معدنی دولت کا فائدہ بہار کے عوام کی فلاح و ریاست کی ترقی کے لیے ہوگا: سمراٹ چودھری
Awaz E Bihar••38 ویوز•4 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 17 اگست (اے بی این) وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے پیر کو کوئلہ و کان کنی کی وزارت، حکومت ہند کی جانب سے منعقدہ اہم اور اسٹریٹجک معدنی بلاکس کی نیلامی اور این ایم ای ڈی ٹی کی ورکشاپ کا چراغ روشن کرکے افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ مسٹر چودھری نے کہا کہ بہار میں معدنی بلاکس کا سروے کرایا گیا ہے۔ تاریخی اور ثقافتی ورثے کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اسے کسی بھی طرح کا نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 'ترقی یافتہ ہندوستانٗ اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے 'خوشحال بہار‘ کے خواب کو پورا کرنا ہے۔ سال 2005 کے بعد سے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں متعدد ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہوئی ہے۔ بنیادی ڈھانچے کے لیے پتھر سمیت دیگر معدنی عناصر کی ضرورت پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام کے مفاد میں یہاں کے وسائل کا بہتر استعمال کیا جائے گا۔ کئی معدنی بلاکس کے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں اور کئی کی کارروائی جاری ہے۔ ہمارے افسران اس کام میں مصروف ہیں اور ہم نو ماہ میں اس کام کو مکمل کریں گے۔ 44 کوئلہ بلاکس میں سے 28 کوئلہ بلاکس میں سروے کا کام آگے بڑھ چکا ہے۔ 30 ستمبر سے پہلے 30 سے زائد کوئلہ بلاکس الاٹ کر دیے جائیں گے۔ 15 اکتوبر سے بہار میں کان کنی کا کام شروع کرنے کی سمت میں پہل کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کا بجٹ اب 3 لاکھ 47 ہزار کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ بہار میں ترقی کے متعدد اہم کام تیزی سے کیے جا رہے ہیں۔ بہار میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے عوام کے مفاد میں ترقی کو رفتار دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روہتاس میں چونے کے پتھر، اورنگ آباد میں بڑے معدنی ذخائر موجود ہیں، جبکہ جہان آباد اور جموئی میں میگنیٹ کے ذخائر ہیں۔ گیا، بانکا اور بھاگلپور میں بھی معدنیات کے بڑے وسائل موجود ہیں۔ ان تمام وسائل کا بہتر استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات سے حاصل ہونے والی رائلٹی کو بہار کے عوام کے مفاد اور ریاست کی ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ معدنی دولت کا کسی بھی سطح پر غلط استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ریاست میں معدنی مرکز قائم کرنے کے ساتھ نومبر تک 5 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی کوئلہ و کان کنی کے وزیر جی کشن ریڈی سے بھی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستیش چندر دوبے بھی بہار ہی سے تعلق رکھتے ہیں، وہ بھی کافی سرگرم ہیں اور بہار کے مفاد کے لیے کام کر رہے ہیں، جس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیر اعلیٰ مسٹر چودھری نے کہا کہ ریاست میں صنعتوں کے قیام کے لیے سرمایہ کاروں کو مختلف قسم کی مراعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے اپیل ہے کہ وہ کھلے دل سے بہار میں سرمایہ کاری کریں اور بہار کو آگے بڑھانے میں مدد کریں۔ بہار حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے کوئلہ و کان کنی ستیش چندر دوبے نے وزیر اعلیٰ کو سبز پودا، انگ وسترم اور یادگاری نشان پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ پروگرام سے کوئلہ و کان کنی کے وزیر مملکت ستیش چندر دوبے اور وزارت کوئلہ و کان کنی، حکومت ہند کے جوائنٹ سکریٹری قدم سندیپ وی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کان کنی و ارضیات کے وزیر ڈاکٹر پرمود کمار، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، کان کنی و ارضیات محکمہ کے سکریٹری اویناش کمار سنگھ، وزارت کوئلہ و کان کنی، حکومت ہند کے ڈائریکٹر آشیش سکسینہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور معزز شخصیات موجود تھیں۔