پٹنہ، 02 اکتوبر :(اے بی این ) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج اورجا آڈیٹوریم، پٹنہ میں محکمہ فن و ثقافت کے ذریعہ ’’سیوا سنکلپ مہم‘‘ کے تحت منعقدہ ’’سیواسمرن‘‘ پروگرام کاشمع روشن کرکے افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے گزشتہ 25 برسوں کے کارناموں اور اس عرصے میں ملک میں ہونے والی ترقی و تبدیلیوں پر مبنی ایک موسیقی سے آراستہ ڈرامہ پیش کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی تصاویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 25 برسوں میں ہندوستان میں وسیع پیمانے پر تبدیلی آئی ہے۔ یہ تبدیلی ملک کے ترقیاتی سفر کی علامت ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں غریبوں اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم محترم جناب نریندر مودی کی قیادت میں تقریباً 5 کروڑ پکے مکانات فراہم کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ اجولا منصوبہ کے ذریعے غریب خاندانوں کے باورچی خانوں تک گیس کنکشن پہنچائے گئے ہیں۔ بڑے پیمانے پر اجابت خانے تعمیر کرائے گئے ہیں اور آیوشمان کارڈ کے ذریعے غریب خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ بہار میں تقریباً 10 کروڑ لوگوں کو مفت غذائی اجناس فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہار میں بھی ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ پہلے ریاست میں تقریباً 8 ہزار کلومیٹر سڑکیں تھیں، جبکہ اب تقریباً 1.5 لاکھ کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کرائی گئی ہے۔ ریاست میں ایکسپریس وے سمیت سڑکوں کے متعدد اہم منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب کی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال سون، گنڈک اور گنگا ندیوں میں سیلاب کی سطح بلند ترین رہی۔ سیلاب سے متاثرہ لوگوں تک راحتی سامان پہنچانے کا کام مسلسل جاری ہے۔ فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سیلاب متاثرین کو خشک غذائی اجناس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریاستی حکومت سیلاب کے مسئلے کے مستقل حل کی سمت میں کام کرے گی۔ سب سے پہلے کوسی ندی کو قابو میں کرنے کی سمت میں کام کیا جائے گا، اس کے بعد گنگا، سون اور گنڈک ندیوں پر بھی کام کیا جائے گا۔بہار میں آب پاشی کے شعبے میں بھی اہم کام کیے گئے ہیں۔ تقریباً 44 لاکھ ہیکٹر زمین کو سیراب کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کا تاریخی اور شاندار ورثہ رہا ہے۔ بہار نے ملک کو سنہری دور دیا ہے اور اب اس عظمت کو دوبارہ قائم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ریاستی حکومت کی جانب سے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ 700 سرسوتی ودیا نکیتن قائم کیے گئے ہیں۔ تقریباً ساڑھے تین لاکھ بچوں کے لیے رات کے وقت بھی آن لائن اساتذہ کے ذریعے پڑھائی کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کو ایک ساتھ 211 ڈگری کالج کھولے گئے۔ ان کالجوں میں اساتذہ کی تقرری کے لیے آسامیاں نکالی گئیں اور تقریباً 2500 اسسٹنٹ پروفیسروں کی تقرری کا عمل شروع کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے تمام فیڈروں کو شمسی توانائی سے آراستہ کیا جائے گا، جس سے کسانوں کو سستی اور باقاعدہ بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے کیے جا رہے ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کی معلومات گاؤں گاؤں جا کر لوگوں تک پہنچائیں۔ جمہوریت میں عوام سب سے بالاتر ہے۔ یہ جمہوریت ہے، بادشاہت نہیں، یہاں عوام فیصلہ کرتے ہیں۔ جناب نریندر مودی جی نے کام کیا ہے، اسی لیے عوام انہیں بار بار موقع دیتے ہیں۔ جمہوریت میں عوام ہی مالک ہیں۔ عوام ہی فیصلہ کرتے ہیں کہ کرسی پر کون بیٹھے گا۔ جو کام کرے گا، وہی انتخاب جیتے گا۔بہار میں سوشاسن (اچھی حکمرانی) کی حکومت ہے۔ لوگوں کو فوری انصاف فراہم کرنے اور ان کی سہولتوں کے لیے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی کی جاتی ہے۔