یومِ آزادی پر بہار قانون ساز اسمبلی کے آڈیٹوریم میں حبِ الوطنی پر مبنی گروپ گانے کے مقابلے کا شاندار انعقاد
Awaz E Bihar••1 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 15 اگست :80ویں یومِ آزادی کے موقع پر بہار قانون ساز اسمبلی کی توسیعی عمارت کے آڈیٹوریم میں حبِ الوطنی پر مبنی گروپ گانے کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین، بہار قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر پریم کمار اور ڈپٹی اسپیکر نریندر نارائن یادو نے مشترکہ طور پر شمع روشن کر کے کیا۔ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ہم وطنوں کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن انتہائی فخر اور جذبات سے بھرا ہوا ہے۔ ڈاکٹر کمار نے کہا کہ یومِ آزادی کے اس پروقار موقع پر پہلی بار اسمبلی سکریٹریٹ کی خواتین عہدیداروں اور ملازمین کے درمیان حب الوطنی کے نغموں کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ بہار قانون ساز اسمبلی سکریٹریٹ کا یہ اقدام خواتین کی صلاحیتوں اور تخلیقی قابلیت کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ایک معنی خیز کوشش ہے۔ انہوں نے حب الوطنی پر مبنی گیت گانے کے مقابلے کے تمام شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مکمل جوش اور اعتماد کے ساتھ اپنا مظاہرہ کریں اور اسٹیج پر آتے وقت یہ جذبہ رکھیں کہ آپ صرف مقابلے میں حصہ نہیں لے رہی ہیں، بلکہ اپنی گیت کے ذریعے مادر وطن کے تئیں اپنی عقیدت اور قوم کے تئیں اپنے جذبات کا اظہار کر رہی ہیں۔ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر نے اپیل کی کہ اس یومِ آزادی پر سب مل کر عزم کریں کہ اپنے فرائض کو پوری ایمانداری کے ساتھ ادا کریں گے، آئین اور جمہوریت کی قدروں کو مضبوط کریں گے نیز ایک باصلاحیت، خوشحال، ترقی یافتہ اور خود انحصار ہندستان کی تعمیر میں اپنا تعاون دیں گے۔ گورنر مسٹر حسنین نے اس موقع پر کہا کہ حبِ الوطنی کو احترام دینے کے طریقے مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن گیت، رقص اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے قومی جذبے کو بیدار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فوج کے ڈرم اور براس بینڈ کی موسیقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ رونگٹے کھڑے کر دینے والا تجربہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ملک کی فوج کی طرف سے بلند چوٹیوں اور لائن آف کنٹرول پر ترنگا لہراتے ہوئے حبِ الوطنی کو اجاگر کرنے کی ایک حیرت انگیز روایت ہے۔