دھان خرید کا ہدف 35 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ میٹرک ٹن کیا جائے: اشوک چودھری
Awaz E Bihar••5 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 28 ستمبر: (اے بی این ) وزیر خوراک و صارفین تحفظ اشوک چودھری نے مرکزی حکومت سے خریف مارکیٹنگ سیزن 2026-27 کے لیے ریاست میں دھان خرید کا ہدف 35 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی کو خط لکھ کر جلد منظوری دینے کی اپیل کی ہے۔اشوک چودھری نے کہا کہ بہار میں دھان کی پیداوار مسلسل بڑھ رہی ہے، لیکن اس کے مقابلے خریداری کا ہدف کم ہوتا جا رہا ہے۔ 2023-24 میں 133.26 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کے مقابلے خرید کا ہدف 45 لاکھ ٹن تھا، جبکہ 2026-27 میں متوقع پیداوار 154.39 لاکھ میٹرک ٹن ہے، لیکن خرید کا ہدف گھٹا کر 35 لاکھ ٹن کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھان خریدنے کی ریاستی صلاحیت بھی مسلسل مضبوط ہوئی ہے۔ 2025-26 میں مقررہ ہدف کا 99.84 فیصد دھان خریدا گیا، جو ریاست کی بہتر انتظامی صلاحیت کا ثبوت ہے۔وزیر نے مطالبہ کیا کہ خرید کا ہدف گزشتہ تین برسوں کی اوسط خرید کے بجائے ریاست کی متوقع پیداوار اور حقیقی ضرورت کو بنیاد بنا کر طے کیا جائے۔ ان کے مطابق بہار کو ہر سال عوامی تقسیم نظام کے لیے تقریباً 48.87 لاکھ میٹرک ٹن دھان درکار ہوتا ہے۔ ہدف بڑھانے سے زیادہ کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت (MSP) پر اپنی پیداوار فروخت کرنے کا موقع ملے گا اور ریاست چاول کے معاملے میں مزید خود کفیل بن سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر 2026 کو محکمہ خوراک کے سیکریٹری کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں ریاستوں کے لیے دھان خرید کے ہدف کے تعین پر غور کیا گیا تھا۔ موجودہ نظام کے تحت گزشتہ تین برسوں کی اوسط خریداری کی بنیاد پر ہدف طے کیا جاتا ہے، لیکن بہار کے معاملے میں یہ طریقہ ریاست میں مسلسل بڑھ رہی دھان کی پیداوار اور کسانوں کی پیداواری صلاحیت کے مطابق ہدف مقرر کرنے میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار اب مقامی سطح پر اپنی ضرورت کے مطابق دھان خریدنے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے۔ ریاست کی حقیقی ضرورت کے مطابق خرید کا ہدف مقرر کیے جانے سے بہار غذائی اجناس کے معاملے میں مزید خود کفیل بن سکے گا اور دیگر ریاستوں سے چاول منگوانے پر آنے والی اضافی نقل و حمل کی لاگت بھی کم ہوگی۔