سیتا مڑھی میڈیکل کالج اب’ماں سیتا‘ میڈیکل کالج کہلائے گا
Awaz E Bihar••27 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ:( اے بی این) وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں بدھ کو کابینہ کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد کابینہ سکریٹریٹ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند کمار چودھری نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتےہوئے بتایاکہ آج کی میٹنگ میں 20 تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے تکنیک، تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں بڑے فیصلے لیے ہیں۔ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ان فیصلوں سے ریاست میں جدید نظام کو بڑھاوا ملےگا ساتھ شفافیت اور اچھی حکمرانی کو بھی تقویت ملےگی۔ حکومت کی ترجیحات میں ترقی اور ڈیجیٹل سسٹم شامل ہے۔ بہار میں شہری بلدیاتی انتخاب میں اب ای-ووٹنگ ہوسکے گی۔ فضائی آلودگی سے نپٹنے کےلئے پوری ریاست میں 400 اے سی الیکٹرانک بس چلائی جائےگی۔ کابینہ کی میٹنگ میں آج اس تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ کی میٹنگ میں مصنوعی ذہانت یعنی (اے آئی ) کے شعبے میں پیش رفت لانے کےلئے ’ بہار اے آئی مشن‘ کی تشکیل کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے تحت عوامی نمائندگان، عہدیداران اور اہلکاروں کو تربیت دی جائےگی۔ یہ تربیت قومی و بین الاقوامی ادارے کے تعاون سے دی جائےگی۔ اس سے انتظامی امور، مالیاتی مینجمنٹ، زراعت، سماجی فلاح اور سیاحت جیسے شعبہ میں ڈیٹا پر مبنی فیصلے لینے میں مدد ملےگی اور نظام میں شفافیت آئےگی۔ نگر پالیکا انتخاب 2026 میں سینئر شہریوں، معذوروں و باہر رہنے والے ووٹروں کو سہولت دینے کیلئے ای ووٹنگ کا نظم کیاجائےگا۔ اس منصوبے پر تقریبا 31.45 لاکھ روپئے خرچ ہوںگے اور اس کے نفاذ کی ذمہ داری ایک مرکزی تکنیکی ادارے کو دی گئی ہے۔ اس سے پولنگ کاعمل زیادہ آسان اور شفاف ہوسکےگا۔ کابینہ کی میٹنگ میں آج پردھان منتری ای -بس سروس منصوبہ کے تحت بہار کے خاص شہروں میں 400 ایئرکنڈیشن الیکٹرانک بسیں چلانے میں ہونے والے گھاٹے کی بھرپائی کےلئے 517.16 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ پٹنہ میں 150 اور مظفرپور، بھاگلپور، گیا جی، دربھنگہ اور پورنیہ میں 50-50 بسوں کے چلائے جانے کو منظوری دی گئی ہے۔ اس منصوبے کو 12 برسوں تک نافذ کیاجائےگا۔ اس سےآلودگی کم ہوگی اور لوگوں کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولت ملےگی۔ ریاستی کابینہ نے بکسر ، سارن اور ویشالی میں انسداد کٹاؤ امور کےلئے 175 کروڑ روپئے کے منصوبے کو منظوری دی ہے۔ جبکہ سیتامڑھی میں زیر تعمیر میڈیکل کالج و اسپتال کا نام بدل کر ’ماں سیتا میڈیکل کالج اور اسپتال ‘ رکھا گیاہے۔ اسے اب کابینہ کی مہر لگ گئی ہے۔ حکومت نے سیتا مڑھی میں زیر تعمیر گورنمنٹ میڈیکل کالج کا نام تبدیل کر کے اسے 'ماں سیتا' کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کے خصوصی سکریٹری مرنایک داس نے اس فیصلے کے بارے میں بتایا کہ سیتا مڑھی، میتھلا کے علاقے میں واقع ایک انتہائی مقدس اور تاریخی مقام ہے۔اس جگہ کی مذہبی اور تاریخی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومت نے یہاں زیر تعمیر سرکاری طبی کالج کا نام اب 'ماں سیتا میڈیکل کالج اور اسپتال' رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے پٹنہ (شہری) کے صنعتی علاقے میں ہوائی اڈے کے قریب واقع 'بیاڈا کی 1.85 ایکڑ زمین مفت میں ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا ( اے اے آئی) کو منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔ محکمہ صنعت کے سکریٹری کے مطابق، یہ فیصلہ پٹنہ ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور توسیع کے لیے لیا گیا ہے۔کابینہ کے اجلاس میں ریاست میں شہری ترقی، صنعتی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور انتظامی اصلاحات کو مزید موثر بنانے کے لیے کئی دیگر تجاویز پر بھی مہر لگائی گئی۔ ان فیصلوں کا مقصد بہار میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔