پٹنہ، 09 ستمبر:(اے بی این) سال 2027 میں حج پر جانے کے لیے بہار سے 3637 عازمین کا حتمی انتخاب کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس مرتبہ 1111 مزید افراد کو حج پر جانے کا موقع ملا ہے۔ سال 2026 میں ریاست سے 2526 عازمین حج کے لیے گئے تھے۔ آئندہ سال اپریل کے پہلے ہفتے سے سفر حج شروع ہونے کا امکان ہے۔ تاہم مسافروں کی روانگی کے لیے طیاروں کا شیڈول تاحال جاری نہیں کیا گیا۔ محکمہ اقلیتی فلاح سے موصولہ اطلاع کے مطابق بہار کے عازمین حج روانگی پٹنہ ایئر پورٹ کے ساتھ گیا ایئرپورٹ سے بھی ہو گی۔ منتخب عازمین کو کور نمبر جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عازمین حج کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ منتخب مسافروں کو سفر کی پہلی قسط مقررہ وقت کے اندر جمع کرانی ہوگی۔ عازمین حج ملک کے 19 ایئرپورٹس سے روانہ ہوں گے۔سال 2027 میں عازمین حج ملک کے 19 ہوائی اڈوں سے روانہ ہوں گے۔ پٹنہ اور گیا کے علاوہ، ان میں احمد آباد، بنگلورو، چنئی، دہلی، کالی کٹ، کوچی، گوہاٹی، حیدرآباد، اندور، جے پور، کنور، کولکاتہ، لکھنؤ، ممبئی، ناگپور، سری نگر اور وجئے واڑہ شامل ہیں۔ بہار کے عازمین حج کے لیے پٹنہ اور گیا ائر پورٹ سے فلائٹ چلائی جائے گی۔ 15 سال سے کم عمر کے بچوں کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی 65 سال سے زیادہ عمر کے عازمین کے لیے اٹینڈنٹ رکھنا لازمی ہوگا۔ اٹینڈنٹ کے تمام اخراجات متعلقہ مسافر کو برداشت کرنا ہوں گے۔ خواتین بھی حج پر جا سکتی ہیں لیکن ان کے کوور کم از کم چار افراد کا ہونا ضروری ہے۔ منتخب عازمین کو پہلی قسط کے طور پر 1 لاکھ 52 ہزار 300 روپے جمع کرانا ہوں گے۔ اس میں 300 روپے کا پروسیسنگ چارج بھی شامل ہے۔ مسلم آبادی کی بنیاد پر سنٹرل حج کمیٹی بہار کے لیے ہر سال تقریباً 12 ہزار کا حج کوٹہ طے کرتی ہے۔ حالانکہ پچھلے کئی برسوں سے بہار کا کوٹہ پوری طرح سے نہیں بھرا گیا ہے۔ سال 2016 میں سب سے زیادہ 6533 عازمین بہار سے حج پر گئے۔