طلبا بہار کے روشن مستقبل کی شناخت ہیں، ریاست کو ترقی یافتہ بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں: سمراٹ
Awaz E Bihar••28 ویوز•6 منٹ پڑھیں
پٹنہ، 9 ستمبر 2026: وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے بدھ کو لوک سیوک آواس کے ’نیک سمواد‘ سبھا گار میں منعقدہ تقریب میں انٹرمیڈیٹ اور میٹرک سالانہ امتحان 2026 کے ٹاپرس میں شامل 168 ہونہار طلبا و طالبات کو نقد انعام، میڈل اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر ٹاپرس کو لیپ ٹاپ خریدنے کے لیے بھی 51 ہزار روپے کی اضافی رقم فراہم کی گئی۔
تقریب کا افتتاح شمع روشن کرکے کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے انٹرمیڈیٹ سائنس کے ٹاپ تین طلبہ آدتیہ پرکاش امن، ساکشی کماری اور سپنا کماری، آرٹس کے ٹاپ چار طلبہ نشو کماری، سدھی شکھا، چندر دیپ کمار اور محمد لکی انصاری، کامرس کی ٹاپ دو طالبات آدتیہ کماری اور ماہی کماری، ووکیشنل کورس کے ٹاپ دو طلبہ پریانشو راج اور انیکا اپادھیائے، جبکہ میٹرک کے ٹاپ تین طلبہ پشپانجلی کماری، صابرین پروین اور ناہید سلطانہ کو اعزاز سے نوازا۔
پہلی پوزیشن پر دو لاکھ، دوسری پر ڈیڑھ لاکھ اور تیسری پوزیشن پر ایک لاکھ روپے دیے گئے۔ انٹرمیڈیٹ میں چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 30 ہزار روپے، جبکہ میٹرک میں چوتھی سے دسویں پوزیشن تک کے طلبہ کو 20 ہزار روپے کی رقم دی گئی۔ تمام اعزاز یافتہ طلبہ کو لیپ ٹاپ خریدنے کے لیے اضافی 51 ہزار روپے بھی فراہم کیے گئے۔
’’168 طلبہ میرے لیے ٹاپر ہیں‘‘
وزیراعلیٰ نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی محنت، صلاحیت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپرس کو لوک سیوک آواس میں مدعو کرکے اعزاز سے نوازنا ان کے لیے بھی اور حکومت کے لیے بھی خاص موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہاں موجود 168 طلبہ میرے لیے ٹاپر ہیں‘‘ اور سبھی کی کامیابی قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹاپرس کو امتحانی نتائج کے کئی ماہ بعد اعزاز دیا جاتا تھا۔ جائزے کے دوران یہ بات سامنے آنے کے بعد افسران کو ہدایت دی گئی کہ آئندہ نتائج جاری ہونے کے ایک ماہ کے اندر ٹاپرس کی اعزاز تقریب منعقد کی جائے، تاکہ طلبہ کو بروقت حوصلہ افزائی مل سکے۔
نالندہ اور وکرم شیلا کی علمی روایت کو آگے بڑھانے کا عزم
سمراٹ چودھری نے کہا کہ بہار کی شناخت قدیم زمانے سے علم و تعلیم کے اہم مرکز کے طور پر رہی ہے۔ نالندہ اور وکرم شیلا جیسے عظیم تعلیمی مراکز اسی سرزمین کی علمی روایت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالندہ یونیورسٹی کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے، جبکہ وکرم شیلا یونیورسٹی کے قیام کی سمت بھی پیش رفت ہو رہی ہے اور اس کے لیے 15 جولائی کو 200 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار کے شاندار تعلیمی ماضی کو جدید سہولیات کے ساتھ جوڑ کر ریاست کو دوبارہ تعلیم کا اہم مرکز بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
700 ماڈل اسکولوں میں جدید تعلیمی سہولتیں
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاست کے 700 سرسوتی ودیا نیکیتن ماڈل اسکولوں میں طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے کوچنگ، لائیو کلاس اور لائیو ٹیچر جیسی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سابق طلبہ سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اسکول اور وہاں زیرتعلیم طلبہ کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
نوجوان ملازمت لینے والے نہیں، روزگار دینے والے بنیں
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا ہدف ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ اور سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار کا عزم ’خوشحال بہار‘ ہے۔ ان مقاصد کی تکمیل میں نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صرف ملازمت حاصل کرنے والے نہ بنیں بلکہ روزگار فراہم کرنے والے بننے کا ہدف مقرر کریں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں اب تک تقریباً ایک ہزار صنعتوں کے لیے زمین فراہم کی جا چکی ہے۔ صنعتی ترقی کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سیلاب کے مستقل حل کی ضرورت
وزیراعلیٰ نے ریاست میں سیلاب کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 38 فیصد کم بارش کے باوجود بہار کو سیلاب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چونکہ ریاست ہر سال سیلاب سے متاثر ہوتی ہے، اس لیے صرف راحت اور بچاؤ کے اقدامات کافی نہیں۔ سیلاب کے مستقل حل کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آبی بہاؤ اور پانی کے چکر کو بہتر اور منظم بنانے کے لیے طویل مدتی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ ہر سال پیدا ہونے والے سیلابی بحران کو مستقل طور پر کم کیا جا سکے۔
’’بہار کی ترقی میں نوجوان اپنا کردار ادا کریں‘‘
سمراٹ چودھری نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنی صلاحیت اور علم کو بہار کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بہار سے باہر رہ کر کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، انہیں اپنی جائے پیدائش کی ترقی میں بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے اعزاز یافتہ طلبہ کو بہار کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف خود کامیابی حاصل کریں بلکہ دوسرے طلبہ کو بھی محنت اور تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے طلبہ سے ریاست کی ترقی کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی دینے کی اپیل کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔
طلبہ اور والدین کے ساتھ وزیراعلیٰ نے کیا ظہرانہ
اعزاز تقریب کے بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے تمام طلبہ اور ان کے والدین کے لیے لوک سیوک آواس میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور دوستانہ ماحول میں ان کے مستقبل کے منصوبوں اور دلچسپیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ طلبہ بھی وزیراعلیٰ سے بے تکلف گفتگو کرتے ہوئے خوش نظر آئے۔
تقریب میں بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم نے وزیراعلیٰ کو سبز پودا اور مومنٹو پیش کرکے استقبال کیا۔ اس موقع پر بورڈ کے کام کاج پر مبنی مختصر فلم بھی دکھائی گئی۔
تقریب سے نائب وزیراعلیٰ وجے کمار چودھری، نائب وزیراعلیٰ بجندر پرساد یادو اور وزیر تعلیم متھلیش تیواری نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیہ امرت، وزیراعلیٰ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ، سنجے کمار سنگھ، محکمہ تعلیم کے سکریٹری راجیو روشن، بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم سمیت متعدد اعلیٰ افسران، طلبہ اور ان کے والدین موجود تھے۔