عید میلاد النبیؐ پر نتیش کمارو تیجسوی یادو نے پٹنہ کی خانقاہوں میں چڑھائی چادر
Awaz E Bihar••50 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ: عید میلاد النبیؐ کے موقع پر بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی پرساد یادو نے پٹنہ کی مختلف تاریخی خانقاہوں اور درگاہوں پر حاضری دی اور چادر چڑھا کر ریاست اور ملک میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔نتیش کمار نے جمعرات کو پٹنہ کے پھلواری شریف واقع تاریخی خانقاہ مجیبیہ کا دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے خانقاہ کے پیر حضرت مولانا آیت اللہ قادری سے ملاقات کی اور خانقاہ کے بانی حضرت مولانا پیر مجیب اللہ قادری کی درگاہ پر روایتی چادر چڑھائی۔سابق وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بہار اور ملک کی خوشحالی، امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے خانقاہ مجیبیہ آتے رہے ہیں اور اس درگاہ سے ان کا پرانا تعلق ہے۔ ان کے مطابق، یہاں آنے سے انہیں سکون کا احساس ہوتا ہے۔خانقاہ کے مینیجر حضرت مولانا منہاج الدین قادری مجیبی اور رکن اسمبلی شیام رجک نے نتیش کمار کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے خانقاہ کے احاطے میں موجود مذہبی مقامات کا دورہ کیا اور چادر پوشی کی رسم میں شرکت کی۔خانقاہ مجیبیہ اپنے قیام کے زمانے سے ہی امن، انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی رہی ہے ۔اور یہاں مذہب اور فرقے کی بنیاد پر کسی بھی طرح کا امتیاز نہیں کیا جاتا ہے۔ خانقاہ مجیبیہ کے موجودہ سجادہ نشین جناب حضرت علامہ مولانا سید شاہ محمد آیت اللہ قادری خانقاہ کے گیارہویں سجادہ نشین ہیں۔پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی ولادت کے موقع پر ہر سال یہاں چار روزہ عرس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں عقیدت مند اور زائرین پہنچتے ہیں۔ ہر سال عرس کے موقع پر چادر چڑھائی جاتی رہی ہے اور ریاست میں امن و سکون، خوش حالی اور امن کے لیے دعا مانگی جاتی ہے۔ نتیش کمار کی آمد کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں عقیدت مند اور مقامی لوگ خانقاہ میں جمع ہوگئے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے لوگوں کا استقبال کیا اور انہیں عید میلاد النبیؐ کی مبارک باد دی۔اس سے قبل آر جے ڈی رہنما تیجسوی پرساد یادو نے پٹنہ سٹی کے مٹن گھاٹ واقع خانقاہ برگاہِ عشق تکیا شریف کا دورہ کیا۔ انہوں نے یہاں درگاہ پر چادر چڑھائی اور بہار میں امن، خوشحالی، مسرت اور ترقی کے لیے دعا کی۔خانقاہ بارگاہ عشق تکیہ شریف کا شمار خطے کی تاریخی درگاہوں میں ہوتا ہے اور اس کا تعلق بہار کی صوفی روایت اور گنگا جمنی تہذیب سے بتایا جاتا ہے۔ سالانہ عرس کے موقع پر علاقے کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند یہاں پہنچتے ہیں۔ اس مقام پر حضرت خواجہ رکن الدین عشق کی درگاہ ہے، جبکہ اس کا تاریخی تعلق ٹیپو سلطان کے خاندان سے بھی بتایا جاتا ہے۔تیجسوی یادو نے بدھ کی شام پھلواری شریف واقع خانقاہ مجیبیہ کا بھی دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے درگاہ پر چادر چڑھائی اور ریاست کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔