عوام میں گمراہ کن معلومات کے پھیلانے سے روکنے کیلئے خصوصی توجہ کی ضرورت : وزیر
Awaz E Bihar••9 ویوز•3 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 8 مئی:(اے بی این ) محکمہ اطلاعات اور رابطہ عامہ کا وزیر شرون کمار نے بدھ کو چارج سنبھال لیا۔ ان کی آمد پر محکمہ کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ اور ڈائریکٹر مسٹر انیل کمار نے سمیت دیگر افسران نے پھولوں کے گلدستہ پیش کر کے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر مسٹر کمار نے کہا کہ وہ ان کو سونپی گئی اہم ذمہ داری کو پوری لگن کے ساتھ نبھائیں گے۔ یہ حکومت کے اہم ترین محکموں میں سے ایک ہے۔ اس محکمے کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ معلومات کی ترسیل اور عوام کو درست معلومات فراہم کرے۔ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو زیادہ سے زیادہ استعمال کر تے ہوئے حکومت کی تمام عوامی فلاحی اسکیموں کی موثر تشہیر کو یقینی بنایا جا ئے۔ ساتھ ہی ان پلیٹ فارم پر پھیلنے والی غلط یا گمراہ کن خبروں کو حقائق کی جانچ پڑتال کر کے سرکاری ہینڈل سے فوری طور پر تردید کی جائے، تاکہ عوام میں کوئی الجھن پیدا نہ ہو۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ محکمہ کی بنیادی توجہ معلومات کی درست اور بروقت ترسیل ہوگی، اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ حکومت کے منصوبوں اور کامیابیوں کے بارے میں درست معلومات عوام تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نتیش کمار کے ذریعہ انہیں سونپے گئے محکمہ کو انہوں نے اب تک کامیابی سے سنبھالا ہے۔انہوں نے بہار کی مثبت شبیہ کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے باہر بھی ریاست کی مثبت شبیہ کو برقرار رکھنے کے لئے جامع اقدامات کئے جائیں گے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، ریڈیو اور سوشل میڈیا ٹولز کو مربوط طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں میں بھی اہم سرکاری اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لیے آخری میل تک معلومات کو پھیلایا جانا چاہیے۔ شرون کمار نے محکمہ کے کام کو مزید موثر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں انسانی وسائل کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ تمام کام بغیر کسی رکاوٹ اور تاخیر کے مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے افسران کو واضح طور پر ہدایت دی کہ وہ معلومات کی ترسیل کو مزید موثر بنانے کے لیے اختراعی ٹیکنالوجی اور تخلیقی طریقوں کا استعمال کریں۔اس موقع پر برولی (گوپال گنج) کے رکن اسمبلی منجیت سنگھ اور پپرا (سپول) کے رکن اسمبلی رام ولاس کامت کے علاوہ محکمہ کے ایڈیشنل سکریٹری راجیو کمار سنگھ، ایڈیشنل سکریٹری ودھو بھوشن چودھری، جوائنٹ ڈائرکٹر روی بھوشن سہائے، او ایس ڈی کماریل ستیانندن اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران اور ملازمین موجود تھے۔