی سلوگن لکھے جائیں اور ایسا ماحول تیار کیا جانا چاہیے جو طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ زندگی کی اقدار، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کے لیے بھی راغب کرے ۔مسٹر تیواری نے کہا کہ اسکولوں میں تمام کلاس رومز کے باہر ترغیبی سلوگن لکھنے سے بچوں کو روزانہ ایک نیا سبق اور مثبت ترغیب ملے گی۔وزیر تعلیم منگل کو شاستری نگر میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کا معائنہ کرنے گئے تھے ۔ پٹنہ کے جن 10ماڈل اسکولوں کو 'سرسوتی ودیا نکیتن'کے طور پر تیار کیا گیا ہے ، یہ اسکول بھی ان میں شامل ہے ۔ اس اسکول میں 16جولائی کو وزیر اعلیٰ کا پروگرام طے ہے ۔مسٹر تیواری نے معائنے کے دوران اسکول کے تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے باری باری کلاس رومز، کیمسٹری لیب، اٹل ٹنکرنگ لیب، کمپیوٹر لیب اور لائبریری سمیت دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ طالبات کے لیے ایسا تعلیمی ماحول تیار کیا جائے جو انہیں پڑھائی کے ساتھ ساتھ جدت طرازی، سائنسی سوچ اور تخلیقی سرگرمیوں کے لیے بھی راغب کرے ۔