بند شوگر ملوں کو چالو کرنے و نئی شوگر مل قائم کرنے کا اعلان
Awaz E Bihar••22 ویوز•4 منٹ پڑھیں
موتیہاری، یکم ستمبر:(اے بی این وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے موتیہاری کے مہاتما گاندھی پریکشا گرہ میں کسان سمردھی کانفرنس اور دانشور، محنت کش و سماجی کارکن اعزاز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موتیہاری اور چمپارن کی ترقی کے لیے کئی بڑے اعلانات کئے۔ سب سے اہم اعلان بریارپور ایئرپورٹ کے قریب میڈیکل کالج قائم کرنے کا رہا۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ رادھا موہن سنگھ کی درخواست پر شہر سے دور مجوزہ زمین کے بجائے بریارپور کے قریب زمین دستیاب کرانے کی کوشش کی جائے گی اور اسی مقام پر میڈیکل کالج بنانے کی سمت میں کام کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے موتیہاری میں تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت سے اٹل کلا بھون تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے موتیہاری سے تعلق کے پیش نظر یہ عمارت فنون، ثقافت اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں کے لیے اہم مرکز بنے گی۔ مرکزی ودیالیہ کو بھی شہر کے قریب لانے کی کوشش کی جائے گی۔ سمراٹ چودھری نے کہا کہ بہار میں بند پڑی شوگر ملوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے حکومت کام کر رہی ہے۔ موتیہاری کی پرانی شوگر ملوں کو دوبارہ فعال کرنے کے ساتھ نئی شوگر مل بھی قائم کی جائے گی۔ اس سے چمپارن کے گنے کے کسانوں کو مقامی سطح پر بہتر بازار، گنے کی کھپت اور روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔ چمپارن میں فضائی رابطے کو مضبوط بنانے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رکسول اور والمیکی نگر میں ایئرپورٹ اور مظفرپور ایئرپورٹ کی ترقی پر کام ہو رہا ہے۔ بریارپور میں رات کے وقت بھی ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اے ٹی سی نظام تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک، بجلی، ایئرپورٹ اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے لیے دوسری ریاستوں میں جانے کی ضرورت نہ پڑے، اس کے لیے حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔ طلبہ کو JEE اور NEET کی تیاری کے لیے پٹنہ، دہلی یا کوٹا نہ جانا پڑے، اس مقصد سے تقریباً 700 مراکز پر تین لاکھ بچوں کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کرانے کا منصوبہ ہے۔ ڈیجیٹل ذرائع سے ضرورت پڑنے پر طلبہ کو رات کے وقت بھی اساتذہ کی سہولت دستیاب کرائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے 125 یونٹ مفت بجلی اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں تقریباً 1.90 کروڑ گھریلو بجلی صارفین ہیں، جن میں تقریباً 1.70 کروڑ خاندانوں کا گزشتہ ایک سال سے بجلی کا بل صفر آیا ہے۔ انہوں نے اسے بہار میں تبدیلی کی ایک بڑی شروعات قرار دیا۔طالبات اور خواتین کی حفاظت کے لیے اسکولوں اور کالجوں کے آس پاس ’پولیس دیدی‘ کی تقریباً ایک ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ’خوشحال بہار‘ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اسکیموں کا فائدہ کسی جماعت یا فرد کو دیکھ کر نہیں بلکہ تمام طبقات اور خاندانوں کو یکساں طور پر دیا جا رہا ہے۔ کسان سمردھی اعزاز تقریب میں چمپارن کے پانچ ترقی پسند کسانوں راجیشور کشواہا، رینا دیوی، راج کمار یادو، پرمود کمار کشواہا اور ریتیش کمار کو زرعی شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں شال پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔وزیر اعلیٰ نے رکن پارلیمنٹ رادھا موہن سنگھ کو ان کی 77ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت، رکن پارلیمنٹ رادھا موہن سنگھ، مرکزی وزیر مملکت ستیش چندر دوبے، وزیر پرمود کمار چندروَنشی سمیت متعدد عوامی نمائندے، افسران اور سماجی اداروں کے نمائندے موجود تھے۔