گاندھی جی کے سچائی، عدم تشدد اور محبت کے اصولوں کو اپنا کر ترقی یافتہ ہندوستان اور خوشحال بہار کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں: وزیر اعلی
Awaz E Bihar
••4 ویوز•5 منٹ پڑھیں
وزیر اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری نے آج مہاتما گاندھی جی کی 157ویں یومِ پیدائش اور باپو ٹاور کے دوسرے یومِ تاسیس کے موقع پر گردنی باغ واقع باپو ٹاور کی پہلی منزل پر محکمہ تعمیراتِ عمارت کی جانب سے منعقدہ پروگرام کاشمع روشن کر کے افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے باپو ٹاور کے گراؤنڈ فلور پر معروف سیرامک آرٹسٹ پدم شری جناب برہمدیو پنڈت کے تیار کردہ مہاتما گاندھی جی کے نیم قامت مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔ وزیر اعلیٰ نے باپو ٹاور آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لیے آن لائن ٹکٹنگ نظام کا آغاز کیا اور باپو ٹاور کے ذریعہ شائع کردہ رسالہ ’’ستیہ گرہ‘‘ کا اجرا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر مہاتما گاندھی جی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے سچائی، عدم تشدد، محبت اور خدمت کے اصولوں کو اپنی زندگی میں اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی جی سچائی، عدم تشدد اور محبت کے سب سے بڑے علمبردار تھے۔ انہوں نے اپنے نظریات، اخلاقی قوت اور غیر معمولی عزم کے بل بوتے پر ملک کی تحریکِ آزادی کو ایک نئی سمت دی۔ محض ایک دھوتی پہن کر انہوں نے انگریز حکومت کو چیلنج کیا اور ملک کے باشندوں کو آزادی کے لیے متحد کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی زندگی، نظریات، جدوجہد اور ان کے تاریخی سفر کو سمجھنے کے لیے باپو ٹاور ایک اہم مرکز ہے۔ اس یادگار میں باپو کی زندگی کے مختلف مراحل اور ان کی شخصیت کے متنوع پہلوؤں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔ یہ آنے والی نسلوں کو گاندھی جی کے نظریات اور ان کی خدمات سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم محترم جناب نریندر مودی جی ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ محترم جناب نتیش کمار جی نے خوشحال بہار کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے۔ مہاتما گاندھی جی کا بھی خواب تھا کہ ہندوستان عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت قائم کرے اور ترقی و خوشحالی کے نئے باب رقم کرے۔ گاندھی جی کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ترقی یافتہ ہندوستان اور خوشحال بہار کی تعمیر میں ہم سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست میں ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے شعبے میں کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پٹنہ کے کچرے کا سائنسی طریقے سے انتظام کرکے اس سے تقریباً 50 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ریاست میں گرین ہائیڈروجن پالیسی بھی تیار کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی فیڈروں کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے 5,500 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ ایگریکلچر فیڈروں کو شمسی توانائی سے چلانے کی سمت میں بھی کام کیا جا رہا ہے، جس سے کسانوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور توانائی کے شعبے میں حکومت کے اخراجات کو کم کیا جا سکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار آج تعلیم، ثقافت اور ورثے کے میدان میں بھی اپنی منفرد شناخت قائم کر رہا ہے۔ ملک کے مختلف مقامات پر تعمیر کیے جا رہے بین الاقوامی معیار کے میوزیم کے لیے بہار کے ماہرین اور مشیروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ یہ ریاست کی بڑھتی ہوئی مہارت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے شعبے میں اس کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔ بہار کے تمام 38 انجینئرنگ کالجوں میں طلبہ کے لیے محض 10 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ ریاست میں 700 ماڈل اسکول چلائے جا رہے ہیں، جن میں تقریباً 3.5 لاکھ طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان اسکولوں کے طلبہ کو ’’ودھیارتھی ساتھی ایپ‘‘ کے ذریعے 24 گھنٹے آن لائن ٹیوٹر کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے ان کی تعلیم میں مسلسل مدد مل سکے۔ وزیر اعلیٰ نے سابق وزیر اعظم بھارت رتن آنجہانی لال بہادر شاستری جی کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی اور شاستری جی کی زندگی سادگی، راست بازی، فرض شناسی اور ملک کی خدمت کا پیغام دیتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گاندھی جی کے نظریات صرف یاد کرنے کے لیے نہیں، بلکہ انہیں اپنے کردار اور عمل میں اتارنے کے لیے ہیں۔ اس موقع پر ہم سب سچائی، عدم تشدد، صفائی، خدمت اور سماجی ہم آہنگی کے اقدار کو اپناتے ہوئے ملک اور بہار کو بہتر، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا تعاون دینے کا عزم کریں۔ پروگرام سے بی جے پی کے ریاستی صدر و رکن اسمبلی جناب سنجے سراوگی اور محکمہ تعمیراتِ عمارت کے سکریٹری مسٹر پرنو کمار نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ’’پریورتن‘‘ گروپ سے وابستہ فنکاروں نے گاندھی بھجنوں اور لوک گیتوں کی موسیقی سے بھرپور پیش کش کی۔ فنکاروں نے اپنی پیش کش کے ذریعے مہاتما گاندھی جی کے اصولوں، زندگی کی اقدار اور سچائی و عدم تشدد کے پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ محکمہ تعمیراتِ عمارت کے سکریٹری مسٹر پرنو کمار نے وزیر اعلیٰ کو گلدستہ، شال اور مومینٹو پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ پروگرام میں بی جے پی کے ریاستی صدر و رکن اسمبلی جناب سنجے سراوگی، گاندھی وادی مفکر جناب رام جی سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ، محکمہ تعمیراتِ عمارت کے سکریٹری اور باپو ٹاور کی مجلسِ عاملہ کے صدر مسٹر پرنو کمار، باپو ٹاور کے ڈائریکٹر مسٹر ونئے کمار سمیت دیگر معزز شخصیات، گاندھی جی کے پیروکار اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔