شرون کمار جے ڈی یو کے قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب
Awaz E Bihar••9 ویوز•2 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 21 اپریل (اے بی این) جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر شراون کمار کو پارٹی کے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ جے ڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے شراون کمار کو پارٹی قانون ساز پارٹی کا لیڈر مقرر کیا ہے۔ شراون کمار گزشتہ 31 برسوں سے مسلسل نالندہ سے رکن اسمبلی ہیں اور انہیں نتیش کمار کے قریبی ترین رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ پہلی بار 1995 میں ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ جے ڈی یو قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں ارکان اسمبلی نے سابق وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے قومی صدر نتیش کمار کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ پارٹی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کریں، اور اسی کے تحت شراون کمار کا انتخاب عمل میں آیا۔ چند دن پہلے ہی شراون کمار کو وائی پلس سکیورٹی دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ جے ڈی یو کی جانب سے اس کی اطلاع آج بہار اسمبلی کے اسپیکر کو دے دی گئی، جس کے بعد انہوں نے شراون کمار کو جے ڈی یو قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر باضابطہ منظوری دے دی۔ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے بعد وزیر اعلیٰ کا عہدہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حصے میں چلا گیا تھا۔ نئی حکومت میں جے ڈی یو کے حصے میں دو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے آئے، جن پر وجے چودھری اور بیجیندر پرساد یادو فائز ہوئے۔ شراون کمار کے انتخاب پر جے ڈی یو کے رکن اسمبلی منجیت سنگھ نے کہا کہ وہ پارٹی کے نہایت سینئر رہنما ہیں اور ان کی سیاسی تربیت نتیش کمار کے ساتھ ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شراون کمار پارٹی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر نتیش کمار کی پالیسیوں اور سوچ کو آگے بڑھائیں گے۔