قومی نظامِ صحت کی مضبوطی میں نوجوان ڈاکٹروں کا کردار کلیدی ہے: گورنر
Awaz E Bihar••14 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 6 مئی(اے بی این) گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین نے نوجوان معالجین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے طبی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، کیونکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔گورنر موصوف نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پٹنہ کے دوسرے کانووکیشن سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب کے دوران گورنر نے فارغ التحصیل طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی خدمت، لگن اور دیانتداری کے ساتھ کریں۔طبی اخلاقیات، ہمدردی اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کے مطابق اختراع، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنائیں، لیکن اپنے بنیادی اخلاقی اقدار سے جڑے رہیں۔گورنر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں ایمس پٹنہ طبی تعلیم کے شعبے میں ایک ممتاز اور مثالی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔اس پروقار تقریب میں گورنر کے ہمراہ کئی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں ستیش چندر دوبے مرکزی وزیر مملکت برائے کوئلہ و کان کنی،روی شنکر پرساد رکن پارلیمنٹ (لوک سبھا)۔طارق انور رکن پارلیمنٹ (لوک سبھا)۔ڈاکٹر سدھارتھ دتا گپتا: ممبر انسٹی ٹیوٹ باڈی شامل ہیں۔ تقریب کے دوران اسٹیج پر ایمز پٹنہ کے صدر پروفیسر (ڈاکٹر) رادھا کرشن دھیمان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ای او پروفیسر (بریگیڈیئر) ڈاکٹر راجو اگروال، ڈین (اکیڈمک) پروفیسر (ڈاکٹر) پونم پرساد بھدانی اور رجسٹرار پروفیسر (ڈاکٹر) جیوتی پرکاش کی باوقار موجودگی رہی۔ تمام معززین نے فارغ التحصیل طلبہ کو ان کے روشن مستقبل کے لیے دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ادارے کے صدر پروفیسر (ڈاکٹر) رادھا کرشن دھیمان نے اپنے خطاب میں طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ طبی تعلیم کی اعلیٰ روایات اور اخلاقی طرزِ عمل کو زندگی بھر برقرار رکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈاکٹروں کا بنیادی مقصد مریض پر مبنی خدمت ہونا چاہیے۔نوجوان معالجین ملک کے نظامِ صحت کو مضبوط بنانے میں اپنا سرگرم کردار ادا کریں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر (بریگیڈیئر) ڈاکٹر راجو اگروال نے طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے ایمز پٹنہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں مہارت، حساسیت اور جدت طرازی کو اپنا شعار بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبہ جات کے کامیاب طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ تعلیمی میدان میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو گورنر بہار کے ہاتھوں گولڈ میڈل اور تعلیمی اعزازات سے نوازا گیا، جس سے طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔